اردو بلاگ بنانے کے لئے مختلف بلاگنگ سروسز
• مفت کی سروس
• ذاتی ڈومین نیم اور ذاتی ہوسٹنگ
• ذاتی ڈومین نیم کے ساتھ بلاگسپاٹ ڈاٹ کام
مفت کی سروس پر اردو بلاگ بنانا
مفت سروس یہ ہے کہ کئی کمپنیاں بلاگ بنانے کی سہولت مفت میں دیتی ہیں۔ اس کی سب سے بڑی مثال گوگل کا بلاگسپاٹ(blogspot.com) ہے۔ بلاگر اور بلاگسپاٹ ایک ہی سروس کے دو نام ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ مشہور مفت کی سروس یہی ہے۔ اس کے علاوہ مفت کی سروس میں دوسرے نمبر پر ورڈپریس آرگنائزیشن کی ورڈپریس ڈاٹ کام (wordpress.com) آتی ہے۔ گوگل اور ورڈپریس کے علاوہ دیگر کئی کمپنیاں بھی مفت میں بلاگ بنانے سہولت دیتی ہیں، لیکن اس وقت یہی دو کمپنیاں سب سے زیادہ مشہور ہیں۔ ورڈپریس ڈاٹ کام اور بلاگسپاٹ کی موجودہ سہولیات کو مدِنظر رکھتے ہوئے فی الحال اردو بلاگنگ کے لئے بلاگسپاٹ زیادہ بہتر ہے۔ اردو بلاگ بنانے کا مفت اور سب سے آسان طریقہ یہی ہے کہ بلاگسپاٹ پر بلاگ بنایا جائے۔
ڈومین نیم اور ذاتی ہوسٹنگ پر اردو بلاگ بنانا
ویب سائیٹ کا پتہ یعنی ڈومین نیم (Domain Name) اور ہوسٹنگ (Hosting) ایسے ہی ہیں جیسے گھر کا ”پتہ“ اور” گھر“ یعنی ڈومین نیم ”پتہ“ اور ہوسٹنگ ”گھر“۔ جب کسی نے کسی گھر جانا ہوتا ہے تو پہلے اس کا پتہ معلوم کرتا ہے اور پھر وہ پتہ اسے گھر تک پہنچا دیتا ہے۔ ایسے ہی جب کوئی ڈومین نیم اپنے ویب براؤزر میں لکھتا ہے تو وہ ڈومین نیم اسے گھر تک یعنی ہوسٹنگ تک پہنچا دیتا ہے۔ اب ہوسٹنگ ہی اصل جگہ ہوتی ہے جہاں آپ کی ویب سائیٹ کا مواد ہوتا ہے۔
اس طریقے میں آپ اپنے خاص نام کی ڈومین خریدتے ہیں جیسے میں نے mbilalm.com خرید رکھی ہے اور اس کے بعد آپ اپنی ویب ہوسٹنگ بھی خریدتے ہیں۔ یہ بالکل ویسے ہی ہے جیسے آپ اپنی دیگر ویب سائیٹس بناتے ہیں۔ ڈومین نیم اور ہوسٹنگ کا بندوبست کرنے کے بعد ورڈپریس انسٹال کر لیا جاتا ہے اور پھر بلاگ تیار ہو جاتا ہے۔ ورڈپریس آرگنائیزیشن آپ کو اپنی ذاتی ہوسٹنگ پر بلاگ بنانے کے لئے ایک ورڈ پریس سی ایم ایس (WordPress CMS) مفت میں فراہم کرتی ہے۔ یہ سی ایم ایس اس وقت بلاگنگ کے حوالے سے سب سے زیادہ کامیاب اور مشہور سی ایم ایس ہے۔ سی ایم ایس یعنی کانٹینٹ مینجمنٹ سسٹم (Content management system) کو آسان الفاظ میں آپ ویب سافٹ ویئر کہہ سکتے ہیں جو کہ ویب سائیٹ پر انسٹال ہوتا ہے اور پھر چند ایک چھوٹی چھوٹی تبدیلیوں کے بعد آپ کی ویب سائیٹ تیار ہو جاتی ہے۔ یاد رہے ورڈ پریس اپنی ویب سائیٹ ”ورڈپریس ڈاٹ کام“ پر بھی بلاگ بنانے کی سہولت دیتا ہے اور ذاتی ڈومین اور ہوسٹنگ پر بلاگ بنانے کے لئے ”سی ایم ایس“ بھی دیتا ہے۔ اس سی ایم ایس کا نام بھی ورڈپریس ہے۔ یہ بات خاص طور پر ذہن میں رکھنے والی ہے کیونکہ اکثر لوگ ایک ہی نام کی وجہ سے دونوں میں تفریق نہیں کر پاتے۔ خیال رہے ”ورڈپریس سی ایم ایس“ اور ”ورڈپریس ڈاٹ کام“ دو مختلف چیزیں ہیں۔ ذاتی ڈومین نیم اور ہوسٹنگ پر بلاگ بنانے کے بارے میں مزید جاننے کے کے لئے یہاں دیکھیں۔
ذاتی ڈومین نیم کے ساتھ بلاگ سپاٹ ڈاٹ کام پر اردو بلاگ بنانا
یہ طریقہ آج کل بہت مشہور ہو رہا ہے۔ اس طریقے میں صرف ڈومین نیم خریدنا ہوتا ہے اور ہوسٹنگ گوگل کے بلاگسپاٹ والی استعمال کی جاتی ہے۔ فرض کریں اگر میں نے اپنی ڈومین mbilalm.com کے لئے ہوسٹنگ بلاگسپاٹ والی استعمال کرنی ہو تو مجھے اپنی ڈومین نیم کے کنٹرول پینل میں کچھ تبدیلیاں جیسے CNAME اور A-records میں بلاگسپاٹ والا ہوسٹنگ سرور دینا ہو گا۔ اسی طرح بلاگسپاٹ پر بلاگ بنا کر اُدھر Settings میں Custom domain شامل کرنی ہو گی۔ دراصل اس سارے عمل میں ڈومین کو ہوسٹنگ سے اور ہوسٹنگ کو ڈومین سے جوڑا جاتا ہے۔ اس کے بعد بلاگ کو بلاگسپاٹ کے ذریعے ہی کنٹرول کیا جاتا ہے جبکہ بلاگ ذاتی ڈومین نیم سے ہی کھلتا ہے یعنی براؤزر میں ذاتی ڈومین نیم ہی نظر آتا ہے جبکہ اندر کھاتے بلاگسپاٹ چل رہا ہوتا ہے۔
بلاگنگ سروس کے انتخاب کے لئے میرا مشورہ
• اگر آپ ویب سائیٹ کے متعلق تکنیکی معلومات نہیں رکھتے اور آپ ویسے بھی تکنیکی بندے نہیں تو پھر سب سے بہتر یہی ہے کہ بلاگسپاٹ کا انتخاب کریں اور پھر کوئی مناسب سا اردو ٹیمپلیٹ ڈھونڈ کر ادھر اپلوڈ کر لیں۔
• اگر آپ ویب سائیٹ کے متعلق تھوڑی بہت تکنیکی معلومات رکھتے ہیں تو پھر اپنا ذاتی ڈومین نیم خریدیں اور ہوسٹنگ بلاگسپاٹ والی استعمال کر لیں۔
• اگر آپ ویب سائیٹ کے متعلق کافی تکنیکی معلومات رکھتے ہیں تو پھر ڈومین نیم اور ہوسٹنگ خریدیں اور بلاگ بنا لیں۔
• آپ تکنیکی معلومات نہیں رکھتے مگر ذاتی ڈومین چاہتے ہیں تو پھر پیسے خرچیں اور کسی تکنیکی بندے کو کہیں کہ آپ کا بلاگ سیٹ اپ کر دے۔ اس کے بعد آپ خود بلاگ کی دیکھ بھال کریں۔ اگر دیکھ بھال بھی خود نہیں کرنا چاہتے پھر مستقل بنیادوں پر کسی تکنیکی بندے کی سروس حاصل کریں۔
کمپنی یا ادارے وغیرہ کے علاوہ اگر کوئی بندہ اپنا ذاتی بلاگ بے شک کسی سے بنوائے اور اس میں کوئی حرج والی بات نہیں مگر اس کو خود ہی بلاگ کی تحریر لکھنی پڑے گی جبکہ تکنیکی بندہ تحریر شائع کرنے یا بلاگ کے تکنیکی معاملات میں معاونت کرے گا۔ بالفرض تحریر بھی کسی کو پیسے دے کر لکھوائی جائے تو پھر میں یہی کہوں گا کہ وہ بلاگر نہیں بلکہ پیسے دے کر عزت خرید رہا ہے۔
اچھا آرٹیکل ہے خاص طور پر میرے جیسے تھوڑے بہت تکنیکی بندے کے لیے
بالفرض تحریر بھی کسی کو پیسے دے کر لکھوائی جائے تو پھر میں یہی کہوں گا کہ وہ بلاگر نہیں بلکہ پیسے دے کر عزت خرید رہا ہے؟؟ میں کچھ سمجھا نہیں ، بلال بھائی جو خود لکھتا ہے کیا اس کی عزت بنتی ہے؟ یعنی بلاگر اراصل عزت کا دوسرا نام ہے؟
اس سے ہٹ کے بہت معلوماتی تحریر ہے، ہم جیسے نوآموز لوگوں کے لئے آپ کی اس طرح کی رہنمائی بہت ہی مفید رہتی ہے۔
السلام و علیکم! بلال بھائی
میں آج پہلی بار آپ کی ویب سائٹ پر آیا تو مجھے آپ کا اردو بلاگ پسند آیا ۔ میں آپ سے یہ پوچھنا چاہتا ہوں کے اس ویب سائٹ سے آپ کی ماہانہ آمدنی کتنی ہے؟
ماشاءاللہ، جزاک اللہ بلال بھائی
بہت عمدہ تحریر بالخصوص آخری جملہ شاندار
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
میں آپ سے تھوڑا سا مدد لینا چاہتا ہوں کہ آپ مجھے ویب سائٹ بنانا یا اردو بلاگز بنانا براہ راست بتادیں اس کیلئے الگ سے مجھے پوری تفصیل لکھ دیں تاکہ میرے سمجھ میںآجائے۔ ہمارے یہاں بہت کم ہی لوگ جانتے ہیں اردو بلاگز اور ویب سائٹس بنانا۔ ہم آپ کے شکر گذار ہوں گے۔
ناکارہ
محمدابوحذیفہ بستوی
جزاک اللہ بلال بھائی آپ کی تحریر نے کافی رہنمائی فراہم کردی
اسلا م علیکم ، برادر بلا گ سپا ٹ میں نستعلیق نہیں لکھی جا رہی ، پلیز ہیلپ
وعلیکم السلام
اس کے لئے آپ بلاگسپاٹ اردو ٹیمپلیٹ استعمال کریں۔ خاص اردو میں گوگل کریں تو بہت سارے اردو ٹیمپلیٹ مل جائیں گے۔
السلام علیکم!
ذاتی بلاگر، گوگل یا کسی اور کمپنی کے بلاگ میں فرق کیا ہے؟
بلاگر متعارف کیسے ہوگا؟
آپکا آخری جملہ پسند آیا۔۔۔۔۔۔۔
وعلیکم السلام
ذاتی (انفرادی) بلاگ وہ ہوتا ہے جہاں پر فردِ واحد ہی تحریر لکھے۔ اس کے علاوہ کسی گروہ، کمپنی یا ادارے کا بھی بلاگ ہو سکتا ہے جہاں پر وہ لوگ اپنے یا اپنی مصنوعات یا دیگر کام کاج کے متعلق معلومات فراہم کرتے ہیں۔
یہ ایک خوبصورت بلاگ اور ویب سایئٹ ہے۔ میں جوملہ ویب سائیٹذ بناتا ہوں۔ ورڈ پریس کے علاوہ آپ نے جوملہ Joomlaکے لیے کوئی ٹپس یا guidanceنہیں دی ہیں۔ پلیز Joomlaحوالے سے اپنی کوئی تحقیق یعنی Joomla 2.5کا CMS استعمال کرتے ہوئے کیسے اردو بلا گ یا ویب سائیٹ بنائی جائے۔
برائے مہربانی رہنمائی فرمایئں۔
mujhy samjh n arha blog banany ka tareqa plz help meeeeeeeeeeeeeeeeeeeeeee bhai vido dekh kr pak urdu instal kr lia hy magr blog n bnaya jarha istating b n arhe samjh me
آپ کو کہاں سمجھ نہیں آ رہا۔ اس متعلق بتائیں تو اس کی وضاحت کر دیتا ہوں کیونکہ لکھ کر جتنا سمجھا سکتا تھا اتنے کی کوشش کر دی ہے۔