جولائی 29, 2012 - ایم بلال ایم
13 تبصر ے

پریوں کا ریوڑ اور خطرناک رات – پربت کے دامن میں

گذشتہ سے پیوستہ

وہ کسی کا گھر تھا یا کچھ اور بہرحال جب وہاں سے راما کا راستہ معلوم کرنے کے بعد سلیم اور عباس گاڑی میں پہنچے تو سب سے پہلے انہوں نے یہی بتایا کہ ہم ٹھیک طرف جا رہے ہیں۔ گاڑی چل پڑی اور ساتھ ہی بڑے چہک چہک کر بتانے لگے کہ بھلا ہمیں راستہ کس نے بتایا ہے؟ سب لوگ سارا دن سفر کی وجہ سے تھکے ہوئے تھے اور نڈھال اپنی اپنی سیٹوں پر بیٹھے کم اور لیٹے زیادہ تھے۔ کسی نے بھی ان کے سوال کا نوٹس نہ لیا تو وہ خود ہی بول پڑے کہ ہمیں رستہ ”پریوں کے ریوڑ“ نے بتایا ہے۔ پریوں کا ریوڑ؟؟؟ سب کے کان کھڑے ہو گئے۔ میں اور عبدالستار پوری بات بتاؤ، پوری بات بتاؤ، کہتے ہوئے مڑ مڑ کر اس گھر کو دیکھنے لگے، جہاں سے ریوڑ برآمد ہوا تھا۔ جب تجسس کا پیمانہ لبریز ہوا تو میں نے تمام ادب و احترام وادی کی سب سے تاریک کھائی میں پھینکتے ہوئے کہا کہ اب آپ تفصیلی ”بکواس“ فرمائیں گے یا میں گاڑی رکوا کر خود دیکھ آؤں۔ وہ دونوں بول پڑے کہ جب ہم اس گھر کے دروازے پر پہنچیں تو دروازہ کھلا تھا، سامنے کوئی نظر نہیں آرہا تھا مگر اندر سے بہت زور سے ہنسنے کی آوازیں آ رہی تھیں۔ دروازے پر کوئی گھنٹی نہیں تھی اور دروازہ ایسا تھا کہ کھٹکھٹانے سے اندر اطلاع نہیں ہو سکتی تھی تو ہم نے زور سے ”السلام علیکم“ کہا ہی تھا کہ اندر سے پانچ سات پریاں، بغیر سر ڈھانپے اور ننگے پاؤں ”وعلیکم السلام“ کہتی اور دوڑتیں ہمارے پاس آ کھڑی ہوئیں۔ سلیم نے بتایا کہ ایک دفعہ تو میرے پیروں تلے سے زمین بھی نکل گئی کیونکہ آٹھ دس سال پہلے تک تو یہ وہ بستیاں تھیں جہاں پر عورت ذات ایسے رہتی کہ جیسے یہاں پر عورتیں ہیں ہی نہیں۔ مگر اس طرح پریوں کا ریوڑ دیکھ کر میرے تو ہوش ہی اڑ گئے اور مجھے ایک دفعہ لگا کہ یقینا یہ کوئی خواب ہے یا پھر میں کوہ ہمالیہ کی بجائے کوہ قاف پہنچ چکا ہوں۔ بہرحال ہم نے سہمے ہوئے انداز میں پوچھا کہ ہمیں راما جانا ہے اور راستہ نہیں معلوم۔ پریوں کو لگا کہ جیسے یہ دونوں پیدل ہیں اور راستہ بھول کر ہماری سلطنت کے دروازے پر پہنچ آئے ہیں تو گویا وہ اپنی اس سوچ پر زور سے ہنسیں۔ شاید ان کی سوچ کو عباس بھانپ گیا اور بولا کہ ہم گاڑی میں پانچ دس لوگ ہیں اور وہ نیچے اندھیری سڑک پر ہماری گاڑی کھڑی ہے، ہمیں راما جانا ہے، راستہ نہیں معلوم، بس پوچھنے ہی آئے تھے۔ پریوں نے اوپر سے ہی تھوڑا آگے ہو کر نیچے کھڑی گاڑی کو دیکھا اور کہا کہ آپ ٹھیک طرف جا رہے ہیں اور آپ کی گاڑی راما تک چلی جائے گی۔

عباس اور سلیم نے اتنی بات ہی بتائی تھی کہ میں بولا کاش جب پریاں گاڑی کو دیکھنے کے لئے آگے ہوئی تھیں تو تب ہم اوپر دیکھ رہے ہوتے تو ہمیں بھی دیدار کا شرف حاصل ہو جاتا، خیر پریوں نے کہا بھی ہے اور گاڑی پر نظر کرم بھی کی ہے تو پھر یقیناً ہم راما پہنچ ہی جائیں گے۔ ویسے یارو! تم دونوں تو شادی شدہ تھے، بھلا جب پریاں باہر آئیں تھیں تو انہیں کہنا تھا کہ
”وہ کیا ہے کہ ہ ہ ہ ۔۔۔ وہ ہ ہ ہ ۔۔۔ ہم کچھ پوچھنے آئے تھے مگر بھول گئے ہیں، نیچے گاڑی میں ہمارے دوست ہیں، انہیں یاد ہو گا کہ ہم کیا پوچھنے آئے تھے، آپ یہیں ٹھہرو اور کہیں نہ جانا، ہم نیچے گاڑی میں جا کر انہیں بھیجتے ہیں۔“

”کمبختو“ یہ کہہ کر واپس آ جاتے اور مجھے پریوں سے راستہ معلوم کرنے بھیج دیتے، چلو اسی بہانے ہو سکتا ہے کہ کوئی پری اس ”جن“ پر فدا ہی ہو جاتی۔ 🙂 ہا ہا ہا ہا ہا۔۔۔ کر لو گل! او نالائقو، تہانوں نئیں پتہ۔ یہ پریاں صدیوں بعد پرستان سے نکلتی ہیں اور تم لوگوں نے صدیوں بعد ملنے والے اس موقعہ کو بھی ضائع کروا دیا۔ کاش میں خود راستہ معلوم کرنے چلا جاتا۔ اتنے میں گاڑی ایک موڑ مڑی اور وہ گھر وادیوں کی گہرائیوں میں کہیں کھو گیا۔ ہم پل دو پل کے مہمان تھے اور ہماری منزل ”ٹھہرنا“ نہیں۔ ہم ایسے مسافر ہیں جو کہیں تھوڑی دیر راستہ معلوم کرنے جیسا سستا تو سکتے ہیں مگر جلد ہی ہمیں منزل کی طرف چلنا ہوتا ہے۔ یہ راستے کے اتار چڑھاؤ تو آتے ہیں، کہیں آہستہ سے تو کہیں تیزی سے گزرنا ہے اور ان عارضی لمحات کو بھول کرنظر تو بس اپنی منزل پر رکھنی ہے۔ یہاں بھی ایسا ہی ہوا، اِدھر گاڑی موڑ مڑی اُدھر ہم بھول بھی گئے کہ پچھلے موڑ پر کیا ہوا تھا۔ اب ہماری سوچیں راما پر مرکوز تھیں، جہاں خوبصورت سرسبز پہاڑ، پہاڑوں کی چوٹیوں پر چاندنی میں نہاتی برف، نیچے وسیع جنگل، جنگل میں منگل کرتا ہری گھاس والا میدان، میدان کے آس پاس جنگلی پھول، جھرنوں کی صدائیں اوران صداؤں پر جھومتا طلسم تھا۔ جو ہمیں سب کچھ بھولنے پر مجبور کر رہا تھا اور ایک بہت زبردست طاقت والا مقناطیس ہمیں اپنی طرف کھینچ رہا تھا جبھی تو ہم رات کی تاریکی میں بھی سفر کیے جا رہے تھے۔ ایک طرف بلندوبالا پہاڑ تو دوسری طرف ہزاروں فٹ گہری کھائی۔ ٹوٹی سڑک اور سڑک سے گزرتے چھوٹے چھوٹے نالے۔ مگر پھر بھی ہمارا سفر جاری تھا۔

راما کا خوبصورت میدان
راما کا خوبصورت میدان
راما سطح سمندر سے تقریباً 3175 میٹر بلند ہے۔ رات کے تقریباً دس بجے ہم راما پہنچ گئے۔ پہنچ کر معلوم ہوا کہ راما میں پی ٹی ڈی سی موٹل (PTDC Motel) کے علاوہ اب ایک نیا ہوٹل بھی بن چکا ہے۔ ہم گاڑی میں ہی بیٹھے رہے، سلیم اور عبدالرؤف اس کی معلومات لینے گئے تاکہ کیمپنگ کے ساتھ ساتھ ایک کمرہ بھی حاصل کر لیا جائے۔ وہ کیا ہے کہ کمرہ اس لئے لیا جاتا ہے کہ ایک تو کمرے کے ساتھ غسل خانہ ”مفت“ ہوتا ہے دوسرا کوئی دوست خیمے کی بجائے کمرے میں رہنا چاہے تو رہ لے۔

پتہ چلا کہ بلتستا ن کے چیف جسٹس صاحب اس ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے ہیں لہٰذا عام عوام کو کمرہ نہیں مل سکتا۔ یوں ہم کیمپنگ کے لئے کسی اچھی جگہ کا انتخاب کرنے لگے۔ تھوڑی دور سے لڑکوں کے شور شرابے کی آواز آ رہی تھی، ہم اس طرف چل پڑے۔ وہاں پہنچے تو پتہ چلا کہ یہاں تو ”بون فائر“ چل رہا ہے اور دیکھنے میں تو یہ سولہ سترہ سال کے سکول کے بچے لگ رہے تھے مگر تب ہمیں کیا پتہ تھا کہ یہ اصل میں کون ہیں۔ یہ لوگ راما کے خوبصورت میدان کو چھوڑ کر جہاں سے جنگل شروع ہوتا ہے وہاں پر درختوں میں خیمے لگائے ہوئے تھے۔ ہم ادھر پہنچے ہی تھے کہ ان کا استاد ہمارے پاس آیا، تھوڑی بہت سلام دعا اور تعارف ہوا۔ تعارف کے مطابق تو وہ گلگت کے کسی سکول کے بچے تھے اور یہ ان کا استاد ہے۔ استاد کہنے لگا کہ آپ یہیں ہمارے پاس ہی خیمے لگاؤ۔ گپ شپ کرتے ہیں اور بون فائر کے مزے لیتے ہیں۔ پتہ نہیں سب کیوں راضی ہو گئے، شاید اس لالچ سے کہ ہم نے بھی بون فائر کرنا ہے چلو ان کے ساتھ ہوں گے تو لکڑیوں کا بندوبست نہیں کرنا پڑے گا۔ خیر میرا دل تھا کہ ہم راما کے بڑے میدان کے اس پار خیمے لگائیں تاکہ ساری رات برف پوش چوٹیوں سے چاندنی ٹکرا ٹکرا کر ہم تک پہنچے اور روح تک اتر جائے۔ خیمے لگانے بارے میں بحث شروع ہوئی اور یہ ہمارے سفر کی پہلی طویل بحث تھی۔ میں اور عبدالرؤف اس شور شرابے سے دور چاندنی میں خیمے لگانے کے حق میں تھے اور باقیوں میں کوئی خاموش تھا تو کوئی ادھر ہی لگانے کے حق میں تھا۔ خیر سلیم کا خیال تھا کہ ہم ادھر ہی ان بلتیوں کے پاس خیمے لگائیں تو پھر ہم بھی راضی ہو گئے۔ مگر کوئی نہیں جانتا تھا کہ آج رات ہم پر کیا گزرنے والی ہے۔

راما کے جنگل سے گزرتا ہوا راستہ
راما کے جنگل سے گزرتا ہوا راستہ
ماحول کافی سرد ہو چکا تھا اور بہت ٹھنڈ لگ رہی تھی۔ میں گاڑی سے اترنے سے پہلے ہی جیکٹ پہن چکا تھا مگر پیروں میں ابھی بھی کھلی جوتی تھی۔ خیمے لگانے اور ان میں ضروری سازوسامان جیسے سلیپنگ بیگ وغیرہ رکھنے کے بعد میں نے سب سے پہلے بوٹ پہنے۔ اتنے میں وہ بلتی بچے اور ان کا استاد مل بیٹھنے کا دعوت نامہ لے کر آ گئے اور ہم ان کے ساتھ بون فائر میں شریک ہونے چل پڑے۔ صبح سے سفر کر رہے تھے اور بہت تھکاوٹ ہو چکی تھی اس لئے ہمارا خیال تھا کہ تھوڑی دیر موج مستی کرتے ہیں پھر آرام کریں گے۔

ان بلتی بچوں میں سے ایک ڈھول بجا رہا تھا اور باقی شینا یا بلتی زبان میں گاتے ہوئے آگ کے گرد گول دائرے میں ناچ رہے تھے۔ اس طرح کا ناچ اور وہ بھی جنگل میں اوپر سے کسی عجب زبان میں منتر بھی چل رہے ہیں۔ مجھے تو سب عجیب ہی لگ رہا تھا۔ خیر انہوں نے ہمیں بھی ناچنے اور ہلہ گلہ کرنے کی دعوت دی اور پکڑ پکڑ کر دائرے میں شامل کرتے۔ اجی میں ٹھہرا اس معاملے میں شرمیلا، لہٰذا میں تصویر کشی کرتا رہا اور سب سے پہلے سلیم، پھر عباس، عبدالرؤف، عبدالستار اور پھر میر جمال بھی ناچنے لگا۔ ویسے اپنے ان دوستوں کو ایک ساتھ ناچتے ہوئے میں پہلی بار دیکھ رہا تھا اور بہت ہی لطف اندوز ہو رہا تھا کیونکہ انہوں نے ناچنا کیا خاک تھا بس گھوڑے کی طرح ”دولتیاں“ مارتے ہوئے ہاتھ لہرا رہے تھے۔ بہرحال مزہ آ رہا تھا۔ بچوں کا استاد جا چکا تھا اور اب بلتی بچے کچھ کھل ڈل کر باتیں کرنے لگے۔ بلتیوں نے کہا کہ اب آپ اپنی پنجابی میں گانا گاؤ اور سب ناچتے ہیں۔ عباس اور عبدالرؤف نے کمال کر دیا۔ منجی تو منجی تھی پتہ نہیں کہاں کہاں ”ڈانگ“ پھرواتے اور پٹواریوں کے لڑکے سے آنکھیں مرواتے۔ انہوں نے ان بلتیوں کو نرگس کی طرح نچوایا۔

تھوڑا سکون ہوا تو ہم میں سے کسی نے ”اے وطن پیارے وطن“ گنگنایا۔ بس پھر سب شروع ہو گئے اور بات ”زورداری ی ی ی- کھپے“ کے نعروں پر ختم ہوئی۔ بلتیوں کو تو جیسے جوش آ گیا، انہوں نے اپنی مقامی زبان میں کچھ لفظ بولنے شروع کر دیے اور اتنا ناچ کہ بے ہوش ہونے پر آ گئے۔ وہ جو لفظ بول رہے تھے، ہمیں نہیں پتہ تھا کہ ان الفاظ کا مطلب کیا ہے، جب ان سے پوچھا تو وہ کہنے لگے کہ ان کا کوئی مطلب نہیں بس جس طرح آپ اپنی زبان میں ”بلے بلے“ یا ”شاوا شاوا“ کہتے ہیں بالکل اسی طرح ہم اپنی زبان میں کر رہے ہیں۔ خیر کچھ دیر تو ہم بھی انہیں وہ عجب لفظ بولتے اور ناچتے دیکھتے اور یہ سوچتے رہے کہ اس لفظ کا مطلب بلتیوں نے ٹھیک بتایا ہے یا پھر کہیں یہ کوئی گالی تو نہیں یا پھر کہیں یہ کوئی جادو ٹونہ تو نہیں کر رہے۔ خیر اردو لغت کہتی ہے کہ اس لفظ کا مطلب ”پرندوں کی چیں چیں“ ہے۔

راما
راما
کئی گھنٹے ان بلتی بچوں کے عجب عجب الفاظ اور گانے سننے کے بعد رات کے ایک بجے آگ ٹھنڈی ہونے لگی اور ہم نے ان سے اجازت لی کہ ہم سارے دن کے تھکے ہوئے ہیں، اس لئے سونے چلتے ہیں۔ مگر بلتیوں نے کہا کہ نہ جی نہ آج تو ساری رات ہم آپ کی خاطر کریں گے۔ بچوں کو سمجھایا کہ آپ زیادہ سے زیادہ چار پانچ گھنٹے کی مسافت سے آئے ہو اور ہم دو دن سے چلے ہوئے ہیں اور ابھی بھی چودہ گھنٹے کا سفر کر کے آئے ہیں اس لئے سونے جا رہے ہیں۔ خیر ان سے زبردستی ہی جان چھڑائی۔ ہم سب اپنے اپنے خیموں میں چلے گئے۔ ڈرائیوروں نے گاڑی میں ہی سونے کا فیصلہ کیا تھا اور وہ پہلے سے ہی سو رہے تھے۔ ہم سات دوستوں نے تین خیمے لگائے تھے۔ ایک خیمے میں عبدالستار اور میرجمال، ایک میں عبدالرؤف اور نجم اور ایک خیمے میں سلیم، عباس اور میں۔ اچانک ایک خیمے سے آواز بلند ہوئی ”اوئے مر گیا ااا“۔ یہ بالکل اسی طرح کی آواز تھی جو عبدالرؤف نے سفر کے دوران عباس کو دی تھی۔ ادھر ہمارے خیمے سے عباس نے ایسے الفاظ میں جواب دیا کہ مجھے یقین ہی نہیں ہو رہا تھا کہ یہ عباس بول رہا ہے۔ اتنے میں تیسرے خیمے کی دنیا بھی جاگ اٹھی۔ پھر بارود بھرے الفاظ کی ایسی بارش شروع ہوئی کہ ان تین خیموں کے لوگوں کو روندتی ہوئی پتہ نہیں کس کس صدر اور وزیراعظم کے محل تک پہنچی اور پھر تھکاوٹ کی مار مر گئی۔ اِدھر تو خاموشی ہو گئی مگر وہ بلتی تو ابھی تک دور کہیں چیخ چیخ کر وہی لفظ بول رہے تھے۔ ابھی ہمیں نیند آنے ہی لگی تھی کہ ان جنگلیوں (بلتی بچوں) نے ہمارے خیموں کے گرد ”جیگا لالا“ مچا دیا۔ پتہ نہیں کہاں سے سپیشل گلے لگوا کر آئے تھے، جب بولتے تو ایسا لگتا کہ ہمارے کانوں کے ساتھ ساتھ خیمے بھی پھٹ جائیں گے۔ پہلے سوچا کہ ان کو منع کیا جائے مگر عباس نے کہا کہ چپ کر کے لیٹے رہو، بچے ہیں خود ہی تھک کر باز آ جائیں گے۔ مگر ان میں آرام نام کی کوئی چیز نہیں تھی۔ اب وہ ہمارے خیموں کو آگ سمجھ کر اس کے اردگرد ناچ رہے تھے۔

اوہ کوئی جاؤ، ان کے استاد کو بتاؤ کہ ان جنگلیوں کو سمجھائے۔ کوئی ان کا ترلا منت ہی کرو کہ چپ کر جائیں۔ ایک طرف ٹھنڈ تھی جو کہتی تھی کہ آج ہی ہوں اور دوسری طرف ان جنگلیوں کے آگے تو پہاڑ بھی عاجز آ رہے تھے۔ جھرنوں نے خاموشی اختیار کر لی تھی۔ چاند ڈر کر بھاگ چکا تھا۔ درخت بت بنے کھڑے تھے اور ہم اس جنگل میں بے رحم جنگلیوں کی خوراک بنے ہوئے تھے۔ صاف پتہ چل رہا تھا کہ ہماری یہ رات پریوں کے نظارے سے جتنی اچھی شروع ہوئی تھی اس کا اختتام اتنا ہی برا ہونے والا ہے۔

اگلا حصہ:- راما کی حسین صبح – پربت کے دامن میں

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست 13 تبصرے برائے تحریر ”پریوں کا ریوڑ اور خطرناک رات – پربت کے دامن میں

