نومبر 28, 2011 - ایم بلال ایم
45 تبصر ے

آپ کو پاک اردو انسٹالر کا کیا فائدہ؟

پاک اردو انسٹالر بنانے سے پہلے مجھے یہ اندازہ تو تھا کہ لوگوں کو اس کی ضرورت ہے مگر یہ اندازہ نہیں تھا کہ اتنی زیادہ ضرورت ہے۔ یہ سب میرے اللہ کا کرم ہے اور اس کے بعد آپ جیسے دوستوں کی حوصلہ افزائی کا نتیجہ ہے کہ میں پاک اردو انسٹالر بنانے میں کامیاب ہوا۔

خیر میرا اصل موضوع یہ ہے کہ ایک عام کمپیوٹر صارف اور اردو ویب سائیٹوں کے مالکان کو آخر پاک اردو انسٹالر کا کیا فائدہ ہے یا ہو سکتا ہے؟ جیسا کہ آپ جانتے ہوں گے کہ پاک اردو انسٹالرکمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو لکھنے کی سہولت تو فراہم کرتا ہی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ اردو بہتر انداز میں پڑھنے کے لئے اردو کے چند ضروری فانٹس بھی انسٹال کر دیتا ہے۔ یہ ایسے فانٹس ہیں جو عام طور پر اردو ویب سائیٹوں (Websites) اور بلاگوں (Blogs) پر استعمال ہوتے ہیں۔ کسی کمپیوٹر پر پاک اردو انسٹالر انسٹال ہونے کا مطلب ہے ”اس کمپیوٹر میں اردو کے حوالے سے مکمل سپورٹ شامل ہو جانا“۔ اس کے علاوہ پاک اردو انسٹالر انسٹال ہونے کے بعد ڈیسکٹاپ پر ایک آئی کان بنتا ہے جس میں اردو لکھنے کے متعلق تمام امدادی مواد موجود ہوتا ہے تاکہ جو لوگ اردو لکھنے کی طرف نئے آئے ہیں ان کی مکمل رہنمائی ہو سکے اور انہیں کوئی مشکل نہ ہو۔ اس امدادی مواد میں زبان کی تبدیلی سے لے کر اردو کی بورڈ کا خاکہ اور اردو لکھنے کے اصول تک شامل ہیں۔ خلاصہ یہ کہ کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو پڑھنے، لکھنے اور اس بارے میں مکمل رہنمائی کے لئے صرف ایک ہی چیز چاہئے اور وہ ہے ”پاک اردو انسٹالر“۔

پاک اردو انسٹالر کے ذریعے اردو کی مکمل سپورٹ شامل ہونے کی وجہ سے ایک عام کمپیوٹر صارف تمام اردو ویب سائیٹوں کو بالکل ٹھیک پڑھ سکتا ہے اور اس کے علاوہ فیس بک، ٹویٹر اور انٹرنیٹ پر ہر جگہ اردو لکھ سکتا ہے۔ ای میل اور چیٹ بھی اردو میں کر سکتا ہے۔ انٹرنیٹ پر اردو لکھنے کا ایک بہت بڑا فائدہ تب ہوتا ہے جب کچھ تلاش کرنا ہو۔ مثال کے طور پر کسی نے شاعری یا کوئی خبر وغیرہ اردو میں تلاش کرنی ہو تو پھر گوگل یا کسی بھی سرچ انجن میں خاص اردو الفاظ لکھ کر تلاش کرے۔ اس سے تلاش کے بہتر نتائج ظاہر ہوتے ہیں۔ پاکستان میں زیادہ تر لوگ مواد چاہتے تو اردو میں ہیں لیکن وہ صرف اسی وجہ سے اردو مواد تک رسائی حاصل نہیں کر پاتے کیونکہ وہ گوگل وغیرہ میں تلاش کے لئے ”اردو“ کی بجائے ”Roman Urdu“ یا انگلش میں لکھتے ہیں۔ عام طور پر اردو خبریں وغیرہ تلاش کرنے والا سرچ انجن میں News in Urdu یا Urdu Khabrain وغیرہ لکھتا ہے جبکہ اگر وہ ”اردو خبریں“ جیسے الفاظ لکھ کر تلاش کرے تو اسے بہتر نتائج ملیں گے۔ اس کے علاوہ کوئی پرانی خبر، شعر وغیرہ یا کوئی بھی معلومات اگر Roman Urdu کی بجائے خاص ”اردو“ میں تلاش کی جائے تو بہتر نتائج برآمد ہوتے ہیں۔

انٹرنیٹ کے علاوہ کسی فائل یا فولڈر کا نام اور کسی سافٹ ویئر میں بھی آسانی سے اردو لکھ سکتے ہیں۔ جیسے میں نے یہ تحریر پہلے مائیکروسافٹ ورڈ میں لکھی اور پھر یہاں پیسٹ کی ہے۔ اردو لکھنے کے لئے کسی دوسرے سافٹ ویئر کو ہر وقت ساتھ ساتھ چلانے کی ضرورت نہیں بلکہ پاک اردو انسٹالر کے ذریعے اپنے کمپیوٹر کو اردو لکھنے کے قابل بنائیں اور پھر ہر جگہ بالکل انگلش کی طرح آسانی سے اردو لکھیں۔

عام طور پر لوگ اپنی اردو ویب سائیٹ اور بلاگ وغیرہ پر استعمال ہونے والے فانٹ کا لنک دیتے ہیں تاکہ ان کے قارئین فانٹ ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کر لیں اور پھر ان کی ویب سائیٹ/بلاگ بہتر انداز میں پڑھا جا سکے۔ کئی لوگ سوچتے ہیں کہ ایک عام صارف بس اردو فانٹ ہی انسٹال کر لے تو ہمارے لئے کافی ہے جبکہ میں ایسا نہیں سوچتا۔ پاک اردو انسٹالر ایسی چیز ہے جو ویب سائیٹ اور بلاگ وغیرہ کے مالکان کی پہلی ضرورت یعنی ان کا فانٹ تو صارفین کے کمپیوٹر میں انسٹال کرتا ہی ہے لیکن ساتھ ساتھ اردو لکھنے کی سہولت بھی فراہم کر دیتا ہے۔ اگر عام صارفین اردو لکھنے کی طرف آئیں گے تو اس کا سب سے زیادہ فائدہ بھی اردو ویب سائیٹ اور بلاگ وغیرہ کو ہو گا۔ جب انٹرنیٹ پر زیادہ لوگ اردو لکھیں گے تب ویب سائیٹ/بلاگ پر اتنی زیادہ رائے آئے گی۔ ویب سائیٹ اور بلاگ وغیرہ کے مالکان کو عام صارفین کے اردو لکھنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہو گا کہ ان کی ”ویب سائیٹ کی ٹریفک زیادہ“ ہو گی۔ سیدھی سی بات ہے جب عام صارفین گوگل وغیرہ میں خاص اردو الفاظ میں تلاش کریں گے تو تلاش کے نتائج میں انہیں کی اردو ویب سائیٹ نظر آئیں گی۔ ابھی تک عام صارفین کی بہت بڑی تعداد رومن اردو میں لکھ کر تلاش کرتی ہے یوں تلاش کے نتائج میں بھی رومن اردو، تصویری اردو اور انگلش کی ویب سائیٹ نظر آتی ہیں۔ جب لوگ اردو میں تلاش کریں گے تو سرچ انجن بھی اردو کی ہی ویب سائیٹ دکھائیں گے تو ظاہر ہے اردو ویب سائیٹوں کی ٹریفک بڑھے گی۔ ٹریفک بڑھنے سے اشتہارات ملیں گے اورپھر اردو کی ترویج کے ساتھ ساتھ اردو والوں کو کچھ مالی فائدہ بھی ہو گا۔ اس وقت ہمارا مسئلہ یہ نہیں کہ اردو قارئین کم ہیں بلکہ مسئلہ یہ ہے کہ اردو قارئین کو پتہ ہی نہیں کہ اردو بہتر انداز میں پڑھنے کے ساتھ ساتھ ہر جگہ اردو لکھی بھی جا سکتی ہے اور تلاش بھی اردو میں کی جا سکتی ہے۔ اردو قارئین رومن اردو میں تلاش کرتے ہیں اور اردو کی اصل ویب سائیٹوں/بلاگوں کی بجائے کہیں اور نکل جاتے ہیں۔ یوں قارئین بہتر اردو مواد تک نہیں پہنچ پاتے اور اصل اردو کی ویب سائیٹوں کو زیادہ قارئین نہیں مل پاتے۔

عام صارفین اور ویب سائیٹ/بلاگ کے مالکان سے گذارش ہے کہ پاک اردو انسٹالر کو زیادہ سے زیادہ پھیلائیں، لوگوں کو اردو کی اہمیت بتائیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اردو لکھنے کی طرف قائل کریں۔ یوں اردو کی ترویج میں حصہ تو لیں گے ہی لیکن ساتھ ساتھ اپنی ویب سائیٹ/بلاگ پر رائے اور ٹریفک بھی بڑھا سکیں گے۔ اپنی ویب سائیٹوں اور بلاگوں پر پاک اردو انسٹالر کا بینر لگائیں تاکہ لوگوں کو پتہ چلے کہ نہایت آسانی اور صرف چند کلکس سے اردو ویب سائیٹ/بلاگ بالکل ٹھیک انداز میں پڑھے جا سکتے ہیں اور ساتھ ساتھ آسانی سے اردو لکھی بھی جا سکتی ہے۔ لوگوں کو بتائیں کہ اگر ابھی بھی اردو پڑھنے اور لکھنے میں کہیں معمولی سی مشکل ہے تو اس کا حل بھی صرف اسی لئے نہیں ہو رہا کہ اردو والے خود ”اردو“ کی طرف نہیں آ رہے۔ ظاہر ہے جب اردو لکھنے والے زیادہ ہوں گے تو پھر بڑی بڑی ویب سائیٹیں بھی اردو فانٹ شامل کر لیں گی۔

پاک اردو انسٹالر“ کا سب کو جو فائدہ ہو رہا ہے، وہ اپنی جگہ، لیکن اب پاک اردو انسٹالر جہاں تک پہنچے گا ، یہ اپنی ترویج کرنے والوں کی بھی اتنی مشہوری کرے گا۔ پاک اردو انسٹالر انسٹال کرنے کے بعد ڈیسکٹاپ پر جو آئی کان بنتا ہے اس میں ”اردو بلاگر“ اور ”اردو ویب سائیٹ“ کے نام سے لنک شامل کیے ہیں۔ یہ ایسے لنک ہیں جن پر پاک اردو انسٹالر کی ترویج کرنے والوں کی فہرست موجود ہے۔ آپ بھی یہ فہرست دیکھیں اور اگر آپ نے پاک اردوانسٹالر کا بینر لگایا ہوا ہے یا کسی اور ذریعے سے پاک اردو انسٹالر کی ترویج میں حصہ لے رہیں اور آپ کا نام اس فہرست میں موجود نہیں تو اس تحریر پر تبصرہ یا مجھ سے رابطہ کر کےآگاہ کریں تاکہ آپ کا نام بھی شامل کیا جائے۔ یہ ابھی بہت بنیادی قسم کی فہرست ہے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ اس میں بلاگران اور ویب سائیٹوں کی تفصیل، پروفائل اور دیگر کافی کچھ شامل کیا جائے گا۔

آپ بھی اردو کی ترویج میں حصہ لیں۔ پاک اردو انسٹالر کا بینر اپنے بلاگ/ویب سائیٹ پر لگائیں۔ شکریہ


پاک اردو انسٹالر کے اعدادوشمار

آپ کو بتاتا چلوں کہ ایک اندازے کے مطابق پاک اردو انسٹالر اپنی شروعات 15جون2011ء سے اب تک یعنی 28نومبر2011ء تک تقریباً 9000 مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے اور آج کل روزانہ80 سے 100 کے قریب ڈاؤن لوڈ ہوتا ہے اور یہ تعداد دن بدن زیادہ ہو رہی ہے۔ یہ اعدادوشمار میری ویب سائیٹ کے ہیں، باقی جن دوستوں نے ادھر ادھر اپلوڈ کر دیا ہے اس کا کوئی اندازہ نہیں۔ بعض دوست تو ابھی بھی سب سے پہلے ورژن کو ادھر ادھر پھیلا رہے ہیں، جبکہ شروع سے ابھی تک کئی چھوٹی اور کئی بڑی تبدیلیوں کے بعد پاک اردو انسٹالر کے کل 6ورژن جاری کیے جا چکے ہیں۔ اللہ کے فضل سے ابھی تک پاک اردو انسٹالر میں کسی خرابی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ورژن صرف اسے بہتر سے بہتر کرنے کے لئے جاری کیے گئے۔ تازہ ورژن 3.2 میں جمیل نوری نستعلیق فانٹ کے کچھ غلط الفاظ بھی درست کر دیئے گئے ہیں، جیسا کہ ”ب-ی-ت-ے“ جڑ کر لفظ ”بیٹے“ بن جاتا تھا۔ ایک اور گذارش تھی جو کہ میں اکثر کرتا ہوں لیکن کئی دوست ادھر توجہ ہی نہیں دیتے، اگر ہو سکے تو ادھر ادھر کے لنک دینے کی بجائے پاک اردو انسٹالر کی ڈاؤن لوڈنگ کے لئے میرے بنائے ہوئے صفحہ کا لنک دیں یعنی یہ لنک(http://www.mbilalm.com/download/pak-urdu-installer.php)۔ ایک تو یہاں پر آٹھ کے قریب مختلف ڈاؤن لوڈ لنک دیئے ہیں تاکہ اگر ایک لنک میں مسئلہ ہو تو کسی دوسرے سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکے۔ دوسرا جو بھی اس ڈاؤن لوڈ والے صفحہ پر آئے گا اسے تازہ ورژن ہی ملے گا۔ تیسرا اگر کوئی ڈاؤن لوڈ لنک تبدیل ہو جائے تو وہ یہاں پر فوراً تبدیل کر دیا جاتا ہے۔ یہ ایک سدا بہار اور مستقل لنک ہے۔ اس صفحہ کو کھولتے ہی ڈاؤن لوڈنگ خودبخود شروع ہو جاتی ہے۔ اگر کسی مسئلہ کی وجہ سے نہ بھی ہو تو صارفین کے لئے دیگر کئی سہولیات دی گئی ہیں تاکہ جو پاک اردو انسٹالر حاصل کرنا چاہتا ہے وہ اس صفحہ سے خالی ہاتھ نہ لوٹے اور پاک اردو انسٹالر حاصل کر کے ہی جائے۔ پاک اردو انسٹالر کے آٹھ ڈاؤن لوڈ لنک میں انٹرنیٹ کی بہترین ڈاؤن لوڈنگ ویب سائیٹ سی نیٹ اور سافٹ پیڈیا کے لنک بھی شامل ہیں یعنی ان ویب سائیٹ نے پاک اردو انسٹالر کو مکمل ٹھیک پایا اور اپنی ویب سائیٹ پر اپلوڈ کیا۔

اس کے علاوہ پاک اردو انسٹالر کا صفحہ انگریزی اور تصویری اردو میں بنانے کے ساتھ ساتھ کافی سارے بینر اور بٹن بھی بنا دیئے ہیں تاکہ اردو اور پاک اردو انسٹالر کی ترویج میں کسی چیز کی کوئی کمی نہ رہے۔ دوستوں اس حوالے سے میں جو کر سکتا تھا وہ کر دیا ہے اور ان شاء اللہ مزید بھی کرتا رہوں گا، لیکن ساتھ ساتھ آپ بھی جہاں تک ہو سکے اس میں حصہ لیں۔

تمام تعریفیں اللہ کے لئے ہیں۔ وہی بہتر مدد اور صلہ دینے والا ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست 45 تبصرے برائے تحریر ”آپ کو پاک اردو انسٹالر کا کیا فائدہ؟

  1. پاک اردو انسٹالر حقیقت میں‌آپ کا بہت بڑا کارنامہ ہے، پہلے ہمیں تین قسم کی چیزیں انسٹال کرنے کے بعد علیحدہ سے سیٹنگ بھی کرنی پڑتی تھیں اسکے علاوہ بعض اوقات تو ونڈو سی ڈی کا مسئلہ رہتا تھا۔ ۔ اب آپ کے اس سافٹ ویر کی وجہ سے ایک فائل انسٹال کرنی پڑتی ہے اور سب کچھ خود بخوس سیٹ ہوجاتا ہے۔اگر اس سافٹ ویر کی اپ ڈیشن کرنے کا ارادہ ہو تو اس میں دوسرے اہم فانٹ کا بھی اضافہ کردیں، جیسے عربی کے چند اہم اور مشہور فانٹس ہیں۔
    اللہ آپ کو اس سعی پر بہترین جزائے خیر عطا فرمائے۔

    1. میری کاوش پسند کرنے کا بہت بہت شکریہ۔
      رہی بات اہم فانٹ شامل کرنے کی تو پہلے اس لئے شامل نہیں کیے تھے کہ انسٹالر کا حجم بڑھ جائے گا لیکن اب دوستوں کی فرمائش پر عربی، سندھی، بلوچی، پشتو اور دیگر زبانوں کے فانٹ شامل کر کے علیحدہ سے ایک انسٹالر بنانے کا ارادہ ہے لیکن میرا مسئلہ یہ ہے کہ مجھے اردو کے علاوہ کوئی زبان نہیں آتی۔ باقی مقامی زبانوں کے مقامی لوگوں سے رابطہ کیا ہے لیکن لگتا ہے دنیا میں اک میں ہی فارغ ہوں باقی سب کے سب بہت مصروف ہیں۔ خیر اللہ سب بہتر کرے گا۔

  2. جناب یہ آپ کا کارنامہ ہے اور آپ سینہ تان کر فخر کر سکتے ہیں۔
    جو لوگ کی بورڈ پنچ کر سکتے ہیں اور کمپیوٹر استعمال کر رہے ہیں۔میں تو انہیں ترغیب دیتا ہوں کہ اردو میں لکھنا شروع کریں۔
    میرا ارادہ ہے کے یہاں کی کمیونٹی کو ایک بار جمع کر کے پاک اردو انسٹالر کو ڈاون لوڈ کرنا سیکھاوں۔
    یہ نہایت آسان ہے لیکن رومن اردو میں میلز وغیرہ لکھنے والے ابھی تک ڈر رہے ہیں کہ کمپیوٹر پر اردو لکھنا مشکل ہے۔
    ہم سب کو کوشش کرکے ایسے لوگوں کا خوف دور کرنا چاھئے۔تاکہ اپنی زبان نیٹ پر عام ہو۔
    جزاک اللہ

    1. یاسر بھائی یہ تو بڑی زبردست بات ہے کہ آپ اردو کے لئے ورکشاپ کا انتظام کریں۔ یقینا ہمیں اب بلاگوں پر لکھنے سے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے ایسی ورکشاپ کا اہتمام کرنا ہو گا۔ میں اور کچھ دوست اس بارے میں سوچ رہے ہیں۔ کوشش ہے کہ جلد ہی آپ سب بلاگروں کو کم از کم کسی آن لائن بیٹھک میں دعوت دیتے ہیں۔ ایجنڈے کا اعلان اور پھر اس کی تیاری میں یقینا تھوڑا وقت دیا جائے گا تاکہ سب کے سب بلاگران کچھ نہ کچھ اظہارِ خیال ضرور کریں۔

  3. محترم ۔۔۔۔
    اب کوئی دوست اگر اردو لکھنے یا اردو کی بورڈ کے تعلق سے کچھ پوچھنے کی کوشش کرتا ہے تو میں اس سے قبل ہے اسے ” پاک اردو انسٹالر” ڈاؤنلوڈ کرنے کا مشورہ دیتا ہوں اور الحمد للہ بہت ہی کم لوگ ایسے ملتے ہیں جو اس کے بعد بھی زحمت دیتے ہیں :worship: :worship: :worship:

    اللہ تعالی آپ کو جزائے خیر عطا کرے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔آمین

    1. محترم میری کاوش پسند کرنے اور اردو کی ترویج میں حصہ لینے کا بہت بہت شکریہ۔
      اللہ تعالیٰ آپ کو بے شمار خوشیاں دے۔۔۔آمین

  4. آپ کا انسٹالر ہی ہے کہ میں بلاگنگ پر ہوں
    ورنہ اردو اور انپیج پر لکھنا پھر اس کو تصویری شکل میں دینا پھر اس کو اٹیچ کر کے سبمٹ کرنا
    ایک بڑا لمبا چوڑا عمل تھا
    پھر وہ تلاش پر بھی ڈھونڈ نہیں سکتے کے رومن میں کیا ہجے کی جائے اس کی

    اللہ آپ کو مزید اردو کی خدمات کرنے کی توفیق عطا فرمائے

    میرے بلاگ کے لئے کوئی تھیم مل سکتی ہے
    ایسی کہ جیسی آپ کی دیگر تھیمز ہیں

    1. واقعی جی یونیکوڈ کی وجہ سے اب اردو لکھنا بہت آسان ہو گیا ہے۔ ویسے جن مراحل کا آپ نے ذکر کیا، کسی زمانے میں ہم جب ویسے ہی اردو میں ای میل اور باقی سب کچھ کرتے تھے تو تب بھی لوگ بہت حیران ہوتے تھے۔ خیر یہ گئے دنوں کی باتیں ہیں۔
      رہی بات بلاگ کے تھیم کی تو آپ کا بلاگ چونکہ ورڈپریس ڈاٹ کام پر ہے اس لئے آپ وہاں اپنی کوئی تھیم اپلوڈ نہیں کر سکتی۔

  5. بہت خوب۔ بہت اچھا کیا جو تفصیلی مضمون میں ہر طرح کے فوائد لکھ کر عام صارف کے ساتھ ساتھ ویب سائٹس والوں کو بھی اردو انسٹالر کی طرف راغب کر رہے ہیں۔ اردو انسٹالر سے بہتر کوئی بھی حل اس وقت انٹرنیٹ پہ موجود ہے ہی نہیں۔ :star:

    1. بس جی ہم تو تصویر کے سارے رخ سامنے رکھ رہے ہیں تاکہ ویب سائیٹوں والوں کو اندازہ ہو کہ اردو کی ترویج دراصل ان کی اپنی ترویج ہی ہے۔

  6. بلال بھائی میں نے اپنے بلاگ پہ اردو انسٹالر کا لنک لگا رکھا ہے 😉
    ماشاءاللہ آپ کا یہ ایک بہت اہم کارنامہ ہے اور آپ کو انٹرنیٹ پہ اردو کی ترویج کےلئے کام کرنے والوں میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا

    1. جی بالکل آپ نے تو پاک اردو انسٹالر کے بینر کو کافی بہتر اور نمایا جگہ پر لگایا ہوا ہے۔
      اللہ تعالیٰ آپ کو بے شمار خوشیاں دے۔۔۔آمین

  7. بلال بھائی
    اسلام علیکم!
    پاک اردو انسٹالر کا جو کارنامہ آپ نے سرانجام دیا ہے، سب سے پہلے میں اس پر آپ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ اور لوگوں‌ کی طرح مجھے بھی پاک اردو انسٹالر سے بہت فائدہ ہوا، میں نے Joomla میں ایک ویب سائٹ بنائی ہے۔ اب میں اس پر آسانی سے اردو میں‌ پوسٹنگ کررہا ہوں۔
    ابھی میں آپ سے جو با ت کرنے والا ہوں‌۔ میں اس کے لئے ای میل بھی کر سکتا تھا لیکن اردو کے لئے آپ کی خدمات کو دیکھتے ہوئے میں نے اس جگہ پر ہی بات کر نے کو بہتر سمجھا۔
    میں نے جو اپنی ویب سائٹ بنائی ہے اس کےلئے میں نے پا کستان بھر سے باصلاحیت اور اہم افراد سے انٹر ویو کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ اگرمہربانی فرما کر آپ تھوڑا ٹائم دیں تو اپنی ویب سائٹ کے لئے آپ کا انٹرویو کرکے مجھے بہت خوشی ہو گی۔
    نہ ہی میں‌آپ سے پہلے کبھی ملاہوں اور نہ ہی آپ کے بارے میں‌زیادہ جانتا ہوں اس یقین پر آپ کے انٹر ویو کا فیصلہ کیا ہے کہ آپ کا انٹرویو، نوجوان نسل اور اردو کے چا ہنے والوں کے لئے رہنمائی کا باعث بنے گا۔
    آپ کے جواب کا انتظارکروں گا۔ شکریہ
    منیب جو نئیر

    1. وعلیکم السلام منیب جونیئر بھائی!
      میری کاوش پسند کرنے کا بہت بہت شکریہ۔
      رہی بات انٹرویو کی تو محترم میں بہت عام اور دیسی قسم کا انسان ہوں۔ اگر پھر بھی آپ میرا انٹرویو لینا چاہتے ہیں تو بتا دیں کہ انٹرویو لینے کا کیا طریقہ ہو گا؟ میرا مطلب ہے کہ آن لائن ہو گا، فون پر ہو گا یا پھر فیس ٹو فیس۔ ویسے اس سے پہلے ایک دفعہ منظرنامہ نے انٹرویو لیا تھا۔ انہوں نے سوال لکھ کر بھیج دیئے تھے اور میں نے جواب لکھ کر واپس انہیں بھیج دیئے تھے۔

      1. سکول کی مصروفیت کی وجہ سے، دیر سے رابطہ کرنے پر معذرت چاہتا ہوں۔ اس سردیوں کی چھٹیاں‌ ہوئیں تو پھر سے انٹرنیٹ پر آگیا ہوں۔
        منظرنامہ، پر آپ کا انٹرویو پڑھ لیا ہے۔ اس سے مجھے آپ کے انٹرویو کا انٹرو تیار کرنے میں آسانی تو ہو گی لیکن میرے ذہن میں ذرا مختلف قسم کے سوالات ہیں، ابھی تک میں بیس سوالات تیار کر چکا ہوں ہو سکتا ہے کل تک ان میں اور اضافہ ہو جائے۔
        میں‌ چاہتا ہوں کہ آپ کا یہ انٹرویو، سکول اور کالج کے سٹوڈنٹس کے لئے رہنمائی کا باعث بنے۔ میں آپ کو کل انشاءاللہ سوال Email کر دوں گا۔ باقی تفصیل بھی اس کے ساتھ ہی ہوگی۔
        شکریہ

        1. ارے اس میں معذرت والی کوئی بات نہیں کیونکہ تعلیم سب سے پہلے اور باقی کام بعد میں۔ خیر میں کوشش کروں گا کہ آپ کے سوالوں کے ٹھیک اور جلد ہی جواب دے سکوں۔

  8. آپ کا” رب ” آپکو ذہنی ،جسمانی اور مالی پریشانی سے ہمیشہ محفوظ رکھے ۔ (آمین )۔۔۔محترم آپکا بینر میرے بلاگ کے ساتھ بُہت اٹکیلیاں کرتا ہے ۔۔۔ کبھی بلاگ سے اُتر کر کہیں چلا جاتا ہے ۔۔۔ جیسے رُوٹھ گیا ہو ۔۔۔ پھر ایک دو دن بعد بلاگ کی یاد ستاتی ہے تو واپس آجاتا ہے ۔۔۔ جیسے اس وقت بھی روٹھ کر کہیں گیا ہُوا ہے ۔۔۔ آپ چونکہ اِسکے خالق ہیں اس لیے کوئی ایسا گُر بتائیے کہ یہ روٹھ کر کہیں نہ جایا کرے ۔۔۔ میری باتیں ذرا ایسی ہی ہوتی ہیں ۔۔۔خُدا کرے کہ آپکی طبعیت پر گراں نہ گُذرتی ہوں ۔آپکا بُہت شُکریہ ۔۔۔
    احسان مند۔۔۔(ایم۔ ڈی) ۔

    1. محترم بینر اس لئے اٹکلیاں کر رہا ہے کہ کیونکہ پہلے بینر ڈراپ باکس میں اپلوڈ کیے تھے، جس کی وجہ سے ڈراپ باکس جب کام نہیں کرتا تو بینر میں مسئلہ آتا تھا لیکن اب کوڈ تبدیل کر دیا ہے اور بینر گوگل پر اپلوڈ کر دیئے ہیں تاکہ کسی قسم کا مسئلہ نہ ہو۔ آپ بھی اپنے مطلوبہ بینر کا نیا کوڈ شامل کر لیں۔ بینر اور کوڈ کے لئے پاک اردو انسٹالر کے بینر والا صفحہ دیکھیں۔
      باقی آپ کی کوئی بات گراں نہیں گذرتی، اس لئے آپ کھل کر بات کیا کریں۔ ویسے بھی ہم تہذیب کے دائرے میں رہتے ہوئے بات کہہ دینے کی مکمل آزادی کے حق میں ہے۔

  9. آپ کی کاوش تو اپنی جگہ یہ کارنامہ کیا کم ہے آپ نے فردافردا ہر ایک کی بات کا جواب دیا ہے
    میں‌ آفس میں آپ کا ہی انسٹالر استعمال کررہا ہوں۔
    جب میں نیا نیا دفتر میں آیا تھا تو اردو ڈائریکٹ لکھنے کا کوئی تصور ہی نہیں‌تھا۔ لیکن اب ماشاء اللہ بچے سمجھ دار ہوگئے ہیں۔
    آپ کی کاوش لاجواب ہے اور اردو کے لیے آپ کی یہ خدمت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

    1. بس جی کوشش ہوتی ہے کہ ہر ایک کی بات کا جواب دے دیا جائے۔ کئی دفعہ غلطی سے رہ بھی جاتے ہیں یا پھر کچھ ایسی تحاریر ہوتی ہیں جہاں پر جواب نہ دینا ہی بلاگر اور قارئین کے لئے بہتر ہوتا ہے۔ ویسے میرا فلسفہ یہ ہے کہ جب قارئین ہمارے لئے وقت نکال کر تبصرہ/رائے کرتے ہیں تو ہمیں بھی ان کے لئے وقت نکالنا چاہئے اور خلوص سے جواب دینے چاہئیں۔ باقی میری کاوش پسند کرنے کا بہت بہت شکریہ۔
      اللہ تعالیٰ آپ کو بے شمار خوشیاں دے۔۔۔آمین

  10. آپ نے ڈیجیٹل اردوکونئی زندگی عطا کی ہے
    کیا ہی اچھا ہواگر on screen keyboard کا اضافہ بھی کر دیں

    1. شکریہ جناب۔
      ویسے on screen keyboard سے آپ کی کیا مراد ہے؟ کیا آپ چاہتے ہیں کہ بلاگ پر یہ سہولت ہو یا پھر پاک اردو انسٹالر کے ساتھ یہ سہولت دے دی جائے؟ تھوڑی وضاحت کریں تو پھر اس بات پر سوچا جا سکتا ہے۔

  11. عبدالمعیدفاروقی مظفرآبادآزادکشمیر
    السلام علیکم!
    اللہ پاک سے دعاہے پاک اردوانسٹالرپروگرام تشکیل دینے والوں کو دنیاآخرت میں کامیابی عطافرمائے۔جب مئی میں فیس بک استعمال کرنا شروع کیا تو مجھے اس بات کی ضرورت محسوس ہوئی کہ ایک ایساپروگرام ہونا چائیےجسکی مدد سے اردو میں دوست واحباب سے بات چیت ہوسکے۔کافی عرصہ اسکی جستجو رہی پھر اللہ نے میری دلی آرزوکوپوراکیا اورانڈیا سے دوست سے رہنمائی ملی اور میں بھی درینہ خواہش کوحاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔اوراب اس قابل ہوگیا کہ تمام پروگرامزمیں اردو، عربی اور فارسی میں خط و کتابت کرسکتا ہوں۔ بہرحال جو کچھ بھی ہے اسکا اگرذکرنہ کروتو یہ ناشکری ہوگی۔وہ میرے انتہائی مخلص دوست محمدفیضان مغل سیالکوٹی اور Pk Urdu Installer کے حصے میں آتی ہے۔تاحیات پروگرامزاورمذکورہ دوست کے لئے دعاگورہوں گا۔اللہ پاک ان کو ایسے عظیم کارنامے سرانجام دینے کی توفیق عطاکرتارہے۔میرانہیں بلکہ قرآن پاک کافیصلہ ہے۔نیکی کاکام کرنے والوں کوتاقیامت ثواب ملتارہے گا۔اوریہ سوفیصدبھلائی اورنیکی کاکام ہے ۔
    مذیدمعاونت کاطلب گار عبدالمعیدفاروقی :flower:

    1. وعلیکم السلام عبدالمعیدفاروقی صاحب
      میری کاوش پسند کرنے اور اتنے اچھے کلمات کہنے کا بہت بہت شکریہ اور آپ کے دوست محمدفیضان مغل سیالکوٹی کا بھی بہت بہت شکریہ جنہوں نے پاک اردو انسٹالر آپ تک پہنچایا اور اردو کی ترویج میں‌حصہ لیا۔
      اللہ تعالیٰ آپ کو اور آپ کے دوست کو بے شمار خوشیاں دے۔۔۔آمین

  12. محترم بلال بھائی:
    ماشاء اللہ اول روز سے ہی پاک اردو انسٹالر کو استعمال کر رہا ہوں۔اس سے پہلے بھی فونٹ اور فونیٹیک کی بورڈ انسٹال کیا تھا۔ وہ تو ایک قسم کا جنجال تھا فونٹ ایک جگہ ڈھونڈنا تھا تو کی بورڈ دوسری جگہ۔

    لیکن آپکی کی کوشش کو اللہ تعالیٰ قبول کرئے۔کہ ان تمام مسئلوں سے دوستوں کو بے گانہ کیا۔
    حقیقت میں پاک اردو انسٹالر سے اردو کی ترویج میں بہت مدد ملے گی۔میں تو کہتا ہوں کہ اب تو کھلے عام ہم اردو کے لکھنے کیلئے کسی کو دعوت دے سکتے ہیں۔ میں نے اپنے کئی دوستوں کو اسکے بارئے میں بتایا ہے۔کافی دوست حیرانی سے ہمیں دیکھنے لگے کہ یہ کیسا ہوگیا۔ لیکن انکو کیا پتہ کہ بلال ساحب سے اللہ تعالیٰ نے اردو کی خدمت لی ہے۔

    لیکن ایک مسئلہ ہے کہ پتہ نہیں کیوں بعض بلاگر سستی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔انکو اب تک پاک اردو انسٹالر کے بارئے میں پتہ تک نہیں کہ یہ کیا چیز ہے۔

    حیرانی بھی ہوتی ہے اور دکھ بھی ہوتا ہے کہ ایک بندے نے اتنی محنت کرکے انسٹالر بنایا اور دوسرے کو پتہ تک نہیں ۔

    اس بات سے ایک ذہن میں آئی کہ ہمیں ہر عمل اللہ تعالیٰ کی رضاء کیلئے کرنا چاہئے ،کیونکہ مخلوق کا تو رویہ ہی عجیب سا ہے۔

    1. بس جی یہ پاک اردو انسٹالر اللہ کے فضل اور اس کے بعد آپ جیسے دوستوں کی حوصلہ افزائی کا نتیجہ ہے۔
      رہی بات دوسروں کو پتہ نہیں تو جناب میں اور آپ جیسے مخلص دوست احباب سب مل کر تشہیر تو کر رہے ہیں اور امید ہے وقت کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو پتہ چل جائے گا۔ باقی اللہ سب بہتر کرے گا۔

  13. السلام علیکم
    میں تو بس اتنا کہوں گا اس سافٹ ویٕئر کے بغیر میرا کمپیوٹر نامکمل تھا۔ اب اگر کوئی پوچھتا ہے اس جانب کو اس کا رخ کردیتا ہوں۔
    بہت مبارک کے ساتھ بہت ذیادہ شکریہ

  14. جناب اس سوفٹ وئیر سے اگر اردو کر درمیان انگلش لکھنی پڑ جائے تو بہت مشکل ہوتی ہے کیونکہ انگلش کے الفاظ لائن کے شروع میں آجاتے ہیں۔

  15. السلام علیکم بلال
    ماشاءاللہ آپ کا کام دیکھ کر اس قدر خوشی ہوتی ہے کہ بتانا مشکل ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو مزید کامیابیاں عطا فرمائے۔ آمین

    اچھا اب میری ایک فرمائش۔ اینڈرائیڈ سسٹم پر اردو تنصیب کا بھی بتائیے۔ خصوصا گلیکسی 2 ایس پر اردو کیسے پڑھی اور لکھی جائے؟

    1. وعلیکم السلام!
      میری کاوش پسند کرنے اور حوصلہ افزائی کا بہت بہت شکریہ۔
      یوں تو پہلے بھی اینڈرائڈ پر اردو کے بارے میں کبھی کبھی تھوڑی بہت تحقیق کرتا رہتا ہوں لیکن اب آپ کی فرمائش پر یہ کام تیز کر دیا ہے۔ ان شاء اللہ جلد از جلد آپ کو اس کے حل بھی بتاتا ہوں۔

  16. اسلام علیکم بلال بھائی
    کیا حال احوال ہیں بلال بھائی وہ جو ووٹنگ کے لئے ایک مہم چلائی تھی اس کا نتیجہ کہاں گیا کیا فیصلہ ہوا جواب سے ضرور مطلع فرمائیے گا شکریہ

    1. وعلیکم السلام!
      اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ہم مدِمقابل سے بہت زیادہ ووٹ اور تبصرے حاصل کرنے کے باوجود ایوارڈ کے حق دار قرار نہیں پائے۔ خیر جو اس ادارے کی مرضی۔ باقی آپ لوگوں نے جس پیار و محبت سے ووٹ اور تبصرے کیے تھے، وہ میرے لئے اس ایوارڈ سے بھی بڑا ایوارڈ ہے۔

  17. جناب مجھے کچھ زیادہ علم نہیں لیکن پاک اردو کے ذریعے ویب پیج ای میل اور بلاگ نستعلیق میں کرنا اور بنانا ممکن ہے؟
    آپ کی عنایت ہو گی

    1. محترم پاک اردو انسٹالر کیا ہے، اس کی تفصیل اوپر بیان کر چکا ہوں۔ باقی ویب پیج اور بلاگ نستعلیق میں بنانا ایک علیحدہ موضوع ہے۔ جتنا چھوٹا سوال ہے اس کا اتنا ہی لمبا جواب ہے۔ اس پر جلد ہی تحریر لکھتا ہوں۔

  18. اسلام علیکم بلال بھائی!
    مجھے آپکی مدد کی چاھیے۔۔۔۔میں 2009 Inpage استعما ل کررہا ہوں۔ مجھے کچھ نیے فونٹس چا ہیے تھے۔ ڈاوَن لوڈ کرنے کے بعد میں نے فونٹس انسٹال بھی کر لیے ھیں مگر Inpage میں وہ فونٹس لوڈ نہیں ہورہے۔ براےَ مہربانی مجھے بتایں میں کیسے نیے فونٹس استعما ل کر سکتا ہوں۔

  19. پاک اردو انسٹالر سے میرا تعارف گلوبل سائنس کے ذریعے ہوا۔پاک اردو انسٹالر سے پہلے اردو لکھنے کے لئے جی میل استعال کرتا تھا ۔ میں رومن اردو لکھتا اور جی میل اسے اردو میں بدل دیتا۔ لیکن کچھ الفاظ کے لئے خوار کر دیتا۔

    پاک اردو انسٹالر سے زندگی آسان ہو گئ۔ڈیرہ ڈیرہ مہربانی 😀

    پاک اردو انسٹالر بنانے سے آپ اردو کے نیوٹن بن گئے ہیں۔ 😉

  20. اسلام و علیکم! میں آپ کا بہت شکر گزار ہوں کہ آپ نے اردو بلاگنگ کرنے والوں کے لئے اتنی آسانیاں پیدا کی ہیں۔ایک تو آپ کا پلگ ان اور دوسرا پاک اردو انسٹالر،دونوں ہی لاجواب ہیں۔ 😎

  21. السلام علیکم ورحمتہ اللہ و برکاتہ
    اردو زبان کی ترویج اور ترقی کے سلسلے میں موجودہ دور کے تقاضوں کے پیش نظر پاک اردو انسٹالر ایک نہایت اہمیت کا حامل سافٹ ویئر ہے اور اس کے ذریعے اب تک ہزاروں لوگ مستفید ہوئے ہیں اور انشا اللہ ہوتے رہیں گے ۔ تقریبا دو سال قبل میں اس وجہ سے پریشان تھا کہ ای میل اردو میں کیسے کی جائے ؟ یہاں میں یہ بتاتا چلوں کہ میری عمر 59 سال ہے اور میں ایک سرکاری ملازم ہوں ہمارے زمانہ میں دفتروں میں مینول ٹائپ رائٹرز پر کام ہوتا تھا مگر کمپیوٹر کے آجانے سے دفاتر کے کاموں میں بڑی آسانی پیدا ہو چکی ہے۔ یہ اس وقت جو کچھ میں لکھ رہا ہوں یہ پاک اردو انسٹالر کی بدولت کمپیوٹر پرممکن ہوا اللہ جزائے خیر دے بلال بیٹے کو کہ جن کی مثبت سوچ کی بدولت وقت کی ایک بہت بڑی ضرورت آسانی سے مہیا ہو گئی چونکہ ہماراے ملک کی قومی زبان اردوہے اور پورے ملک میں چاہے دیہات ہوں یا شہر اسی اردو زبان کی وجہ سے دیگر مقامی اور علاقائی زبانیں بولنے والے بھی رابط کرتے ہیں اور مختلف زبانوں والے آپس میں اردو ہی کی وجہ سے کاروباری ، سماجی ،معاشرتی ،ٹیکنیکی ، دینی ، دنیاوی اور دیگر تعلیمی اعتبار سے جڑے ہوئے ہیں اور چونکہ آج کے دور میں ہر جگہ ہر معاملے میں زیادہ تر کمپیوٹر ہی ایک ایسا ذریعہ ہے جس کو ان تمام مقاصد کے لیئے فوری پیغام رسانی اور دیگر مواد کے تبادلےکے لیئے استعمال کیا جاتا ہے اس لیئے میں یہ سمجھتا ہوں کہ پاک اردو انسٹالر کا کمپیوٹر پر آنا نہایت ضروری اور وقت کا تقاضا تھا میں اپنے آفس میں صرف پاک اردو انسٹالر کے ذریعے ہی ای میل وغیربڑی آسانی سے بھیجتا ہوں اور اردو کا کام ایم ایس ورڈ پر کرتا ہوں اور میں نے بے شمار لوگوں کو پاک اردو انسٹالر ڈاون لوڈ کروایا جس سے اب وہ بھی آسانی سے اردو کا کام کر رہے ہیں۔ غرضیکہ پاک اردو انسٹالر ہمارے ملک کے عام آدمی کے لیئے بھی بڑا مفید ثابت ہوا ہے۔ اور امید ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ اس میں مزید آسان چیزیں شامل ہوں گی بلال کی طرح ہم سب کی یہ ذمہ داری ہے کہ ہم بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں جو بعد میں آنے والی ہماری ہی نسلوں کے لیئے بے حد فائدے مند ہو گی۔ اور ہمیں اس کا اجر مفت میں ملتا رہے گا۔ جیسے ایک پھل دار درخت لگاتا کون ہے اور کھاتا کون ہے سب کو معلوم ہے اسی طرح میں یہ سمجھتا ہوں کہ آج ہم اس میں اپنا حصہ ڈالیں گےتو کل کو ہمارا وہ حصہ جس کا ہم یہاں تصور نہیں کر سکتے ضرور ملے گا۔ اللہ ہم سب کو اس کار خیر میں نیک نیتی اور اخلاص کے ساتھکام کرنے کی توفیق نصیب فرمائے ۔ خصوصی طور پر بلال کو جس نے اس کی ابتدا ءکی اور اس کا سہرا اس کے سر پر سجا ہے۔ آمین یا رب العاٰلمین۔

تبصرہ تحریر کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *