بسم اللہ الرحمن الرحیم
یوں تو اتنی جلدی کسی اپڈیٹ کی ضرورت نہیں تھی لیکن کچھ اعتراضات اور مشورے ایسے تھے کہ ان کے حل کے لئے اپڈیٹ دینی پڑ گئی ہے۔ ”پاک اردو انسٹالر“ میں ابھی تک کسی مسئلہ کی اطلاع تو موصول نہیں ہوئی لیکن کچھ دوستوں کا مشورہ تھا کہ ونڈوز ایکس پی اور وسٹا/سیون کے لئے علیحدہ علیحدہ انسٹالر کی بجائے ایک ہی ”پاک اردو انسٹالر“ ہو جو ونڈوز کے تینوں ورژن پر چلے۔ تو جناب اللہ کے فضل سے وہ کام بھی مکمل ہو گیا ہے۔ اب ونڈوز کے ہر ورژن کے لئے علیحدہ علیحدہ انسٹالر کی بجائے ایک ہی ”پاک اردو انسٹالر“ ونڈوز کے تینوں ورژن یعنی ایکس پی، وسٹا اور سیون پر چلے گا۔
پہلے علیحدہ علیحدہ انسٹالر بنانے کی ایک وجہ یہ تھی کہ ونڈوز وسٹا/سیون کی نسبت ایکس پی کے انسٹالر کا سائز تھوڑا زیادہ بن رہا تھا، تو سوچا کہ علیحدہ علیحدہ انسٹالر بناتا ہوں تاکہ ونڈوز سیون اور وسٹا والے کم سائز والا ہی ڈاؤن لوڈ کریں اور دوسری وجہ یہ کام تھوڑا سا مشکل تھا۔ خیر اب دوستوں کی فرمائش پر ایک ہی ”پاک اردو انسٹالر“ تیار کر دیا ہے۔ جو آپ یہاں سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
معیاری اردو کی بورڈ لے آؤٹ
کچھ دوستوں کا خیال ہے کہ کوئی معیاری اردو فونیٹک کی بورڈ لے آؤٹ ہونا چاہئے۔ یہ بات تو میں خود کئی سال سے کہتا آ رہا ہوں۔ جس کی ایک چھوٹی سی مثال اردو محفل کے تھریڈ میں دیکھی جا سکتی ہے۔ جہاں تک میری معلومات ہے اس کے مطابق اس وقت جتنے بھی اردو فونیٹک کی بورڈ لے آؤٹ ہیں وہ سب کے سب تقریبا ایک جیسے ہی ہیں۔ بنیادی حرف مکمل طور پر ایک جیسے ہیں۔ معمولی سے فرق یہ ہیں کہ کسی میں کچھ اضافی سہولیات ہیں اور کسی میں نہیں۔ خیر ”پاک اردو انسٹالر“ میں جو فونیٹک کی بورڈ لے آؤٹ شامل کیا گیا ہے اس میں اردو حروف کے علاوہ عربی حروف اور قرآن پاک کے رموزِ اوقاف کی سہولت ہونے کے ساتھ ساتھ واوین(”“)، مکمل اعراب اور دیگر نشانات کی مکمل سہولت دستیاب ہے۔ اس کی بورڈ کا خاکہ ”پاک اردو انسٹالر“ میں بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ نئے لوگوں کو آسانی ہو سکے۔ مزید آپ وہ خاکہ نیچے والی تصویر میں دیکھ سکتے ہیں۔
پہلے اردو انسٹالر موجود ہیں تو پھر نیا کیوں؟
کچھ دوستوں کا خیال ہے کہ پہلے انسٹالر موجود ہیں تو پھر نیا انسٹالر کیوں بنایا گیا؟ بلکہ پہلے سے بنے ہوئے کو مزید بہتر کرنا چاہیئے تھا۔ ویسے میں ایسی تنقید (جس کے پیچھے نقاد کی اپنی کوئی تحقیق نہ ہو) کا جواب دینے کی بجائے کام کرنے کو ترجیع دیتا ہوں لیکن سوچا چلو کچھ لکھ دیتے ہیں تاکہ تنقید کرنے والے میرے محترم دوستوں کو بھی علم ہو جائے گا اور ساتھ ساتھ دیگر دوستوں کو جنہیں اس انسٹالر ٹیکنالوجی کے بارے میں کچھ خاص نہیں پتہ انہیں بھی تھوڑی بہت بنیادی معلومات مل جائے گی۔
سب سے پہلی بات تو یہ کہ میں ذاتی طور پر شروع سے پہیہ ایجاد کرنے کے حق میں نہیں ہوں اور نہ ہی میرے پاس اتنا وقت ہے۔ میرے کچھ بہت ہی قابلِ احترام دوستوں کو علم نہیں کہ ”پاک اردو انسٹالر“ جیسا انسٹالر پہلے موجود نہیں تھا۔ اگر ہوتا تو میں اس پر وقت لگانے کی بجائے کوئی اور تعمیری کام کرنا پسند کرتا۔ ”پاک اردو انسٹالر“ اپنی نوعیت کا پہلا مکمل اردوانسٹالر ہے اور ویسے بھی دوسرے انسٹالر اور اس میں ٹیکنالوجی کے لحاظ سے کافی فرق ہے۔ خیر کچھ دن پہلے انسٹالر کے بارے میں جب کام شروع ہوا تو میری معلومات کے مطابق دو جگہوں یعنی ابوشامل صاحب کے بلاگ اور اردو محفل پر بحث کی گئی۔ ان دونوں لنکس پر واضح طور پر گواہی موجود ہے کہ جو کام مطلوب ہے وہ آج سے پہلے نہیں ہوا بلکہ پہلے جو انسٹالر بنے ہوئے ہیں ان کے بنانے والوں نے خود بحث میں حصہ لیا تھا۔ ڈویلپرز نے جن ٹیکنالوجیز کو استعمال کیا ان کا بھی بتایا اور پھر یہ بھی بتایا کہ اس میں کس حد تک بہتری لائی یا نہیں لائی جا سکتی اور اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ ایک سے زائد اردو انسٹالر ہونے میں بھی کوئی حرج نہیں۔ میرے علم میں تو یہ بات پہلے ہی تھی اور میں اس انسٹالر کو کئی دفعہ استعمال بھی کر چکا تھا لیکن کئی لوگوں کو پہلی دفعہ پتہ چلا کہ نبیل بھائی نے بہت پہلے ونڈوز ایکس پی میں اردو ایکٹیو کرنے کے لئے انسٹالر بنایا تھا لیکن مسئلہ وہی تھا کہ ایک انسٹالر ایسا چاہئے تھا کہ جس واحد انسٹالر سے اردو ایکٹیو، اردو فونٹس اور اردو کی بورڈ لے آؤٹ انسٹال ہو سکیں۔ خیر اب کی بار نبیل بھائی NSIS کو استعمال کرتے ہوئے انسٹالر بنانے کی کوشش میں تھے یا ہیں۔ NSIS کو میں نے آزمایا تھا لیکن میری تھوڑی سی عقل کے مطابق میرے لئے NSIS بہتر نہیں تھا کیونکہ میرے لئے یہ کافی مشکل ثابت ہو رہا تھا اس لئے میں نے NSIS کو سمجھنے کی مزید کوشش ہی نہیں کی تھی۔
نبیل بھائی کے علاوہ عامر شہزاد بھائی نے ونڈوز کی ایک سہولت IExpress کو استعمال کرتے ہوئے Self-Extracting Package بنایا تھا۔ جہاں تک مجھے معلوم ہے اس کے مطابق IExpress خود سے انسٹالر بنانے کی بجائے پہلے سے بنے ہوئے انسٹالر کو ایک ایک کر کے چلاتا ہے۔ عامر شہزاد بھائی نے بھی ایسا ہی کیا کہ فونٹس اور کی بورڈ لے آؤٹ کے پہلے سے بنے ہوئے انسٹالرز کو IExpress میں ایک ساتھ کیا اور ایک نیا Self-Extracting Package تیار کیا۔ یہ سسٹم ونڈوز وسٹا اور سیون میں اردو فونٹس اور اردو کی بورڈ لے آؤٹ کے پہلے سے بنے ہوئے انسٹالر کو چلانے میں تو کامیاب رہا لیکن ونڈوز ایکس پی میں اردو ایکٹیو کرنے والی بات وہیں کی وہیں رہی۔ اس پیکیج میں تیسرا اردو ایکٹیو کرنا والا نبیل بھائی کا انسٹالر شامل تو کیا جاسکتا تھا لیکن پہلی بات تو یہ کہ تین انسٹالر ایک ساتھ چلانے کے لئے Batch فائل بنانے کی ضرورت تھی اور دوسرا تین انسٹالر ایک Self-Extracting Package میں ڈالنے سے انسٹالیشن کے لئے کئی ایک Next, Close اور Finish کرنے کی ضرورت تھی جس سے میری ذاتی رائے کے مطابق کام لمبا اور پیکیج کا سائز بھی بڑا ہو جانا تھا۔
جیسے جیسے میں دوسرے دوستوں کی انسٹالر کے بارے میں اپڈیٹ پڑھتا تو کام روک دیتا کہ شاید یہ بنا لیں تو مجھے محنت نہ کرنی پڑے لیکن جب نبیل بھائی نے کہا کہ ایک سے زیادہ انسٹالر ہونے میں کوئی حرج نہیں تو پھر میں نے دوبارہ کوشش کی۔ اللہ کے فضل سے، نبیل اور عامر شہزاد جیسے دوستوں کے پھیلائے ہوئے علم سے ”پاک اردو انسٹالر“ بنا دیا۔
تنقید بہت اچھی چیز ہے اور ضرور ہونی چاہئے لیکن اس صورت میں جب آپ اصلاح کر رہے ہوں۔ کسی چیز کی مکمل معلومات کے بغیر بلاوجہ تنقید آپ کو خود بھی نقصان دیتی ہے اور کئی تعمیری کام متاثر بھی ہو سکتے ہیں۔ اس لئے جس موضوع پر اپنا فلسفہ بیان کرنے جا رہے ہیں پہلے اس موضوع پر عبور تو حاصل کر لیں یا پھر کم از کم اس کی بنیادی معلومات تو جمع کر لیں۔ دوستو! آپ سب کی تنقید برائے تعمیر سر آنکھوں پر اور ہمیں آپ کی تنقید کی بہت ضرورت ہے لیکن خدا کے لئے تھوڑا سا دھیان رکھیں۔ میری چھوڑیں کیونکہ میں تو آٹے میں نمک کے برابر بھی نہیں لیکن دیگر جو لوگ بغیر کسی لالچ کے صرف اردو کی محبت میں اردو کی ترویج کے لئے کئی طرح کے کام کر رہے ہیں اور دن رات ایک کر دیتے ہیں۔ کم از کم ان کو ایک دوسرے کے مدِمقابل لانے اور لڑانے کی کوشش نہ کریں نہیں تو ایسی تنقید سے آپ تو لطف اندوز ہو جائیں گے لیکن اردو جو پہلے بہت پیچھے ہے اور پیچھے رہ جائے گی۔
بلال! میری طرف سے اس شان دار کارنامے پر بہت بہت بہت مبارک ہو۔ اردو دان طبقے پر یہ تمھارا احسان رہا 🙂
ہمیشہ خوش رہو۔
بلال! بہت شکریہ اس سہولت کو فراہم کرنے کے لیے ۔ گوکہ میں نے صوتی کی بورڈ کی بجائے اپنے لیے ایک لے آؤٹ تیار کی ہوئی ہے جس میں میں نے کلیدوں کو اپنے کثرت استعمال کے تناسب کے اعتبار سے دائیں یا بائیں ہاتھ کی زیادہ فعال اور کم فعال انگلیوں کے نیچے رکھا ہوا ہے جس سے کم از کم ایک فائدہ ضرور ہوتا ہے کہ اس کی بورڈ کو استعمال کرنے سے ٹائپنگ کی رفتار میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔ لیکن عام اردو دان طبقہ اور خصوصا ان پیج کے صارفین تو صوتی کی بورڈ ہی استعمال کرتے ہیں اور اس صوتی کی بورڈ میں اضافی سہولتیں فراہم کرنے سے یقینا اس کے استعمال کنندگان کے مسائل حل ہو جائیں گے
یقینا آپ مبارک باد کے مستحق ہیں
ایک ذاتی فرمائش یہ کرنا چاہتا ہوں کہ کیا مجھے میرے کی بورڈ لے آؤٹ کے ساتھ یہ انسٹالر مہیا کیا جا سکتا ہے؟ :question:
نہایت عمدہ!!! اس بات پر آپ کی تعریف کے لئے الفاظ نہیں ہیں میرے پاس۔
اس احسان کا کوئی بدلا نہیں ہے۔
شکریہ، بہت عمدہ کام کیا ہے آپ نے۔
میرا بھی یہی سوال ہے
بہت خوب ۔ :clap:
پاک اردو انسٹالر کے لیے ایک بار پھر بہت شکریہ بلال! اب ہم بغیر کسی ہچکچاہٹ اور تفصیلی طریقہ کار کے دوسروں کو اردو استعمال کرنے کا بتاسکتے ہیں۔ ایک بار پھر عرض کروں گا کہ اگر آپ جیسے افراد اسی خلوص کے ساتھ محنت کرتے رہے تو ان شاء اللہ اردو کو بہت فائدہ حاصل ہوگا۔ میری نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
ایک گذارش ہے!اس کو اب عام ونڈؤ صارف تک پہنچانے کے لئے معروف نہ صرف سافٹویئر کی ویب سائیٹ پر دے جیسے ڈاؤنلوڈ ڈاٹ وغیرہ بلکہ پاکستان میں شائع ہونے والے مختلف رسائل کو بھی اس کا بارے میں تعارفی خط تحریر کریں۔
یہ ضروری ہے!!!
بہت خوب۔۔۔عمدہ کام کیا ہے آپ نے۔۔۔۔یہ پاک اردو انسٹالر اور باقی آپ کی تمام کاوشیں میں اردو ہوم ڈاٹ نیٹ پر بھی آپ کے نام اور لنک سے رکھوا رہا ہوں
اللہ آپ کو خوش رکھے۔ آپ نے صحیح معنوں میں نہ صرف اردو بلکہ علم کی خدمت کی ہے۔
حاتم طائی بنام پاکستانی بلاگرز۔ المعروف سوشل میڈیا سمٹ۔
بہت خوب
میری یہ کاوش پسند کرنے کا بہت بہت شکریہ۔۔۔
اللہ تعالیٰ آپ کو بے شمار خوشیاں دے۔۔۔آمین
سب سے پہلے میرے بلاگ پر تشریف لانے اور قیمتی تبصرہ کرنے کا بہت بہت شکریہ۔
آپ کی بات بالکل درست ہے۔ اگر اردو کے لئے جو ایسے کی بورڈ ہیں جن میں حروف ایسی ترتیب ہیں کہ زیادہ استعمال ہونے والے ہوم کیز پر ہیں تو ایسے لے آؤٹ سے ٹائیپنگ کی رفتار پر نمایا فرق پڑتا ہے۔ لیکن یہاں مسئلہ یہ ہے کہ عام بندہ جو کمپیوٹر پر اردو لکھنے کی طرف نہیں آ رہا ہم اس کو آسانی فراہم کرنا چاہتے ہیں کہ بھائی ادھر آؤ یہ کام مشکل نہیں۔ اگر اسے ونڈوز کا کی بورڈ لے آؤٹ یا اس جیسا کوئی اور جس سے ٹائیپنگ کی رفتار میں فرق آتا ہے سے شروعات کروائی جائے تو اس کے لئے کافی مشکل پیش آتی ہے جبکہ فونیٹک سیکھنے میں آسان ہے۔ ویسے بھی عام صارف نے کونسا کتب یا دیگر اس جیسی ٹائیپنگ کرنی ہوتی ہے۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ عام صارف کو اردو کی طرف لائیں اور جب وہ آئے تو اسے اردو ٹائیپنگ سیکھنے میں آسانی ہو۔
میری یہ کاوش پسند کرنے کا بہت بہت شکریہ۔ ویسے یہ کوئی احسان نہیں بلکہ مجھے لگتا ہے یہ سب ہمیں ضرور کرنا چاہئے تاکہ ہم، ہمارے لوگ اور ہمارا وطن ترقی کر سکے۔
پسند کرنے کا بہت بہت شکریہ۔
جی شکریہ
آپ کا بھی بہت بہت شکریہ کہ آپ نے اس ناچیز کی کاوش کو اتنی اہمیت دی اور حوصلہ افزائی کی۔
اللہ تعالیٰ آپ کو بے شمار خوشیاں دے۔۔۔آمین
آپ کی رائے کے مطابق کام شروع کر دیا ہے۔ اب دیکھیں یہ کام کہاں تک کامیاب ہو پاتا ہے۔ ویسے پہلے میری اس طرف بالکل توجہ نہیں تھی۔ آپ نے ایک اہم بات کی طرف توجہ دلائی ہے جس کے لئے بہت بہت شکریہ۔
جی شکریہ۔ جس جگہ چاہیں رکھوائیں بلکہ اردو کی ترویج کے لئے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائیں۔ بس ڈاؤن لوڈ لنک جو میں نے اپنی پوسٹ میں اپنی ویب سائیٹ کا دیا ہے آپ بھی وہی لنک دیجیئے گا نہ کہ ڈراپ باکس یا میڈیا فائر وغیرہ کا، تاکہ ایک جگہ سے ہی ڈاؤن لوڈ ہو اور اگر میں کوئی تبدیلی کروں تو صرف ایک جگہ پر آسانی سے کر سکوں۔ اس بارے میںہو سکے تو یہ تحریر پڑھ لیجئے گا۔ یہ صرف مواد کی آسان ترسیل اور اپڈیٹ ہونے کے بعد نئے لوگوں کو اپڈیٹڈ ورژن فراہم کرنے کے لئے ہے۔
ویسے جب اردو ہوم ڈاٹ نیٹ پر رکھوائیں تو اس کا لنک مجھے بھی بھیجئے گا۔
آپ کا بہت بہت شکریہ۔
جی شکریہ۔
اور میرا یہ سوال ہے کہ آپ جیسا ایڈوانس یوزر ایسا کیوں چاہتا ہے؟ آپ کے پاس میرا ای میل تو ہو گا اگر نہیں تو رابطہ والا صفحہ استعمال کریں اور مجھ سے رابطہ کریں تاکہ ایسی باتیں پی ایم میں کی جائیں۔ امید ہے آپ کے سوال کے جواب میں میرے سوال کرنے پر آپ درگزر فرمائیں گے اور تسلی بخش جواب ضرور دیں۔
دراصل یہ اس لئے پوچھنے کی جسارت کی ہے کہ ہم عام صارف تک ایک ہی کی بورڈ لے آؤٹ پہنچانا چاہ رہے ہیں تاکہ رنگ رنگ کے کی بورڈ لے آؤٹ سے بچا جا سکے۔ پہلے جو ہو گیا سو ہو گیا لیکن اب ہم چاہتے ہیں کہ عام صارف فونیٹک کی بورڈ لے آؤٹ ہی استعمال کرے۔ اس کے علاوہ ٹائیپسٹ حضرات یا دیگر ایڈوانس یوزر جو مرضی کی بورڈ لے آؤٹ استعمال کریں۔
بہت شکریہ بلال ! اللہ آپ کو خوش رکھے
میں بذات خود اسی بات کا قائل ہوں کہ عام یوزر کے لیے فونیٹک کی بورڈ ہی مناسب ہے اور انسٹالر میں وہی کی بورڈ فراہم کیا جانا چاہیئے تاکہ ایک معیار قائم رہ سکے
جہاں تک ذاتی فرمائش کا تعلق ہے تو وہ صرف ذاتی استعمال کی حد تک تھا اور یہ تو ظاہر ہے کہ میں نے اپنے لیے جو کی بورڈ لے آؤٹ بنایا ہے کسی دوسرے کے لیے اس کا استعمال تو ممکن نہیں ہوگا تا آنکہ وہ اسے نئے سرے سے سیکھ لے۔ میرا تیار کردہ لے آؤٹ میرے پاس موجود رہتا ہے اور چند کلکس کے ساتھ انسٹال بھی ہو جاتا ہے، بس اسے میری سہل پسندی جانیے کہ میں نے ایسی فرمائس کر دی سو میں ذاتی مفاد پر اجتماعی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئےاپنی فرمائش واپس لیتا ہوں اور آپ کی اس کوشش پر ایک مرتبہ پھر آپ کو دادتحسین اور مبارک باد پیش کرتا ہوں جو کہ اجتماعی مفاد کے لیے ہے :heart:
آوپس۔۔۔۔۔۔ :eyeroll: آپ نے تو میرا نام مفت ہی میں شہیدوں کی لسٹ میں شامل کر دیا، میں نے تو کوئی “خاص” کام کیا ہی نہیں۔ میں نے تو urdu.ca والوں کی فائلیں استعمال کرتے ہوئے انسٹالر بنایا تھا، اصل کام ان کا کیا ہوا تھا، مگر وہ خودکار نہیں تھا۔ میں نے تو صرف جوڑ کے اکٹھا کر دیا تھا :hypnotized: ۔
آپ یقینا مبارک باد کے حقدار ہیں۔ اس کام سے اردو کو بہت فائدہ ہو گا۔
جناب آپ اور باقی احباب مبارکباد کے مستحق ہیں۔۔۔ انشاءاللہ بہت جلد انسٹالر ٹرائی کروں گا۔۔۔ اللہ آپ کی محنت قبول فرمائے۔۔۔ آمین۔۔۔
السلام علیکم
بلال بھائی آپکی اس کاوش کو نہ سراہا جائے تو اردو کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔
آپکا شکریہ اور انکا جو اس سائٹ پر آنے کا ذریعہ بنے یعنی بڑے بھائی شاکر القادری صاحب۔
اللہ آپ لوگوں کو دن دوگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔
والسلام، طالب دعا،آپکا بھائی
اسداللہ شاہ
جیسا کہ اس کام کو کرنے کے اہداف بیان کیے گئے تھے اس میں ایک یونیورسل کی بورڈ کا بھی تذکرہ تھا اور نئے صارفین کے لیے فونیٹک کی بورڈ سے زیادہ آسان کی بورڈ کوئی ہو ہی نہیں سکتا۔ یہی وجہ ہے کہ جب میں نے اپنے بلاگ پر اپیل کی تھی تو فونیٹک کی بورڈ کا ہی تذکرہ کیا تھا (حالانکہ میں وہ استعمال نہیں کرتا 🙂 ) اور غالبا بلال نے بھی اسی لیے اس کی بورڈ کو شامل کیا۔ باقی جو احباب فونیٹک استعمال نہیں کرتے، وہ کی بورڈ انسٹالیشن کے اپنے پرانے طریقے استعمال کر سکتے ہیں۔ میری نظر میں تو انسٹالر میں ایک سے زائد کی بورڈ پیش کرنے کا آپشن دے کر ہم وہی غلطی کریں گے جو سالوں قبل ان پیج نے کی تھی اور جس کا خمیازہ ہم آج بھی بھگت رہے ہیں۔
اس معاملے پر گفتگو کے بعد میں بلال کی محنت کو سلام کرنا چاہوں گا جنہوں نے مسئلے کو بخوبی سمجھا اور فورا ہی اس کا حل بھی ایجاد کر لیا۔ اللہ انہیں مزید ہمت و طاقت دے۔ میری خواہش ہے کہ اردو کو مزید پھیلانے کے لیے آئندہ اس طرح کے جو بھی آئیڈیاز ذہن میں آئیں، انہیں شیئر کیا جائے اور بلال اور ان جیسے دیگر تکنیکی ماہرین کے روبرو رکھ کر ان کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔
بلال صاحب ایک بار پھر شکریہ قبول فرمالیں۔
ہم ؔپکو چإے ہی پلاسکتے ہین تاکہ ؔپ تھک نہ جائیں۔
:coffee: :coffee: :coffee: :cake: :cake: :cake:
اردو سے محبت کرنے والوں کو سلام بلال بھائی میرے بہت سے سوالوں کا جواب آپ کی وضاحت میں موجود ہے اور میں نے آپ کے جوابات سے بہت کچھ سیکھا اور جانا ہے۔
یہ بات میں کہتے ہوئے نہیں شرماتا ہو ں کہ میں نے اردو ٹا ئپ کرنا صرف اور صرف آپ کا مضمون جو کہ اردو کے بارے میں تھا اس سے اردو لکھنا اور اس کو انسٹال کرنا سیکھا اس طرح آپ میرے روحانی استاد بھی ہوگئے ہیں۔
آپ کو میری طرف سے بہت بہت مبارک باد قبول ہو اتنا اچھا کام کرنے پر۔ اللہ تعالی آپ کو اور آپ کے دوستوں کو صحت اور تندرستی عطا فرمائے آمین۔
برادر مکرم
فقط اتنا کہوں گا
عمدہ ، کمال ، آفرین
Dear Bilal Bhai
You have done a fantastic job. I am an Urdu teacher in UK and we are using Pak Urdu installer. This is a good tool to promote Urdu among UK Asian community. I have recommended all my students & friends to install “Pak Urdu Installer” and so far the feedback is excellent. Thanks a lot for your hard work. Keep it up! Sheraz Ali
بسم اللہ الرحمن الرحیم
بہت عمدہ میرے اچھے بھائی خداوند متعال آپ کے بازو میں مزید طاقت دے تاکہ اردو طبقہ کے لئے آپ مزید اور اچھے سافٹ وئیر بنائیں خداوند متعال آپ کو سلام رکھے۔
میرا ایک مشورہ ہے:
مشورہ کیا ایک چھوٹی اور ننھی اور پیاری سی عرض ہے ویسے آپ لوگ مجھ سے کافی ہی تجربہ کار ہیں ۔ عرض یہ ہیں کہ کیوں نا ایسا کریں کہ خود مائیکروسافٹ کے ذریعے یہ مشکل حل ہوجائے وہ اس طرح کہ کیونکہ وینڈوز میں ہر ملک اور تقریباً معیاری طورپر ہر زبان پائی جاتی ہے اور آجکل ان ترقی یافتہ زبانوں میں شمار کی جاتی ہے، (ویسے یہ کام گورنمنٹ کا ہے جو اردو کی دشمن ہے ہمیشہ وہی قومیں ترقی کرتیں ہیں جو اپنی زبان کی حفاظت کرتی ہیں؛)۔
مائیکروسافٹ کو ایک ایسا کیبورڈ متعارف کرایا جائے جو سب کو آنا چاہئے اور آسان بھی ہو ۔ جیسے: مونو ٹائپ اوردیگر آسان قسم کے کبورڈ بھی موجود کیونکہ جو کیبورڈ وینڈوز میں پایا جاتاہے اس میں عربی حروف تو ہیں لیکن اعراب نہیں ہیں جس سے قرآن یا حدیث یا کوئی عربی عبارت لکھنے میں خصوصاً اعراب ڈالتے وقت سب کو مشکل ہوتی ہے۔ میرا مشورہ یہی کہ سب بڑی مشکل بنیادی طورپر ہی ختم کردینا چاہئے ۔ اور ہمیشہ کا کیبورڈ ایک ہی ہوگا اور نہ کسی سافٹ وئیر کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔
والسلام
السلام علیکم بلال بھائی،
امید ہے آپ بہت اچھے ہوں گے۔۔۔۔آپ کے اردو انسٹالر کی جتنی تعریف کی جائے تھوڑی ہے۔۔۔یہ خاص طور پر مجھ جیسے نکموں کے لیے بہت بہترین ہے جو ہر بار کمپیوٹر پر اردو انسٹال کرنے کا طریقہ بھول جاتے تھے۔۔۔آپ یقین کریں ونڈوز انسٹال کرنے کے بعداردو میرا بڑا مسعلہ بنتی تھی کبھی عمار بھائی،کبھی منصور قیصرانی بھائی کو تنگ کرتی کہ مجھے کی بورڈ لے آؤٹ چاہیے۔۔انسٹال کرنے کا طریقہ ای میل کریں وغیرہ وغیرہ۔اب شکر ہے ایک کلک میں سارا کام ہوگیا۔
بلال بھائی مجھے ابھی ایک پرابلم ہے کہ میں نے نیا لیپ ٹاپ لیا ہے جو بھائی دبئی سے لایا ہے۔۔۔اس کی ڈیفالٹ لینگوئج انگلش اور عربی تھی۔۔۔ونڈوز 7 ہے۔۔۔میں نے عربی والا کی بوررڈ اُڑا دیا۔۔اور اس کی جگہ اردو کی بورڈ شامل کیا۔۔۔اب لینگوئج بار میں اردو انگلش دونوں نظر آتی ہیں لیکن نوٹ پیڈ پر ابھی بھی اردو کی جگہ عربی لکھی جارہی ہے۔۔۔جیسے اے کے ساتھ الف کی جگہ میم بن رہا ہے۔۔۔میں نے سیٹنگز میں اردو،پاک اردو دونوں کو چیک کیا ہوا ہے۔۔۔اب میں کیا کروں؟؟؟
محترم آپ کا بہت بہت شکریہ کہ آپ نے میری بات اور مسئلے کی نوعیت کو سمجھا۔
اللہ تعالیٰ آپ کو مکمل صحت، لمبی عمر اور بے شمار خوشیاں دے۔۔۔آمین
محترم یہ تو آپ کہتے ہیں لیکن ہماری نظر میں آپ کا نام شہیدوں کی لسٹ میں آتا ہے۔ 🙂
خیر آپ کے کام اور انسٹالر کے متعلق دی گئی معلومات سے مجھے ذاتی طور پر کافی کچھ سیکھنے کو ملا۔
میری کاوش پسند کرنے اور حوصلہ افزائی کرنے کا بہت شکریہ۔ اس انسٹالر کو دیکھئے گا اور فیڈ بیک بھی ضرور دیجئے گا تاکہ اگر کہیں کوئی مسئلہ ہو تو اسے ختم کیا جا سکے۔
اسداللہ شاہ (رکن القلم) کے تبصرہ کا جواب
درویش خُراسانی کے تبصرہ کا جواب
محمد عالمگیر کے تبصرہ کا جواب
اوشو کے تبصرہ کا جواب
وعلیکم السلام
آپ تمام دوستوں کا بہت بہت شکریہ۔ جنہوں نے میری اس کاوش کو پسند کیا اور حوصلہ افزائی کی۔
اللہ تعالیٰ آپ سب کو بے شمار خوشیاں دے۔۔۔آمین
اس مسئلہ کی بڑے اچھے طریقے سے وضاحت کرنے کا بہت بہت شکریہ۔
محترم مسئلہ سمجھا آپ نے تھا تو میں نے اس کا حل اپنی استطاعت کے مطابق دے دیا۔ باقی جہاں تک ہو سکا ان شاء اللہ میں اپنی طرف سے اردو کی ترویج میں حصہ ڈالتا رہوں گا۔
شیراز علی بھائی میری کاوش پسند کرنے کا بہت شکریہ۔
باقی آپ نے جو ”پاک اردو انسٹالر“ کے لئے کیا میں اس کے لئے آپ کا بہت شکر گزار ہوں۔
بات تو آپ کی ٹھیک ہے لیکن یہ کام بڑے بڑے اداروں کے کرنے کا ہے جو اردو کے ٹھیکیدار بنے بیٹھے ہیں۔ باقی جو ہم کر سکتے ہیں ہمیں وہ کرتے رہنا ہو گا۔ کسی ایسی بہتری کے انتظار میں رہنے کی بجائے اپنی کوشش جاری رکھنی ہو گی۔ ایک دفعہ پھر کہوں گا کہ آپ کی بات سو فیصد درست ہے اور ہمیں یہی مشورہ ان اداروں تک ضرور پہنچانا چاہئے۔ لیکن مسئلہ وہی کہ بلی کے گلے میں گھنٹی کون باندھے؟
وعلیکم السلام
سب پہلے تو میری اس کاوش کو پسند کرنے کا بہت بہت شکریہ۔ رہی بات آپ کے مسئلے کی تو سب سے پہلے یہ بتائیں کہ کیا آپ نے پاک اردو انسٹالر انسٹال کیا ہے تو انسٹال ہونے کے بعد یہ مسئلہ آ رہا ہے؟ ویسے کل ہی میں نے پاک اردو انسٹالر کو اپڈیٹ کیا ہے اور 64Bit کی سہولت بھی شامل کی ہے۔ آپ ایسا کریں کہ پہلے اگر پاک اردو انسٹالر انسٹال ہے تو اسے ختم کریں اور ساتھ ساتھ عربی یا دیگر جو بھی چیزیں ہیں کی بورڈ لے آؤٹ کے متعلق ہیں انہیں ختم کر دیں سوائے انگریزی کے۔ پھر دوبارہ یہاں سے نیا پاک اردو انسٹالر ڈاؤن لوڈ کریں اور انسٹال کر لیں۔ امید ہے آپ کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ یا پھر یہاں سے اردو کی بورڈ لے آؤٹ ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کر لیں اس سے بھی خود بخود اردو کی بورڈ شامل ہو جائے گا اور پھر اسے انسٹال کرنے کے بعد Change Keyboard میں جا کر اردو کے تمام کی بورڈ لے آؤٹ کو ان چیک کر دیں اور صرف Urdu PakSign Keyboard کو ہی منتخب رہنے دیں۔
امید ہے یوں آپ کا مسئلہ حل ہو جائے گا اگر پھر بھی کوئی مسئلہ ہو تو بتائیے گا۔ میں حتی المقدور تعاون کے لئے تیار ہوں۔
والسلام
بہتتتت شکریہ بلال بھائی۔۔۔میں نے پھر سے پاک انستالر کو ڈائنلوڈ کیا تو اردو والا مسئلہ بلکل ٹھیک ہوگیا۔۔۔ہمیشہ خوش رہیں بہت سااا :star: 🙂
میں کافی عرصہ کے بعد آپ کی ویب سائٹ پر آیا تو اتنا سارا کام دیکھ کر رہا نہ گیا کہ اس کو سراہے بغیر چلا جاؤں۔ جو جدو جہد مسلسل آپ کے کام اور عام یوزر کو کمپیوٹر سکھانے کےلیے یہاں دیکھنے کو ملتی ہے اس سی دلی خوشی ہوتی ہے۔ اور بہت سارے دوستوں کا سراہنا بھی بہت اچھا لگا اس لیے دل چاہا کہ ایک چھوٹی سی مبارکباد اور شکریہ میں بھی ادا کرتا چلوں۔
میں ابھی تک کینیڈا میں ہوں اپنی بیٹی کے علاج کے سلسلے میں، واپس آ کر یقیناٌ آپ سے بات ہو گی۔
سدا خوش رہیں!
چلو اچھا ہوا کہ آپ کا مسئلہ حل ہو گیا۔ مسئلہ یہ تھا کہ آپ کا لیپ ٹاپ 64Bit ہے اور جب آپ نے پاک اردو انسٹالر ڈاؤن لوڈ کیا تھا تب ابھی 64Bit کے لئے نہیں بنا تھا۔ اب پاک اردو انسٹالر 64Bit اور 32Bit دونوں کے لئے۔
میری یہ کاوشیں پسند کرنے کا بہت بہت شکریہ۔
جب واپس آئیں تو ضرور رابطہ کیجئے گا کیونکہ میں بھی اسی انتظار میں ہوں۔
اللہ تعالیٰ آپ کی بیٹی کو مکمل صحت، لمبی عمر اور بے شمار خوشیاں عطا کرے۔۔۔آمین
امید کرتا ہوں جو لوگ میرا یہ پیغام پڑھیں گے وہ بھی آپ کی بیٹی کے لئے دعا کریں گے۔
السلام علیکم
بہت اچھی تخلیق ہے اور میری جانب سے ڈھیروں ڈھیر مبارکباد اور نیک تمنائیں
ابھی انسٹال کر کے نہیں دیکھا، آج تجربہ کروں گا
وعلیکم السلام
میری یہ کاوش پسند کرنے کا بہت بہت شکریہ۔ ویسے تجربے کے بعد آگاہ کیجئے گا اور اپنا قیمتی مشورہ ضرور دیجئے گا۔
اردو پاک سائن کی بورڈ میں چند ایسے اسپیشل کیریکٹرز ہیں مثلاً ﷽ شفٹ بی دبانے سے آتا ہے، یہ کیریکٹر موزیلا میں درست نظر آتا ہے لیکن کروم وغیرہ میں نہیں۔ کیا اس کا کوئی حل ہے۔
یہ سوال میرے بلاگ میں پاک اردو انسٹالر پر گفتگو میں آیا ہے۔
http://atarafi.com/pak-urdu-installer/
بھائی اس کا جواب کافی وضاحت طلب ہے۔ آسان الفاظ میں اتنا ہی کہوں گا کہ یہ ”پاک اردو انسٹالر“ کا مسئلہ نہیں بلکہ اردو فانٹس کی براؤزر کے ساتھ یا براؤزر کی یونیکوڈ فانٹس کے ساتھ Compatibility کا مسئلہ ہے۔ اس کے حل کے لئے ہمیں انتظار کرنا پڑے گا۔
بھای آپ نے تو کمال کا کام کیا ہے ـ شاباش صدا خوش رھو