  1. یہاں بھی ہر طرف پریاں اور جل پریاں گھوم پھر رہی ہوتی ہیں لیکن ان کو کوئی مڑ کر بھی نہیں دیکھتا۔ کچھ دن پہلے تو حد ہی ہوگئی ۔میں اور میرے میاں ایک ریسٹورانٹ میں کھانے گئے تو روڈ پر بکنی میں لڑکیاں کھڑی میوزک پر ڈانس کررہی تھیں اور گاڑیاں دھو رہی تھیں۔ میں نے نذیر سے کہا کہ ڈاکٹر صاحب ذرا کھڑکی سے دور بیٹھ جائیے۔ (ذور کا قہقہہ) یہ اردو کا ایل او ایل ہے۔

    1. بلاگ پر تشریف لانے کا بہت بہت شکریہ۔ ویسے اگر ان لڑکیوں کو کوئی مڑ کر بھی نہیں دیکھتا تو پھر ڈاکٹر صاحب کو کھڑکی سے دور ہونے کی زحمت کیوں دی؟ 🙂 کہیں ایسا تو نہیں تھا کہ آپ کی گاڑی کا شیشہ کھلا ہوا تھا اور ”پانی“ اندر آنے کا خطرہ تھا؟ 😀

    1. یعنی میرا سفر نامہ اپنے مقصد میں کامیاب ہو رہا ہے۔ 🙂 وہ کیا ہے کہ سفرنامہ لکھنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ لوگوں میں سیاحت کا شوق پیدا ہو۔ ویسے دل تو ہمارا بھی تھا کہ فیری میڈوز بھی دیکھیں مگر اس کے لئے دن کافی درکار ہیں۔ جو سفر کر کے آئے ہیں اس پر بھی نو دس دن لگ گئے تھے۔

  2. لبنی مرزا صاحبہ! جن پریوں کا آپ نے ذکر کیا ہے ان میں اور بلال کی بتائی ہوئی پریوں میں وہ ہی فرق ہے جو چشمے کے گنگناتے شفاف قدرتی ٹھنڈے پانی اور اور ایک صاف ستھری پٹ بوتل کے فیکٹری بند منرل واٹر میں ہوتا ہے۔
    بلال صاحب! مندرجہ ذیل لائنوں کے لیے بہت سی واہ واہ!!
    “جھرنوں نے خاموشی اختیار کر لی تھی۔ چاند ڈر کر بھاگ چکا تھا۔ درخت بت بنے کھڑے تھے اور ہم اس جنگل میں بے رحم جنگلیوں کی خوراک بنے ہوئے تھے”

    1. شکریہ عباس صاحب۔ بس آپ واہ واہ اور تنقیدی جائزہ لیتے رہے تو ہم بھی لکھنے کے قابل ہو جائیں گے۔ باقی پریوں والی بات پر مثال زبردست دی ہے۔

  3. فیری میڈو تو تب واقعی پریوں کی چراہ گاہ تھی، 1995 میں، اب سنا ہے ادھر بھی کوئی ہوٹل شوٹل بن گیا ہے، کچھ پلاسٹک اور ٹن بکھرا ہوتا ہے، تب تو صرف سبزہ اور چھوٹے چھوٹے پھول ہوتےتھے، آپ کا سفرنامہ پھر سے ادھر جانے کی خواہش جگا رہا ہے۔

    1. ڈاکٹر صاحب سب سے پہلے تو تشریف آوری کا بہت بہت شکریہ۔ باقی ہم نے بھی سنا ہے کہ وہاں ایک دو عدد ہوٹل بن گئے ہیں۔ کچھ ہمارے ملک میں سیاحت پر کوئی توجہ نہیں دیتا، کچھ حضرت انسان جہاں بھی پہنچتا ہے حسن برباد کر دیتا ہے۔ ویسے پروگرام ہے کہ اگلے سال فیری میڈوز جائیں، دیکھیں کیا ہوتا ہے۔

  4. یار، میں سفرنامہ پر تبصرے کے بجائے صرف پڑھنے پر توجہ دیتا ہوں۔
    پر یہ جو لفظ آپ کو بلتی سکھا گئے ہیں، کسی گلگتی کے سامنے مت بول دینا۔

تبصرہ تحریر کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *