بلاگ بنانے کے لئے سب سے پہلے بلاگنگ پلیٹ فارم جیسے بلاگر ڈاٹ کام یا ورڈپریس وغیرہ کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد بلاگر حضرات کی سب سے پہلی کوشش کسی بہتر تھیم کی تلاش ہوتی ہے۔ میں اکثر کہتا ہوں کہ خوبصورت اور بہتر سے بہتر تھیم کی دوڑ دوڑنے کی بجائے کسی مناسب سی تھیم کا انتخاب کریں۔ جس پر تحریر پڑھنے اور تبصرہ/رائے کرنے میں آسانی ہو اور پھر اپنے مقصد کو ذہن میں رکھتے ہوئے بلاگنگ شروع کر دیں لیکن کئی دفعہ بڑے الٹے جواب ملے تو سوچا کیوں نا اپنے بلاگ کے تھیم کا سفر لکھ دوں تاکہ نئے لوگوں کو اندازہ ہو سکے کہ میں کہاں سے شروع ہوا تھا اور آج تین سال بعد کہاں پہنچا ہوں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ مناسب تھیم کی تلاش ضرور ہونی چاہئے لیکن اکثر بلاگر تھیم کی تلاش یا خود سے تھیم میں تبدیلیاں کرنے میں اتنا وقت لگا دیتے ہیں کہ اصل مقصد جس کے لئے وہ بلاگنگ کرنا چاہتے ہیں اس کا رجحان پسِ پشت ہو جاتا ہے اور تھیم کی دوڑ تیز۔ مناسب تھیم مل گئی یا بنا لی تو ٹھیک، نہیں تو ان کی بلاگنگ ہی دم توڑ جاتی ہے۔ تھیم جیسی بھی ہو اگر تحریر میں جان ہو گی تو لوگ آپ کا بلاگ پڑھیں گے۔ دوسری صورت میں بے شک خوبصورت سے خوبصورت تھیم لگا لیں لیکن تحریر کسی کام کی نہ ہوئی تو کوئی بھی آپ کے بلاگ کی خوبصورتی پر اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہے گا۔ اس لئے مناسب تھیم کا انتخاب کریں اور اصل توجہ تحریر پر دیں۔
مئی 2008ء میں جب میں بلاگ بنانے میں مصروف تھا تو مجھے بھی کسی اچھے تھیم کی تلاش تھی۔ ویب ڈویلپمنٹ اور ڈیزائننگ کا معمولی سا تجربہ تھا تو ایک اردو تھیم میں چند تبدیلیاں کیں اور بلاگ پر لگا دیا۔ اب جب سب سے پہلے تھیم کو دیکھتا ہوں تو عجیب نہیں لگتا کیونکہ شروعات ایسے ہی عام چیز سے ہوتی ہے۔
سب سے پہلے جو تھیم میں نے بلاگ پر لگایا وہ یہ تھا۔
جون 2008ء میں جب میں نے بلاگ بنا ہی لیا تو یہ میرے بلاگ کا سب سے پہلا تھیم تھا۔ اس وقت یعنی 2008ء کے مطابق بھی یہ تھیم پرانی قسم کا تھا۔ سب سے بڑی بات یہ تھی کہ اس تھیم کی چوڑائی 800پکسل تھی جبکہ انٹرنیٹ صارفین کی زیادہ تعداد اس وقت 1024 پکسل چوڑائی کی ریزولوشن استعمال کر رہی تھی۔
تقریبا ایک سال یہی تھیم لگا رہا اور اس دوران میں ورڈپریس تھیم کو سمجھنے بلکہ خود سے بنانے کے بارے میں اچھی طرح جان چکا تھا۔ تجرباتی بنیاد پر ایک تھیم خود سے بنایا اور پھر اپریل 2009ء میں راسخ کشمیری بھائی نے میرے بلاگ کے ہیڈر کے لئے کچھ خطاطی تخفہ کے طور پر دی۔ اس تخفہ کے لئے میں راسخ کشمیری بھائی کا بہت شکر گزار ہوں۔ وہی خطاطی آج تک میرے بلاگ کے ہیڈر میں لگی ہوئی ہے، خیر میں نے اس خطاطی میں بالکل تھوڑی سی تبدیلیاں کیں اور نئے تھیم میں نیا ہیڈر لگایا اور تھیم بلاگ پر لگا دیا۔
بلاگ بنائے ہوئے ایک سال ہو گیا تھا لیکن نیا تھیم بھی 800پکسل چوڑائی والا تھا، جو کہ مناسب نہیں تھا تو جون 2009ء میں مزید اس تھیم میں تبدیلیاں کیں اور 1024پکسل چوڑائی والا تھیم بنایا اور اس میں بائیں سائیڈ بار شامل کی۔ بائیں سائیڈ بار میں کچھ اردو فورمز کے اشتہارات لگا دیئے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اردو فورمز کے بارے میں جانیں۔ وہ تھیم یہ تھا۔
تقریباً ایک سال یہی تھیم چلتا رہا۔ جولائی 2010ء میں جب میں نے بلاگ کے لئے اپنے نام کی ڈومین خریدی تو دوستوں نے کہا کہ اب تھیم بھی نیا لگا دو۔ وقت کی کمی کی وجہ سے نیا تھیم تلاش کرنے یا بنانے کی بجائے ہیڈر نیا بنایا اور سارے تھیم کا رنگ بدل دیا۔
پانچ مہینے تک یہی تھیم لگا رہا اور یہ تھیم تھوڑا بہت مناسب تھا تو کئی دوستوں نے اس کی فرمائش کی۔ اس دوران میں نے اسی تھیم کا ہیڈر تبدیل کیا اور تین مختلف رنگوں میں یہی تھیم بنایا اور سب کے لئے عام کر دیا۔ جو آپ یہاں دیکھ سکتے ہیں۔ دراصل میں یہ یعنی نیلےرنگ میں تھیم صرف اپنے بلاگ کے لئے رکھنا چاہتا تھا لیکن کچھ دوست ایسے اس تھیم کے پیچھے پڑے کہ کیا بتاؤں۔ آخر جنوری 2011ء میں نئے تھیم کا انتخاب کیا۔
یہ تھا میرے بلاگ کے تھیم کا سفر جو پہلے تین سال میں یہاں تک پہنچا۔ میں یہ نہیں کہتا کہ میرے بلاگ کا موجودہ تھیم بہت اچھا ہے لیکن جب دوست اور خاص طور پر نئے لوگ بلاگنگ کی شروعات پر ہی اس جیسا تھیم چاہتے ہیں اور اپنا بہت سارا وقت تھیم کی تلاش میں ضائع کر دیتے ہیں تو تب مجھے حیرانی ہوتی ہے کہ اصل کام تو لکھنا ہے لیکن یہ لوگ تھیم کے لئے اپنا قیمتی وقت ضائع کر رہے ہیں۔ اس تحریر کو لکھنے کا مقصد صرف یہ ہے کہ شروعات بس کسی مناسب سی تھیم سے کرو اور وقت کے ساتھ ساتھ خود بخود اچھی اور خوبصورت تھیم کہیں نہ کہیں سے مل جائے گی یا پھر کبھی کبھار تھوڑی بہت نوک پلک سنوارتے سنوارتے تھیم خودبخود خوبصورت ہو جائے گی۔
تین سال کا سفر مکمل ہونے پر مبارکباد اور مزید آگے کے سفر کیلئے ڈھیروں نیک تمنائیں۔
آپکے تین سال کے سفر میں جو سب سے اچھی بات لگی وہ ان تین سالوں میں آپکی ترقی ہے۔ یعنی آپ بلاگنگ سے متعلق تمام اہم نکات کو نہایت اچھے طریقے سے جان گئے، حتیٰ کے خود تھیم بنانے کے قابل ہوئے اور پھر آپنے اپنی خدمات سے دوسروں کو بھی مستفید کیا ماشإاللہ۔ اور ایک ہم ہیں کہ کمپیوٹر سائینس کے شعبے میں ہوتے ہوئے بھی اپنے بلاگ کے اکثر پچیدہ معاملات میں مدد دوسروں سے لینی پڑتی ہے۔
پیارے بھای مجھ تو بلاگ کی سمجھ ہی نہیں آرہی
کافی کوشش کی ہے لیکن ناکام رہا ہوں
میں کیا کروں
آپ اردو اور بلاگ کتاب ملاحظہ کیجئے، امید ہے آپ کو سب سمجھ آ جائے گی۔
بہت بہت مبارک ۔ ۔ ۔
اللہ آپ کو اور ترقی عطا کرے ۔ آمین
بلاگنگ اور تھیم کی سالگرہ مبارک۔ ہم نے تو پہلے ہی کہا تھا کہ آپ کی تھیم بہت اچھی ہے۔ یہ بات کسی حد تک درست ہے کہ تحریر اچھی ہو تو کوئی بھی تھیم چل جاتا ہے مگر تحریر کیساتھ ساتھ اگر تھیم بھی اچھی ہو تو تحریر پڑھنے کو زیادہ من کرتا ہے۔
مبارک ہو بلال بھائی۔ تھیم کے تین سال پورے ہونے کی اور بلاگنگ کی بھی۔ آپ نے جس محنت سے اردو اور کمپیوٹر سے لے کر اردو اور بلاگنگ وغیرہ جیسے معاملات پر لکھا ہے، وہ قابلَ تعریف ہے اور نئے آنے والے بلاگروں کی مکمل راہنمائی کرتا ہے۔
امید ہے مزید بھی اسی طرح کا بہترین اور تعمیری مواد بلاگ پر آتا رہے گا۔
جہاں تک تھیم کی بات ہے تو واقع ہی اس پر کافی سے زیادہ وقت ضایع ہو جاتا ہے۔ میں نے بھی پہلے بنی بنائی تھیمز استعمال کیں لیکن بعد میں پھر خود ہی انگریزی کی موجود تھیمز کو اردو میں ڈھال لیا۔ اور اس عمل میں آپ کے بلاگ اور جہانزیب (اردو جہاں) سے کافی مدد ملی۔ 🙂
تھیمیں تو آپ کی لاجواب ہیں۔ لیکن اپنا دل تو سادہ ترین تھیم پر ہی آوے ہے۔ اس وقت میں نے جو تھیم لگا رکھی ہے اس سے سادہ تھیم اور کوئی نہیں ۔۔ ایسی ہے جیسے کند پہ پوسٹر لگا ہو۔ :laughloud:
خیر مبارک۔ آپ کا بہت شکریہ۔
ویسے یہ سب آپ جیسے دوستوں کے تعاون اور حوصلہ افزائی سے ہی ممکن ہوا ہے۔ آپس کی بات ہے میں بھی اسی شعبہ یعنی کمپیوٹر سائنس کا ہی ہوں۔ بس مارکیٹ کو سمجھتے سمجھتے کچھ دیر ہو گئی۔
خیر مبارک۔
اللہ تعالیٰ آپ کو بے شمار خوشیاں دے۔۔۔آمین
خیر مبارک۔۔۔ اور تھیم پسند کرنے کا بہت شکریہ۔
بات تو آپ کی بھی ٹھیک۔ لیکن یہاں کئی دوست تھیم کی دوڑ میں ایسے دوڑتے ہیں کہ بلاگنگ کا اصل مقصد ہی تھیم سمجھتے لیتے ہیں۔
ویسے آپ کے بلاگ پر مجھے چند مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔ جب کسی تحریر کو منتخب کرتا ہوں تو فائر فاکس براؤزر رک جاتا ہے اور کوئی کام نہیں ہو پاتا۔ دراصل میری عادت ہے کہ تحریر پڑھتے ہوئے جس طرح کسی زمانے میں لوگ انگلی لائن پر چلاتے تھے میں ایسے ہی ماؤس چلاتا ہوں۔ اس طرح جب آپ کا بلاگ پڑھ رہا ہوتا ہوں تو مسئلہ ہوتا ہے اور کئی دفعہ تو بلاگ کھولتے ہی یہ مسئلہ آ جاتا ہے۔ اس لئے مجھے آپ کا بلاگ ماورائی فیڈر کے ذریعے پڑھنا پڑتا ہے۔ ویسے تیز سپیڈ والے کمپیوٹر پر یہ مسئلہ نہیں ہوتا جبکہ سست کمپیوٹر پر یہ مسئلہ ہوتا ہے۔
خیر مبارک جناب۔
اگر ایسے ہی حوصلہ افزائی جاری رہی تو ان شاء اللہ مستقبل میں بھی کوشش رہے گی کہ تعمیری کام کرتا رہوں۔ یہ جان کر بڑی خوشی ہوئی کہ آپ نے خود انگریزی تھیم کو اردو میںڈھال لیا۔ یقینا اردو بلاگستان کو ایسے ٹیکنیکل لوگوں کی سخت ضرورت ہے جو دیگر ایسے لوگوں کی مدد کر سکیں جو اچھا لکھ سکتے ہیں لیکن تکنیکی حوالے سے زیادہ نہیں جانتے۔
تھیمیں پسند کرنے کا بہت شکریہ۔
بس جی کیا کریں اس معاملے میں تھوڑی بہت سمجھ ہے تو تھیم میں آئے دن تبدیلیاں کرتے کرتے یہاں تک پہنچ گئے ہیں۔
شاید آپ کو یقین نہ آوے لیکن مجھے آپ کی تھیم بہت پسند آوے۔ بلکہ تھیموں کی دوڑ دوڑنے والوں کو اکثر آپ کے بلاگ کا حوالہ دیتا ہوں۔ ویسے اس تحریر پر آپ کی خاص توجہ درکار ہے۔
مجھے اپنی بلاگنگ کے سفر کا آغاز یاد ہے، یہ تھری ایڈیئٹس سے شروع ہوا، آپ کے بلاگ نے راہ دکھلائی، کچھ منزلیں طے کرنے کے بعد آپ کی فراہم کردہ تھیم میں کچھ تبدیلی کرکے ترقی کی جانب رواں دواں ہوں۔ :heart:
چلیں جی اللہ کا شکر ہے کہ میری وجہ سے کسی کو فائدہ ہوا۔ امید اور دعا ہے کہ آپ یونہی بلکہ اور زیادہ ترقی کی طرف رواں دواں رہیں۔۔آمین
بھائی آپ کی اس تھیم کا ڈاؤنلوڈ لنک مل سکتا ہے؟
جواب ہاں میں ہونا چاہیئے پلیز
ویسے اس بات کا جواب تحریر میں ہی موجود ہے۔ خیر بھائی میں اس معاملے میں معذرت چاہوں گا۔
بہت خوب جناب
اللہ اور ترقی دے۔میں نے بھی اپنا ایک بلاگ بنایا ہے۔تھیم کے سلسلے میں میں بھی کافی پریشان رہا تھا۔کچھ عرصے پہلے ایک تھیم ملی اسپر میں نے کام کیا۔اور اردوکے لئے محمد یاسر صاحب کی خدمات حاصل کیں