جانو! چلو منظرباز کے تالاب پر نہانے اور پارٹی میں چلیں۔
نہیں رہنے دو۔ کیا معلوم وہ بھی شکاری ہو اور ہمیں تالاب کا سہانا جھانسا دے کر شکار کر جائے۔
ارے نہیں نہیں۔ اب وہ ایسا نہیں۔ اس نے ہمارے آرام و سکون کے لئے ہی اتنی محنت سے تالاب بنایا ہے اور اس کا دعوت نامہ بھی آیا ہے۔ نہ جانا اچھا نہیں لگے گا۔ تالاب پارٹی میں باقی کئی پرندے بھی آ رہے ہیں۔ خوب ہلہ گلہ ہو گا۔ نہائیں گے، ناچیں گے، گائیں گے۔۔۔
*******
پانیوں کے کنارے کوئی جل ترنگ باجے تو شاید کوئی جل پری برآمد ہو۔ مگر جب تالاب بنا کر جل ترنگ کی بجائے جل تھل کریں گے تو جل پری کی بجائے جل کُکڑی ہی آئے گی۔ ویسے جل ککڑی بھی سوہنی لاگے ہے۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ جل ترنگ اک ساز ہے۔ جو کہ مختلف پیالوں(برتنوں) میں پانی ڈال کر بنایا جاتا ہے۔ اور پھر دو چھوٹی چھوٹی چھڑیاں اک خاص ترتیب سے پیالوں پر مارنے سے موسیقی کے سُر نکلتے ہیں۔
جل پری یعنی پانی کی پری لوک کہانیوں کا ایک افسانوی کردار ہے۔ جس کے متعلق کہا جاتا ہے کہ اس کا نچلا دھڑ مچھلی کا اور اوپری دھڑ حسین عورت کا ہوتا ہے۔ ویسے نکلتے سبھی جل پریوں کی تلاش میں ہی ہیں۔ مگر فطرت اس مجازی کو حقیقی کا روپ دے کر جل ککڑیوں کے پیش ڈال دیتی ہے۔
اور یہ جل ککڑیاں کون ہیں؟ خیر انہیں چھوڑیں اور فی الحال تصویر والی جل کُکڑیاں دیکھیں۔ جل ککڑی یعنی واٹر ہن یعنی پانی کی مرغی اور اس کا انگریزی نام White-breasted waterhen ہے۔ یہ پرندہ جنوب مشرقی اور جنوبی ایشیا میں پایا جاتا ہے۔ ویسے تو مختلف علاقوں کے حساب سے جون تا اکتوبر میں یہ گھونسلہ بناتے ہیں۔ البتہ ہمارے اِدھر بالائی (شمالی) پنجاب کے حساب سے دیکھا جائے تو لگ رہا ہے کہ یہ آج کل میں گھونسلہ بنا کر انڈے دیں گے اور پھر مجھے پوری امید ہے کہ سارا ٹبر ہمارا مہمان بنے گا۔ ویسے وہ کیا خوب نظارہ ہو گا کہ جب ماں کے ساتھ چھوٹے چھوٹے بچے بھی تالاب پر آئیں گے۔ میں تو ان کا تصور کر کے ہی سرور میں ہوں۔ منظرباز کو بھلا اور کیا چاہیئے۔
اگر آپ کی نظر سے پچھلی پوسٹ نہیں گزری تو آپ سوچ رہیں ہوں گے کہ یہ سب کہاں آئیں گے؟ یہ تالاب پارٹی کدھر تھی؟ الجواب: اجی! ہم نے گرمیوں میں پرندوں وغیرہ کے پانی پینے اور نہانے کے لئے ایک تالاب بنانا شروع کیا تھا۔ جس کی ”پروٹوٹائیپ“ تیار ہو چکی ہے۔ پہلے ہی دن بلکہ زیرِ تعمیر تالاب پر ہی پرندے آنا شروع ہو گئے تھے۔ خیر جب تالاب کی شکل کچھ واضح ہوئی تو ہم نے ایک چھوٹی سی پارٹی رکھی تھی۔ جس میں چڑیا، مینا، پائیڈ مینا، کوے، بلبل، واربلر، فاختہ، پرپل سن برڈ، جل ککڑی اور چِلچل خاندان کے سات بھائیوں(بیبلر) نے شرکت کی۔ پارٹی میں تالاب اور اس کا پانی تو تھا ہی، مگر ساتھ ساتھ گندم، باجرہ، سرسوں، پراٹھے، دالیں، تربوز اور خاص الخاص بارک بٹر سے دعوت اڑائی گئی۔ تالاب پارٹی کی تصویریں تو بہت ساری ہیں، فی الحال اس جل ککڑی کو نہاتے دیکھیں۔ باقی تصویریں بھی وقتاً فوقتاً شیئر کرتے رہیں گے۔
اگر آپ فطرت اور جنگلی حیات سے لگاؤ رکھتے ہیں تو پرندوں اور جانوروں کو قید کرنے کی بجائے ان کے لئے پانی اور کھانے کا بندوبست کر کے صدقہ جاریہ کر دیجیئے۔ پرندے خود ہی آپ کے آنگن میں رونقیں بکھیر دیں گے۔ بے زبانوں کی دعائیں ملیں گی۔ آپ کے گھر پر رحمتوں اور نعمتوں کی برسات ہو گی۔ اوپر سے کیڑے مکوڑے اور مچھر وغیرہ قدرتی طریقے سے قابو میں رہیں گے۔ سونے پر سہاگہ یہ کہ ہر دم فطرت کی سریلی آوازیں اور دلکش نظارے آپ کے منتظر ہوں گے۔۔۔ کیا کبھی کسی آزاد پنچھی اور جنگلی جانور کو اپنی موج مستی میں اڑتے، گھومتے پھرتے اور چہچاتے دیکھا ہے؟ دیکھنا اور جائزہ لینا۔ تم پر فطرت کے بڑے راز آشکار ہوں گے۔۔۔
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں