جیسے جیسے انٹرنیٹ کی دنیا میں مواد زیادہ ہوتا گیا، ویسے ویسے مواد کی آسان اور بہتر تلاش کا رحجان بڑھتا گیا۔ آج وہ وقت ہے کہ جب انٹرنیٹ کا بہت زیادہ استعمال ہو رہا ہے اور اگر انٹرنیٹ سے تلاش کی سہولت ختم کر دی جائے تو یہ لاچار ہو کر رہ جائے گا۔ تلاش کے حوالے سے گوگل (Google)سب سے آگے اور مشہور ہے۔ جب گوگل اس میدان میں اترا، تب سرچ انجن اور انٹرنیٹ سے متعلقہ دیگر سہولیات فراہم کرنے کے معاملے میں یاہو اور ایم ایس این (مائیکروسافٹ نیٹ ورک) انٹرنیٹ کی دنیا پر چھائے ہوئے تھے۔ گوگل بعد میں آیا اور دوسروں سے آگے نکل گیا۔ سرچ انجن کے ساتھ ساتھ صارفین کو دیگر کئی ایک بہتر، منفرد اور مفت سہولیات فراہم کرکے گوگل دن بدن چھاتا ہی چلا گیا۔ آج انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی زندگی میں گوگل کا بڑا عمل دخل ہو چکا ہے اور اس کے بغیر انٹرنیٹ ادھورا لگتا ہے۔ اب تو لوگ انٹرنیٹ پر تلاش کرنے کے عمل کو بھی گوگل کہنے لگے ہیں۔ جیسے اگر کسی نے کہنا ہو کہ فلاں چیز انٹرنیٹ پر تلاش کر لو تو اب وہ کہتا ہے کہ فلاں چیز گوگل کر لو۔ اور تو اور گوگل کی بہترین اور معیاری تلاش کی بدولت اس پر کئی کارٹون اور لطیفے بھی بن چکے ہیں۔ مثلاً بیوی شوہر سے کہتی ہے کہ ہمارا بچہ کہیں گم گیا ہے تو شوہر جواب دیتا ہے کہ پریشان مت ہو، ابھی گوگل پر تلاش کر لیتے ہیں۔ ایک سروے کے مطابق انٹرنیٹ صارفین کی ایک بڑی تعداد تو ایسی بھی ہے جو گوگل کو ہی انٹرنیٹ سمجھتی ہے۔ گو کہ گوگل ہی انٹرنیٹ نہیں مگر یہ کہنا بھی غلط نہ ہو گا کہ گوگل انٹرنیٹ کا بادشاہ ہے۔
”برے مت بنو“ گوگل کا غیررسمی نعرہ ہے۔ ماؤنٹین ویو کیلیفورنیا میں موجود گوگل کے ہیڈ کواٹر کو ”گوگل پلکس“ کہا جاتا ہے۔ یہ روایتی دفاتر کی طرح نہیں بلکہ یہاں ملازمین کو کافی آزادی اور سہولیات دی جاتیں ہیں۔ یہاں انواع و اقسام کا مفت کھانا، ورزش کے لئے جم، موسیقی کے آلات، ویڈیو گیمز اور طرح طرح کی سہولیات موجود ہیں۔ گوگل پلکس دفتر کم اور کھیل کا میدان زیادہ لگتا ہے۔ ملازمین کے لئے لازم نہیں کہ وہ بڑے طور طریقے سے بیٹھ کر کام کریں بلکہ جیسے وہ آسانی محسوس کریں ویسے کام کریں۔ گوگل کے ملازمین کو ”گوگلرز“ کہا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کو ”نوگلرز“ کہا جاتا ہے اور انہیں پہلے دن پہننے کے لئے گوگل کے روایتی رنگوں والی ایک ایسی ٹوپی دی جاتی ہے جس کے اوپر ہیلی کاپٹر کے پروں جیسے پر ہوتے ہیں۔ ویسے اس طرح کی ٹوپی کو ”گردشی پنکھ ٹوپی“ (Propeller Beanie) کہا جاتا ہے۔ مزید گوگل نے کئی ایک انوکھے کام شروع کر رکھے ہیں۔ جیسے ڈوڈل اور اپریل فول کا لطیفہ وغیرہ۔ مختلف موقعوں پر گوگل اپنے نام والے ”لوگو“ میں اس موقع کی مناسبت سے تبدیلی کر کے ”ڈوڈل“ بناتا ہے۔ جیسے چودہ اگست کو پاکستان کی مناسبت سے ڈوڈل بنایا اور اسے گوگل پاکستان کی ویب سائیٹ پر لگایا۔ اس کے علاوہ کئی دفعہ اپریل فول پر گوگل کوئی نہ کوئی لطیفہ بھی چھوڑتا ہے۔ جیسے 2007ء میں گوگل نے کہا کہ وہ مفت انٹرنیٹ سروس دے رہا ہے۔ جس کا نام ہے ٹی آئی ایس پی (TiSP) یعنی ٹائلٹ انٹرنیٹ سروس پروائیڈر۔
بہرحال 1998ء میں گوگل ایک ویب سرچ انجن کے طور پر شروع ہوا اور اس نے آغاز میں ہی ایک چھوٹے سرچ انجن ”گوٹو ڈاٹ کام“ کا آئیڈیا استعمال کیا۔ وہ آئیڈیا ”تلاش کی اصطلاحات کی فروخت“ تھا یعنی ان الفاظ کی فروخت جو صارفین سرچ انجن میں درج کر کے مواد تلاش کرتے ہیں۔ اس آئیڈیے کی تفصیل کچھ یوں ہے کہ مختلف ویب سائیٹس کسی خاص لفظ یا الفاظ کے تحت گوگل کو اشتہار دیتی ہیں اور جب کوئی ان الفاظ سے تلاش کرتا ہے تو نتائج کے شروع میں گوگل وہ اشتہار دیکھا دیتا ہے۔ اگر آپ نے غور کیا ہو تو عموماً تلاش کے نتائج کے شروع میں چند متعلقہ اشتہارات (Related Ads) ہوتے ہیں۔ شروع میں یہی اشتہارات گوگل کی آمدنی کا ذریعہ تھے۔ گو کہ اب کئی دوسرے ذرائع سے بھی گوگل کما رہا ہے مگر آج بھی یہ اور اس جیسے دیگر اشتہارات ہی گوگل کی آمدنی کا بڑا ذریعہ ہیں۔
جس طرح سمندر میں بڑی مچھلیاں چھوٹی مچھلیوں کو نگل جاتی ہیں، کچھ ایسا ہی انٹرنیٹ کے سمندر میں بھی ہوتا آیا ہے۔ عموماً بڑی کمپنیاں اپنے سے چھوٹی کمپنیوں کو خریدنے کی کوشش کرتی ہیں اور بعض کو خرید بھی لیتی ہیں۔ گوگل نے بھی کچھ ایسا ہی کیا اور کئی کمپنیوں کو خریدا۔ جن میں قابل ذکر یہ ہیں۔ گوگل نے فروری 2003ء میں بلاگنگ کی سہولت مہیا کرنے والی ”بلاگر ڈاٹ کام“، مارچ 2003ء میں اشتہارات کی وصولی اور تشہیر کرنے والی ”اپلائیڈ سمنٹکس“، جولائی 2004ء میں تصویروں کے متعلقہ ”پکاسا“، اکتوبر 2004ء میں ارتھ ویو نامی سافٹ ویئر بنانے والی ”کی ہول“، اگست 2005ء میں سمارٹ فون کا آپریٹنگ سسٹم ”اینڈرائیڈ“ اور اکتوبر 2006ء میں مشہورِ زمانہ ”یوٹیوب“ کو خرید لیا۔ ابھی تک گوگل تقریباً 145 کمپنیاں یا ان کی مصنوعات کو خرید کر اپنے اندر ضم کر چکا ہے۔ آج کل سرچ انجن کے بعد گوگل کی مشہور سروسز زیادہ تر وہی ہیں جن کو کسی زمانے میں گوگل نے خریدا تھا۔ گو کہ گوگل انٹرنیٹ کا بادشاہ کہلاتا ہے مگر سوشل نیٹ ورک کے معاملے میں لاکھ کوششوں کے باوجود بھی دیگر کمپنیوں جیسے فیس بک اور ٹویٹر وغیرہ کا مقابلہ نہیں کر سکا۔ پہلے آرکٹ پھر گوگل بز اور بعد میں گوگل پلس مارکیٹ میں آئے مگر پھر بھی اس معاملے میں گوگل دوسروں سے پیچھے ہی رہا۔
گوگل صارفین کی کئی قسم کی معلومات اکٹھی کرتا ہے۔ جس میں صارف کے کمپیوٹر اور موبائل وغیرہ کے ہارڈویئر، سافٹ ویئر، محل وقوع، صارف زیادہ تر کونسی ویب سائیٹ کھولتا اور تلاش کرتا ہے وغیرہ وغیرہ۔ گوگل اس معلومات کو اکٹھا کرنے کا یہ جواز دیتا ہے کہ وہ اس سے راہنمائی لے کر اپنے صارفین کو بہتر سے بہتر سہولت فراہم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس کے علاوہ گوگل جی میل کی ای میلز بھی پڑھتا ہے۔ جب یہ بات عدالت تک پہنچی اور مثال کے طور پر کہا گیا کہ کوئی بھلا یہ کیسے برداشت کر سکتا ہے کہ اس کا خط راستے میں ہی ڈاکیا کھول کر پڑھے۔ یہ پرائیویسی کے خلاف ہے۔ اس کے جواب میں گوگل کا کہنا تھا کہ وہ ای میلز ڈاکیے کی حیثیت سے نہیں بلکہ آپ کے سیکرٹری کی حیثیت سے پڑھتا ہے تاکہ غیر ضروری ای میلز کو ردی میں پھینک سکے اور آپ کو بہتر سہولت فراہم کر سکے۔ انٹرنیٹ سے متعلقہ سہولیات فراہم کرنے والی دیگر کئی کمپنیوں کی طرح گوگل کے بارے میں بھی یہ کہا جاتا ہے کہ وہ امریکہ کے لئے جاسوسی کرتا ہے اور امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی (NSA) کو صارفین کی معلومات فراہم کرتا ہے۔ یہ بات بھی عدالت میں پہنچی اور اس پر جج کا کہنا تھا ”امریکی عوام کو یہ جاننے کا حق حاصل نہیں کہ گوگل اور نیشنل سکیورٹی ایجنسی آپس میں کس قسم کا تعاون کرتے ہیں۔“ بہرحال جاسوسی کرنے والی بات کے متعلق حتمی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ البتہ صارفین کی معلومات تو واقعی اکٹھی کرتا ہے اور اس بارے میں گوگل کی ویب سائیٹ پر لکھا ہوا ہے، بلکہ جب بھی کوئی گوگل کی کسی بھی سہولت کا صارف بنتا ہے تو ”ٹرمز اینڈ کنڈیشن“ میں ایسی معلومات درج ہوتی ہیں اور پھر وہی صارف بن سکتا ہے جو اسے قبول کرتا ہے۔ یہ علیحدہ بات ہے کہ ہمارے ہاں لوگ ایسی معلومات کو نہیں پڑھتے اور جلدی میں قبول پر کلک کر کے آگے بڑھ جاتے ہیں۔
ایک ویب سرچ انجن کے طور پر شروع ہونے والا گوگل آج ملٹی نیشنل کارپوریشن ہے۔ جو انٹرنیٹ سے متعلقہ بہت ساری سروسز فراہم کر رہا ہے، بلکہ ایک عام صارف کی ضرورت کی تقریباً تمام سہولیات مفت فراہم کرتا ہے۔ ویسے کئی سروسز کے معاملے میں گوگل کی حالت کافی پتلی ہے جیسے سوشل میڈیا۔ اگر ایسے معاملات میں گوگل نے جلد ہی کچھ نیا اور انوکھا کر کے نہ دکھایا تو پھر یہ ایک بڑی کمپنی تو رہے گا مگر اس کی بادشاہت کو زوال آ جائے گا۔ بعض کا خیال ہے کہ اس وقت گوگل کی بادشاہت کو شدید خطرہ ہے کیونکہ اس کا زور توڑنے کے لئے کئی ایک کمپنیاں متحد ہو چکی ہیں اور مل کر اپنی سروسز کا معیار بہتر بنا رہی ہیں۔ بہر حال دیکھتے ہیں کہ کیا ہوتا ہے۔
گوگل کی شروعات اور ابتدائی تاریخ جاننے کے لئے ”گوگل کا آغاز اور نام کہانی“ والی تحریر پڑھیں۔ مزید گوگل کی مشہور مصنوعات اور سہولیات کی تفصیل جاننے کے لئے ”گوگل کی مشہور سروسز کا جائزہ“ پڑھیں۔
میرا بھی نیٹ کا سب سے پہلا دوست “گوگل” ہے۔
گوگل کے لیے
ہم نے جس جس کو بھی چاہا ترے ہجراں میں، وہ لوگ
آتے جاتے ہوئے موسم تھے، زمانہ تُو تھا
اس بلاگ کے ذریعے آپ نے گوگل کے بارے میں جس عمدہ طریقے سےمعلومات مہیا کی ہیں وہ قابلِ رشک اور قابلِ ستائش ہے۔ انٹرنیٹ پر ہر قسم کی معلومات انگش اور دوسری زبانوں میں موجود ہیں۔ اردو میں بھی ہیں لیکن آپ کی تحریر اور دوسری بے تحاشہ تحریروں میں جو بنیادی فرق ہے وہ اندازِ بیاں کا ہے ۔آپ کی تحریر اردو کی ادیبانہ چاشنی سے مزیّٗن ہے ۔ آپ صقیل اور مشکل مضامین کو ایسےہلکے پھلکے انداز میں بیان کرجاتے ہیں کہ جیسے پرانے زمانے کی ناننیاں دادیاں بچوں کو کہانیاں سنایا کرتی تھیں جو بچے بڑے ہی ذوق و شوق سے مزے لے لے کر سنا کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہےکہ وہ آ پ کے علم وعرفان میں مزید برکت عطا فرمائے، آپ کی تحریر میں مزید نکھار ، لطافت اور روانی عطا فرمائے کہ آپ انسانوں میں شعور و آگہی پھیلانے کا سبب ہیں۔ آمین۔
گوگل کا صارف میں اس کی کچھ سہولیات حاصل کرنے کیلئے بنا تھا جس میں ترجمہ اہم ہے ۔ محمد بلال محمود صاحب ابھی پیدا نہیں ہوئے تھے میرا مطلب ہے اُردو انسٹالر کی رو سے ۔ لوگ انگریزی میں اُردو لکھ دیتے تھے ۔ مجھے پڑھنے میں دقت ہوتی تھی ۔
بڑی پچھلیا چھوٹی مچھلیوں کو کھاتی آئی ہیں لیکن یہ حقیقت ہے کہ بڑی مچھلی میں وہ خوبیاں نہیں ہوتیں جو کچھ چھوٹی مچھلیوں مین ہوتی ہین ۔ مثال کے طور پر لوٹس 123 مائکروسافٹ نے خرید لیا۔ لوٹس کی ترقی رُک گئی مگر اس جیسی سپریڈ شیٹ آج تک نہ بنا سکے ۔
اچھی معلومات ہے
السلام علیکم بلال بھائی اور بلاگر دوستو!
آج صبح صبح ایکسپریس نیوز کی ویب سائیٹ پر ایک خبر پڑھی ’’ہم‘‘ خط نستعلیق میں نئی روح پھونکنے والے احمد مرزا جمیل سے بچھڑ گئے۔ جب اس خبر کی تفصیل پڑھی تو پتہ چلا کہ اُردو خط نستعلیق میں کتنا بڑا کارنامہ انجام دیا ہے احمد جمیل مرزا مرحوم نے۔ اللہ ان کو جنت الفردوس میں جگہہ عطا فرمائے۔ آمین۔
http://www.express.pk/story/236192/
اس میں کوئی شک نہیں، کہ گوگل آج کے دور میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والون کے لئے ایک اہم ضرورت بن چکا ہے۔ اور معلومات کا ایک سمندر ہے۔ لیکن یہ خبر کہ یہ اپنے صارفین کی جاسوسی بھی کرتا ہے۔ تکلیف دہ بات ہے۔ بہر حال عام صارف کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ لیکن اخلاقی طور پر یہ ایک مکروہ فعل ہے۔ جسے بند ہونا چائیے۔
وسلام ۔ فاروق سعید قریشی۔
” گوگل” کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر آپ کا بہت بہت شکریہ۔سرچ کے حوالے سے ”گوگل”کو اگر گلاب کے ساتھ کانٹے سے تشبیہ دی جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ “گوگل”اگرچہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی ضرورت بن چکا ہے تاہم صارف کی جاسوسی قابل مذمت فعل ہے ۔ ”گوگل ”کو اپنی اس پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہیے۔
ڈئیر بلال ۔۔۔۔
سدا خوشیوں کا آنچل لئے نغمہ حیات گاو
گوگل کے متعلق اتنی ضخیم معلومات فراہم کرنے کا انداز نہائت ہی دلچسپ لگا۔ گوگل کی تمام مصنوعات نہائت ہی شاندار ہونے کیساتھ ساتھ بہتر نتائج کی حامل ہیں اور اللہ آپ کو مزید ترقی و کامرانیاں عطا فرمائے اور اپنے حفط و امان میں رکھے (آمین) اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو
گوگل کے بارے میں اتنی معلومات کا شکریا۔۔۔
گوگل دوسرے سرچ انجنز کے بعد آیا اور بہت آگے نکل گیا۔ آج اس کا انٹرنیٹ کی دنیا میں 80 سے 85 فیصد شئیر ہے۔ Regards
بہت خوب۔ میرا خیال ہے اردو میں ایسے تفصیل سے لکھے گئے معلوماتی مضامین کی اشد ضرورت ہے۔ یہ سلسلہ ضرور جاری رکھیئے گا۔
بہت ہی زبردست تحریر بھائی۔۔
اسلام علیکم:۔
بہت ہی اچھی معلومات دی ہے آپ نے نئے استعمال کنندہ لوگوںکو جو کہ کمپیوٹر کو ابھی ابھی جائن کر رہے ہیں۔ گوگل بلاشبہ ایک بہت ہی اچھا سرچ انجن ہے ۔ جس کا کوئی ثانی نہیں ہے
محترم بلال بھائی،
اسلام علیکم و رحمنۃ اللہ و برکاتُ
میں عرصہ دراز سے آپکے مریدوں ہوں، اور فیس بک پر جمیل نوری نستعلیق سے فائیدہ اُٹھا رہا ہوں، اب چاہتا ہوں کہ میں گوگل پر بھی جمیل نوری نستعلیق رسم الخط استعمال کروں، ازراہ کرم اس سلسلے میں میری مدد فرمائیں، تاکہ میں بہتر طور ہر کام کرسکون،
مھترم بلال بھائی،
سلام علیکم و رحمتہ اللہ وبرکات۔
گزارش یہ ہے کہ میں کافی عرصہ سے گوگل پر جمیل نوری نستعلیق استعمال کرتا چلا آرہا ہوں، کچھ عرصہ قبل ونڈو کرپٹ ونے کی وجہ سے مجھے دوبارہ انسٹال کرنا پڑی، اسکے بعد میں نے ایم بلال ایم ڈاٹ کام، لوڈ کی، فیس بل پر نستعلیق درست کام کر رہا ہے، گوگل ، پر لوڈ کیا G.mail پر نستعلیق کام کر رہا ہے۔۔ لیکن جب میں گوگل پر اپنی پروفائیل یا کسی دوسرے کی پروفائیل کھولتا ہوں تو۔۔۔ اسککرین پر بہت بڑے بڑے الفاظ نطر آنے لگتے ہیں، جسکی وہنہ سے میں اپنا گوگل بیج نہین کھول سکتا، اور نہ ہی لکھ سکتا ہو، ازراہ کرم راہنمائی فرمائیں، جواب کا منتظر رہونگا۔