کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر تقریباً ہر جگہ نہایت آسانی سے اردو لکھی جا سکتی ہے۔ چند ایک سافٹ ویئر جیسے کورل ڈرا اور فوٹوشاپ وغیرہ کے علاوہ کسی بھی جگہ اردو لکھنے میں کوئی دشواری نہیں ہونی چاہئے۔ کورل ڈرا اور فوٹوشاپ میں دشواری اس لئے کہا کہ یوں تو ان سافٹ ویئرز میں بھی اردو آسانی سے لکھی جا سکتی ہے بس اردو کے چند فانٹس ان سافٹ ویئرز میں تھوڑا مسئلہ کرتے ہیں۔ لیکن بعض دوستوں کو کسی ٹیکسٹ ایڈیٹر جیسے مائیکروسافٹ ورڈ وغیرہ میں کئی دفعہ اردو لکھنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جیسے اردو لکھتے ہوئے اگر درمیان میں کوئی انگلش کا لفظ لکھا جائے تو تحریر خراب ہو جاتی ہے۔ اردو لکھنے میں دشواری کا مطلب ہرگز یہ نہ لیا جائے کہ مائیکروسافٹ ورڈ اردو کو سپورٹ نہیں کرتا یا پھر اس میں اردو لکھنے کے لئے علیحدہ سے کوئی خاص کام کرنا پڑتا ہے بلکہ مائیکروسافٹ ورڈ میں جیسے انگلش لکھی جاتی ہے بالکل ویسے ہی آسانی سے اردو بھی لکھی جا سکتی ہے۔ یہاں آسانی کے لئے مائیکروسافٹ ورڈ کو مثال کے طور پر استعمال کیا جائے گا جبکہ دیگر سافٹ ویئرز جیسے ایکسل، پاور پوائنٹ، نوٹ پیڈ اور ورڈ پیڈ وغیرہ میں بھی بالکل ایسی یا اس سے ملتی جلتی باتیں ہوتی ہیں۔
سب سے پہلی بات تو یہ کہ ہمارے ہاں زیادہ تر ونڈوز اور مائیکروسافٹ آفس کا انگلش ورژن استعمال کیا جاتا ہے۔ اس لئے جب مائیکروسافٹ ورڈ کھولا جاتا ہے تو انگلش کے مطابق سیٹنگ پہلے سے ہوئی ہوتی ہے۔ اردو لکھنے کے لئے ہمیں سیٹنگ اردو کے مطابق کرنی پڑتی ہیں جوکہ نہایت ہی آسان ہے۔
جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ انگلش بائیں سے دائیں (Left to Right) لکھی جاتی ہے یعنی انگلش لکھتے ہوئے بائیں طرف سے لکھنا شروع کیا جاتا ہے اور دائیں طرف جایا جاتا ہے۔ اردو اس کے بالکل الٹ ہے یعنی اردو لکھتے ہوئے دائیں سے بائیں (Right to Left) جایا جاتا ہے۔ چونکہ مائیکروسافٹ ورڈ کھلنے پر سیٹنگ انگلش کے مطابق ہوتی ہے اس لئے ہمیں اردو لکھنے کے لئے سیٹنگ تبدیل کر کے دائیں سے بائیں کرنی ہوتی ہے یعنی تحریر لکھنے کی سمت تبدیل کرنی ہوتی ہے۔ جس کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ اپنے کی بورڈ سے دائیں طرف کا Ctrl+Shift دبائیں۔ یوں تحریر کی سمت Right to Left ہو جائے گی اور کرسر (Cursor) بھی دائیں طرف ہو جائے گا۔
دراصل ”دائیں“ طرف کا Ctrl+Shift تحریر کی سمت دائیں سے بائیں کرتا ہے اور اسی طرح ”بائیں“ طرف کا Ctrl+Shift سمت کو دوسری طرف یعنی بائیں سے دائیں کرتا ہے۔ بعض دوست Alt+Shift اور Ctrl+Shift میں فرق نہیں کر پاتے اس لئے یہاں ایک بات خاص طور پر ذہن میں رکھ لیں کہ آلٹ شفٹ (Alt+Shift) زبان کی تبدیلی کرتا ہے جبکہ کنٹرول شفٹ (Ctrl+Shift) تحریر کی سمت تبدیل کرتا ہے۔ زبان کی تبدیلی کے لئے ہمیشہ بائیں طرف کا آلٹ شفٹ ہی استعمال ہوتا ہے یعنی انگلش سے اردو اور اردو سے واپس انگلش دونوں کام ایک ہی طرف کے یعنی بائیں طرف کے آلٹ شفٹ سے ہی کیے جاتے ہیں جبکہ تحریر کی سمت اپنی ضرورت کے مطابق دائیں یا بائیں کنٹرول شفٹ سے تبدیل کی جاتی ہے۔
خلاصہ یہ کہ کسی بھی ٹیکسٹ ایڈیٹر میں اردو لکھنے سے پہلے زبان کی تبدیلی تو کرنی ہی ہے لیکن ساتھ ساتھ تحریر کی سمت بھی تبدیل کر لیں۔ اگر آپ کسی دوسری جگہ سے تحریر کاپی کر کے ٹیکسٹ ایڈیٹر میں پیسٹ کر رہے ہیں اور تحریر کی سمت خراب ہو گئی ہے تو تب اس تحریر کو منتخب کر کے Ctrl+Shift دبا کر سمت ٹھیک کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مائیکروسافٹ ورڈ میں تحریر کی سمت Format کی ذیلی فہرست میں سے Paragraph میں جاکر Right to Left بھی کی جا سکتی ہے۔ یاد رہے الائنمنٹ (Alignment) اور سمت (Direction) میں فرق ہے۔ الائنمنٹ کا مطلب ہے کہ تحریر چاہے کسی بھی زبان میں ہے اس کو صفحہ پر فلاں طرف کر دے جبکہ سمت(Direction) کا مطلب ہے کہ یہ تحریر اس زبان میں ہے جو دائیں سے بائیں یا بائیں سے دائیں لکھی جاتی ہے۔ سمت متعین کرنے سے کمپیوٹر کو پتہ چل جاتا ہے کہ یہ زبان کس طرف سے کس طرف لکھی جاتی ہے۔ یوں اگر درمیان میں کوئی دوسری زبان کا حرف یا لفظ آ جائے تو تحریر خراب نہیں ہوتی۔ بہتر ہے کہ اردو لکھتے ہوئے تحریر کی سمت (Direction) دائیں سے بائیں اور الائنمنٹ (Alignment) دائیں طرف کر لیں۔ ویسے عام طور پر جب تحریر کی سمت تبدیل کی جاتی ہے تو الائنمنٹ ساتھ خود بخود تبدیل ہو جاتی ہے اگر الائنمنٹ دائیں طرف نہ ہو اور تحریر بائیں طرف ہی رہے تو پھر الائنمنٹ کے بٹن سے یا پھر مائیکروسافٹ ورڈ میں Format کی ذیلی فہرست میں سے Paragraph میں جا کر Alignment کو Right کر لیں۔
مزید آپ اپنی ضرورت کے مطابق اردو کا کوئی بھی فانٹ استعمال کر سکتے ہیں جیسے”جمیل نوری نستعلیق“ وغیرہ۔ تحریر لکھنے سے پہلے یا لکھنے کے بعد تحریر کو منتخب کر کے فانٹ کی ذیلی فہرست میں سے اردو کا کوئی بھی فانٹ منتخب کر لیں اور اسی طرح تحریر کا سائز بھی اپنی ضرورت اور پسند کے مطابق منتخب کر سکتے ہیں۔ مائیکروسافٹ ورڈ میں فانٹ کی ذیلی فہرست کے علاوہ آپ Format کی ذیلی فہرست میں سے Font میں جا کر Latin text font اور Complex scripts font کی فہرست میں سے بھی فانٹ تبدیل کر سکتے ہیں۔ آسان الفاظ میں یوں ہی سمجھیں کہ Latin text font کا مطلب ہے کہ آپ انگلش کے الفاظ کا کونسا فانٹ رکھنا چاہتے ہیں اور Complex scripts font کا مطلب ہے کہ آپ اردو الفاظ کا کونسا فانٹ رکھنا چاہتے ہیں۔
اچھی کاوش ہے آپ کی ۔
پسند کرنے کا شکریہ۔
بلال بھائی بہت زبردست آرٹیکل لکھا ہے آپ نے :peace:
عدنان بھائی تحریر پسند کرنے کا بہت بہت شکریہ۔
یار ایک مسئلہ ہے۔ وہ یہ کہ لکھتے وقت کرسر بار بار تحریر کے آغاز میں چلا جاتا ہے۔ مثلا اب اس وقت میں بلاگ کے ٹیکسٹ باکس میں لکھ رہا ہوں تو ٹھیک ہے۔ کرسر وہیں رکا ہے جہاں آخری لفظ ٹائپ کیا تھا۔ لیکن ورڈ اور آفس وغیرہ میں ایسا نہیں ہے۔ جونہی ایک لفظ ٹائپ کیا ، کرسر چھال مار کر تحریر کے آغاز میں چلا گیا۔ اس پر بہت کوفت ہوتی ہے۔
سپیس دیتے وقت بھی مسئلہ ہوتا ہے۔ جتنی مرضی سپیس دے لو ، کرسر وہیں کا وہیں ہے۔ الفاظ بھی ایک دوسرے کے بہت قریب قریب رہتے ہیں۔ ان دو مسائل نے بہت تنگ کررکھا ہے۔
مجھے سمجھ نہیں آرہی کہ مائیکروسافٹ ورڈ میں تحریر کی سمت دائیں طرف کے Ctrl+Shift سے Right to Left کرنے اور الائنمنٹ بھی دائیں طرف کرنے کے باوجود اردو لکھتے ہوئے کرسر تحریر کے شروع میں کیوں جا رہا ہے۔ میرے محدود علم کے مطابق تو جب ہم سمت اور الائنمنٹ اردو کے مطابق کر لیتے ہیں تو کم از کم مائیکروسافٹ ورڈ میں ایسا نہیں ہونا چاہئے۔ ویسے آپ مائیکروسافٹ آفس کا کونسا ورژن استعمال کر رہے ہیں؟
رہی بات سپیس کی تو آسان الفاظ میں یوں ہی سمجھیں کہ فانٹ بناتے ہوئے اس میں یہ ڈالا جاتا ہےکہ دو الفاظ کے درمیان کتنا وقفہ ہونا چاہئے۔ چونکہ اردو کے الفاظ بہت قریب رکھنے ہوتے ہیں اس لئے اردو فانٹس میں یہ وقفہ نہایت ہی کم رکھا جاتا ہے۔ ویسے آپ مائیکروسافٹ ورڈ میں زیادہ سپیس دینے کے لئے Tab کا استعمال کر سکتے ہیں۔
ہوتا کچھ ایسے ہے کہ جب میں کوئی لفظ ٹائپ کرتا ہوں تو کرسر اپنی صحیح جگہ پر رہتا ہے۔ لیکن جیسے ہی وہ لفظ مکمل کرکے سپیس دیتا ہوں کرسر لائن کے آغاز میں چلا جاتا ہے۔ سپیس دینے کے بعد جیسے ہی اگلا لفظ ٹائپ کرنے لگتا ہوں تو کرسر خود بخود مناسب مقام پہ آجاتا ہے۔ اب غور کیا جائے تو تحریر لکھنے میں تو کوئی فرق نہیں آتا۔ لیکن کرسر کی اس بیہودہ ڈانس سے سخت کوفت ہوتی ہے۔
محترم میں آپ کا مسئلہ سمجھ گیا ہوں۔ ایسے مسائل کا مجھے بھی سامنا رہ چکا ہے۔ جیسے یاہو میسنجر وغیرہ میں ہوتا تھا لیکن وہاں بھی دائیں طرف کے Ctrl+Shift سے یہ مسئلہ حل ہو جاتا ہے۔
اور ہاں میں آجکل اوپن آفس استعمال کررہا ہوں۔
لیکن مذکورہ مسئلہ میں نے مائیکروسافٹ اور اوپن آفس دونوں میں دیکھا ہے۔
دراصل مذکورہ ٹیکسٹ ایڈیٹر میں روانی سے اردو ٹائپ کرنے والی وہ بات نہیں ہے جو نبیل بھائی کے بنائے ہوئے اس اردو ایڈیٹر میں ہے جو کمنٹ باکس میں لگا رکھا ہے۔ میںچاہتا ہوں کہ سیٹنگ ایسے ہو کہ لکھتے وقت ویسی ہی سہولت ہو جیسا اس وقت یہاں کمنٹ لکھتے وقت ہے۔
جی میل پر ای میل لکھتے وقت بھی مذکورہ مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑتا جن کا میں نے تذکرہ کیا ہے۔ مذکورہ مسائل ان ٹیکسٹ ایڈیٹرز ہی سے منصوب ہیں۔
عثمان بھائی میں اوپن آفس تو نہیں استعمال کرتا لیکن میں نے مائیکروسافٹ ورڈ میں مندرجہ بالا تحریر والے کام کر کے دیکھے ہیں اور ان میں ایسا مسئلہ نہیں آیا جس کا آپ نے ذکر کیا ہے۔ ویسے اگر آپ کے پاس مائیکروسافٹ ورڈ موجود ہے تو ایک دفعہ اس پر تحریر والا طریقہ آزما کر دیکھیں تو مجھے امید کرسر والا مسئلہ نہیں ہو گا۔ مجھے لگ رہا ہے کہ آپ نے پہلے کبھی مائیکروسافٹ آفس میں کرسر والا مسئلہ دیکھا ہوا گا اور اس پر اس تحریر والا کلیہ نہیں آزمایا ہو گا۔ اب آزما کر دیکھیں اگر افاقہ نہ ہو تو پھر بتائیے گا تاکہ میں مزید تحقیق کروں کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے۔ باقی میں آج ہی خود اوپن آفس کو انسٹال کر دیکھتا ہوں کہ اس میں اس چیز کا کیا حل ہے۔
محترم بلال صاحب عرض ہے کہ cofigure text میں دائیں سے بائیں یا بائیں سے دائیں کرنے کیلئے اور بیچ میں انگلش کا لفظ لکھنے کیلئے کیا ترکیب کرنی پڑتی ہے ۔ احسان مند Md.
محترم پہلے تو یہ بتائیں کہ یہ cofigure text سے آپ کی کیا مراد ہے۔ کیا آپ بلاگ کے تھیم کی بات کر رہے ہیں یا یہ کوئی اور چیز ہے؟ ویسے محترم ٹیکسٹ ایڈیٹر جیسے مائیکروسافٹ ورڈ میں اور بلاگ والے ٹیکسٹ ایڈیٹر یا سٹائل میں بہت فرق ہوتا ہے۔ مائیکروسافٹ ورڈ میں یہ چیز ہر کسی کی ضرورت ہے جبکہ بلاگ تھیم وغیرہ میں یہ کام ڈویلپر نے کرنا ہوتا ہے جو کہ بس ایک دفعہ کر دیا اور بات ختم۔
اور ہاں میں نے آپکی درج بالا پوسٹ کے مُطابق M d لکھنے کی کوشش کی تھی جسکا نتیجہ یہ نکلا کہ تحریر بائیں سے دائیں تو ہوگئی ہے لیکن اب دائیں سے بائیں آنے میں انکاری ہے ۔ چاہیں تو میرے بلاگ پر Md لکھی گستاخ لائن کو دیکھیں جو بائیں طرف آنے سے انکاری ہے ۔ احسان مند . Md
“چند ایک سافٹ ویئر جیسے کورل ڈرا اور فوٹوشاپ وغیرہ کے علاوہ ” سے کیا مراد ہے؟
لگتا ہے تم نے یہ “علاوہ” سافٹویئرس پر اردو یونیکوڈ کو چیک نہیں کیا!
اب اپنی اس پوسٹ میں شامل کریں کہ “اردو کو سبھی کے سبھی سافٹویئرس پر لکھ اور پڑھا جاسکتا ہے اور وہ بھی گیارنٹی کی ساتھ۔”
اس سے یہ مراد ہے کہ اردو کے چند فانٹس ان میں ٹھیک کام نہیں کرتے جن کی وجہ سے دشواری ہوتی ہے۔
رہی بات میں یہ لکھوں کہ ”اردو کو سبھی سافٹ ویئرز میں لکھا اور پڑھا جا سکتا ہے اور وہ بھی گارنٹی کے ساتھ“ تو محترم عرض ہے کہ میں ایسا نہیں لکھ سکتا کیونکہ جب مجھے فوٹو شاپ اور کورل ڈرا کے بارے میں دوست سوال کریں گے کہ ان میں ”جمیل نوری نستعلیق“ ٹھیک کام نہیں کر رہا اور لفظ ٹوٹ جاتے ہیں تو پھر میں انہیں کیا جواب دوں گا کہ محترم میری لکھی ہوئی پر نہ جاؤ؟؟؟
ویسے ایک اور عرض ہے کہ میں نے ان سافٹ ویئرز میں اردو کے بارے میں لفظ ”دشواری“ استعمال کیا ہے یعنی اردو لکھی تو جا سکتی ہے مگر کبھی کبھی دشواری ہوتی ہے۔ امید ہے آپ ”لکھنے میں دشواری“ اور ”نہ لکھے جانے میں“ میں فرق سمجھ سکتے ہوں گے۔
ہاں اردو کے چند فانٹس کچھ سافٹویئرس میں ٹھیک کام نہیں کرتے جن کی وجہ سے دشواری ضرور ہوتی ہے پھر بھی اردو یونیکوڈ سبھی سافٹویئرس میں لکھی اور پڑھی جاسکتی ہے ۔
رہی بات فوٹوشاپ اور کورل ڈرا میں ”جمیل نوری نستعلیق“ کے لفظ ٹوٹنے کی، مجھے نہیں پتہ کہ ایسا کیوں ہوتا ہے! کیونکہ میرے ساتھ تو ایسا نہیں ہوتا، یونیکوڈ کے تقریبا سبھی نوری نستعلیق فانٹس گرافک کے اکثر سافٹویئرس (جو میرے استعمال میں ہیں) بغیر لفظ ٹوٹےٹھیک ہی ٹائپ ہوتے ہیں ۔
مسٹر بلال
ماشا اللہ اب تک اردو کے سلسلے میں جو بے لوث خدمات آپ نے سر انجام دی ہیں میں ان کا شکریہ ادا نہیں کر سکتا اللہ آپ کو ہمیشہ خوش و خرم رکھے ۔ آمین
ابو البلال کوئٹہ
میری چھوٹی چھوٹی کاوشیں پسند کرنے کا بہت بہت شکریہ۔
اللہ تعالیٰ آپ کو بے شمار خوشیاں دے۔۔۔آمین
بلال بھا ئ آپ کی بلاگ بہت زبردست اور انفارمیٹو ھیں
بلال بھائی بہت اچھی اور معلوماتی تحریر ہے۔ اردو کو آپ جیسےمحنتی لوگوں کی ہی ضرورت ہے۔ اُمید ہے آپ اسی شوق اور لگن سے گیسوے اُردو سنوارتے رئیں گے۔ اللہ تعالی آپ کے اس شوق کو سلامت رکھے۔ آمین!
کورل ڈرا اور فوٹو شاپ کے حوالے سے آپ کی بات درست ہے۔ اگر ایک دونام لکھنے ہوں تو ٹھیک! ورنہ کام زیادہ ہونے کی صورت میں بہت کوفت اٹھانی پڑتی ہے۔
بھائی میں یہ طریقہ استعمال کیا لیکن کوئی فرق نہیں پڑا.
دراصل ”دائیں“ طرف کا Ctrl+Shift تحریر کی سمت دائیں سے بائیں کرتا ہے اور اسی طرح ”بائیں“ طرف کا Ctrl+Shift سمت کو دوسری طرف یعنی بائیں سے دائیں کرتا ہے۔
Alt+Shift میں استعمال کر تا ہو اور الائنمٹ
بہت مفید اور معلوماتی مضمون ہے ۔
السلام علیکم
بلال بھائی بہت اچھا کام کر رہے ہیں. اس کام کو بند نہ کریں. بلکہ اگر آپ اس موضوع پر لکھنے سے اکتا گئے ہیں تو پھر سلسلہ صرف سوال و جواب کا رکھ دیں تا کہ مجھ جیسے نو آموز فائدہ اٹھا سکیں.
میرا بھی ایک مسئلہ ہے
وہ یہ کہ میں اردو مجلس کے ایڈیٹر میں اور یہاں آپکے ایڈیٹر میں بیک اسپیس استعمال نہیں کر پارہا ہوں. 🙁
محترم میرے پاس تو ایسا کوئی مسئلہ نہیں آ رہا بلکہ بیک سپیس بالکل ٹھیک کام کر رہا ہے۔ شاید آپ کا براؤزر جاوا سکرپٹ ٹھیک طرح لوڈ نہیں کر پا رہا جس کی وجہ سے مسئلہ ہو سکتا ہے کیونکہ یہ اردو ایڈیٹر جاوا سکرپٹ میں ہی بنا ہے۔
میرا ساتھ دوسرا مسئلہ ہے.
بھائی میں یہ طریقہ استعمال کیا لیکن کوئی فرق نہیں پایا.
دراصل ”دائیں“ طرف کا Ctrl+Shift تحریر کی سمت دائیں سے بائیں کرتا ہے اور اسی طرح ”بائیں“ طرف کا Ctrl+Shift سمت کو دوسری طرف یعنی بائیں سے دائیں کرتا ہے۔
Alt+Shift میں استعمال کر تا ہو اور الائنمٹ بھی تحر ر لکھنے کے وقت درست کر لتا ہو.لیکن جب اردو کے ساتھ انگلش لکھتا ہو تو تحرر ادھر ادھر ہوجاتی ہےِ.کیوں؟
محترم جہاں تک مجھے علم اور میرا تجربہ ہے اس کے مطابق تو اگر ہم تحریر کی الائمنٹ اور سمت اردو کے مطابق کر لیں تو پھر کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہئے۔ یاد رہے کہ الائمنٹ اور تحریر کی سمت دو مختلف چیزیں ہیں جن کا تحریر میں بھی ذکر کیا ہے۔ الائمنٹ کرنے سے صرف تحریر صفحہ پر جگہ تبدیل کرتی ہے جبکہ اردو میں انگلش الفاظ لکھنے کے تحریر کی سمت دائیں سے بائیں کرنی ہوتی ہے۔
Alt+Shift تو کمپیوٹر کا موڈ ایک زبان سے دوسری میں تبدیل کرتا ہے۔
اللہ آپ کو جزاے خیر دے-بہت ھی عمدہ اور کار آمد تحریریں ہیں آپکی -کورل ڈرا اور فوٹو شاپ میں تحریر ٹوٹ رہی ہے اس تعلق سے رھنمائ فرمایں-جزاک اللہ
آپ فوٹو شاپ میڈل ایسٹ استعمال کرو میں بھی یہ استعمال کررہا ہوں.اردو کام اچھے سے ہو جاتا ہے1.3 جی بی سائزہے.
ذاتی طور پر میرے لیے یہ بلاگ پوسٹ بہت کارآمد ثابت ہوا، کیونکہ کافی عرصے سے میں اس کوشش میں لگا تھا کہ انگریزی اور اردو ٹیکسٹ ایک ساتھ لکھنے کا گر سیکھ لوں۔ مشکل آسان کرنے کا شکریہ
اسلام و علکےم بہت بہترےن کوش جاری ؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛؛
اسلام و علیکُم۔۔۔! مُحترم بِلال بھائی کورل ڈرا پر مجھے بہت سا کام کرنا ہوتا ہے آپ سے گزارش ہے آپ مجھے ایسے اچھے اچھے فونٹس کے بارے میں بتا دیں
bilal bhai mashalah bht acha kaam, kr rahe han bht khushi hui k ap ne urdu k liye itna khubsurat kaam krne ka aagaz kia ALLAH pak ap ko kamyab kre(AMEEN
وعلیکم السلام
معذرت چاہتا ہوں کیونکہ یہ تبصرہ آج میری نظر سے گذرا ہے۔ خیر آپ اردو فانٹس اردو ویب فانٹ سرور سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
السلام علیکم! سر جی!
میں نے اپنا بلاگ بنایا ہے لیکن وہ انگریزی میں ہے۔ میں اُس کو اردو میں کیسے کنورٹ کروں اور اس سے وہ انگریزی کے پوسٹس کیسے ڈیلیٹ کروں۔
وعلیکم السلام!
بلاگ کو اردو میں کرنے کے لئے اردو تھیم کی ضرورت ہوتی ہے۔ اردو کے تھیم آپ اس لنک سے حاصل کر سکتے ہیں۔
کورل ڈرا میں لفظ ٹوٹ جاتے ہیں کیا کوئی طریقہ ہے اس سے باہر آنے کا
فی الحال کورل ڈرا یونیکوڈ نستعلیق فانٹ کو مکمل طور پر سپورٹ نہیں کرتا اس لئے اس معاملے میں مائیکروسافٹ ورڈ کی مدد کی ضرورت پڑتی ہے۔ اس کے لئے ورڈ پروسسنگ پروگرام سے متن کو ویکٹر گرافکس پروگرام میں لے جانے والا لنک دیکھیں۔
اسلام علیکم
مُحترم بِلال بھائی کیا حال ھے؟ میرے ساتھ ایک مسئلا ھے ۔جب میں کورل میں اردو لکھتا ھو تو کچھ الفاظ سحیح سے نہیں لکھے جاتے مسئلا جب میں لکھتا ھو (کی) تو وہ اس ترح لکھا جاتا ھے (ک ی) جبکہ باقی سب جگہ ٹھیک ھے ۔
السلام وعلیکم! برائے مہربانی یہ بتائیے کہ ورڈ میں “ٹیب” کا بٹن کیسے کام کرے گا؟؟
سر آپ کی کاوش سنہری حروف میں لکھی جائی گی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سبحان اللہ