اگر آپ کے اینڈرائڈ موبائل وغیرہ پر اردو لکھنے کے لئے اردو کیبورڈ لے آؤٹ موجود نہیں یا پھر آپ فونیٹک کیبورڈ لے آؤٹ چاہتے ہیں تو اس کے لئے آپ کو علیحدہ سے کیبورڈ انسٹال کرنا پڑے گا۔ یہ بہت ہی آسان طریقہ ہے۔ اس وقت اینڈرائڈ مارکیٹ میں دو اچھے اردو کیبورڈ لے آؤٹ موجود ہیں۔
1:- ملٹی لنگ کیبورڈ (Multiling Keyboard)
2:- گو کیبورڈ (Go Keyboard)
ان کیبورڈ کے انگریزی کے علاوہ اور کئی زبانوں کے پلگ ان (Plugin) دستیاب ہیں۔ ان میں اردو پلگ ان بھی موجود ہے۔ ان کیبورڈ اور ساتھ میں اردو پلگ ان کے ذریعے آسانی سے ہر جگہ اردو لکھی جا سکتی ہے۔ پہلے کیبورڈ اور اردو پلگ ان انسٹال کیا جاتا ہے، پھر اپنی ضرورت کے مطابق ان کی سیٹنگ کی جاتی ہے۔ آپ کو دونوں میں سے جو کیبورڈ پسند ہو وہ انسٹال کر لیں یا پھر دونوں بھی انسٹال کر سکتے ہیں۔ ذاتی طور پر پہلے مجھے گو کیبورڈ پسند تھا، مگر اب مجھے ملٹی لنگ کیبورڈ زیادہ بہتر لگتا ہے اور آج کل میں یہی استعمال کر رہا ہوں۔ دراصل ملٹی لنگ کیبورڈ کا حجم بھی کم ہے اور اگر آپ کے موبائل میں اردو کا بہتر فانٹ موجود نہیں تو پھر ملٹی لنک کیبورڈ ایک ایسی ایپلیکیشن ”مائی سکرپٹ“ دیتا ہے جس کی مدد سے آپ بہتر فانٹ کے ساتھ اردو لکھ کر ایس ایم ایس یا کسی دوسری جگہ پیسٹ کر سکتے ہیں اور موصول ہونے والے پیغامات بھی اس ایپلیکیشن میں پیسٹ کر کے پڑھ سکتے ہیں۔
یاد رہے اینڈرائڈ ایپلیکیشن کی اپنی ایک مارکیٹ ہے۔ جسے عام طور پر ہم موبائل کے ذریعے ہی کھول کر وہاں سے اپنی مرضی کی ایپلیکیشن ڈاؤن لوڈ اور انسٹال کر لیتے ہیں۔ موبائل کے ذریعے مارکیٹ سے کوئی چیز ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے موبائل پر انٹرنیٹ چالو ہونا ضروری ہے اور ساتھ میں آپ کے پاس گوگل اکاؤنٹ/جی میل اکاؤنٹ ہونا ضروری ہے۔
ملٹی لنگ کیبورڈ (Multiling Keyboard)
ملٹی لنگ کیبورڈ انسٹال کرنے کے لئے اپنے اینڈرائڈ موبائل کی مارکیٹ میں جائیں۔
تلاش والے خانے میں Urdu Keyboard لکھ کر تلاش کریں۔
یہاں سے ملٹی لنگ کیبورڈ کی مین ایپلیکیشن (Multiling Keyboard) انسٹال کریں۔
یہ مفت کی ایپلیکیشن ہے۔ انسٹال کرنے کے لئے ایپلیکیشن پر ٹیپ کریں، پھر Download اور پھر Accept & download پر ٹیپ کریں۔ یوں ایپلیکیشن ڈاؤن لوڈ ہونا شروع ہو جائے گی۔ جیسے ہی ڈاؤن لوڈنگ مکمل ہو گی ساتھ ہی خودبخود انسٹال بھی ہو جائے گی۔ انسٹال ہونے کے بعد سکرین پر Open اور Uninstall کی آپشن آ جائیں گی۔
یہاں سے واپس جائیں اور اب ملٹی لنگ کا اردو پلگ ان انسٹال کریں۔ اردو پلگ ان کا نام Plugin Urdu Pakistani ہے۔ اسے بھی انسٹال کر لیں۔
اب ملٹی لنگ کیبورڈ اور اس کا اردو پلگ ان انسٹال ہو چکا ہے۔ اب اس کو چالو کرنے اور سیٹنگ کی ضرورت ہے۔
اپنے موبائل کے مطابق Settings اور پھر Language and keyboard یا Local and text میں جائیں۔ اب یہاں پر آپ کو دیگر آپشنز کے ساتھ ساتھ ملٹی لنگ کیبورڈ کی دو آپشن نظر آ رہی ہوں گی۔ پہلے والی کیبورڈ منتخب کرنے والی ہے اور دوسری کیبورڈ کی سیٹنگ کی ہے۔
پہلے والی کے ذریعے ملٹی لنگ کیبورڈ کو منتخب کریں اور پھر دوسری کو ٹیپ کرتے ہوئے سیٹنگ میں داخل ہوں۔ یہاں پر Languages اور پھر Languages کو ٹیپ کریں۔ اب یہاں آپ کو ایسی زبانوں کی فہرست نظر آئے گی جو ملٹی لنگ کیبورڈ استعمال کرتے ہوئے لکھی جا سکتی ہیں۔ اس فہرست میں English اور ”اردو“ کو منتخب کریں اور اگر باقی کوئی منتخب کی ہوئی ہے تو اسے ختم کر دیں۔ اب واپس آ جائیں۔ اگر آپ دیگر اپنی ضرورت کے مطابق سیٹنگز کرنا چاہتے ہیں تو وہ بھی ملٹی لنگ کی سیٹنگ میں موجود دیگر آپشن سے کر سکتے ہیں۔ جیسے اگر دیگر موبائل آپ کے اردو پیغامات ٹھیک نہ پڑھ سکتے ہوں یا اردو ”لکھتے“ ہوئے الفاظ ٹوٹ رہے ہوں، تو اس کے لئے Non-Latin settings میں سے Connect Arabic کو منتخب کریں۔
ملٹی لنگ کیبورڈ انسٹال اور اس کی اردو کے متعلق سیٹنگ مکمل ہو چکی ہے۔ بس اب Input method تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کا آسان حل یہ ہے کہ کسی بھی ایسی جگہ جائیں جہاں کچھ لکھا جاسکتا ہو۔ جیسے ایس ایم ایس لکھنے والی جگہ پر جائیں۔ جہاں ایس ایم ایس لکھا جاتا ہے وہاں پر ٹیپ کیے رکھیں۔ یوں Input method کی آپشن ظاہر ہو گی۔ Input method میں جائیں اور کیبورڈ کی فہرست میں سے Multiling keyboard کو منتخب کر لیں۔ لیں جی ہر کام مکمل ہو چکا ہے۔ اب جہاں چاہیں اردو لکھیں۔
انگریزی یا اردو لکھتے ہوئے ایک زبان سے دوسری پر جانے کے لئے یا تو کیبورڈ کے سپیس بار کو ٹیپ کئے رکھیں اور زبانوں کی فہرست ظاہر ہو جائے گی، اس میں سے مطلوبہ زبان پر جا کر چھوڑ دیں یا پھر سپیس بار کو ٹیپ کیے ہوئے دائیں یابائیں لے جائیں، اس طرح بھی ایک زبان سے دوسری اور دوسری سے پہلی پر منتقل ہو سکتے ہیں۔
گو کیبورڈ (Go Keyboard)
جس طرح ملٹی لنگ انسٹال کیا ہے اسی طرح مارکیٹ سے گوکیبورڈ بھی انسٹال کر سکتے ہیں۔ مارکیٹ میں urdu keyboard ہی لکھ کر تلاش کریں۔ پہلے مین ایپلیکیشن اور پھر اردو پلگ ان انسٹال کر لیں۔ ایپلیکیشن کا نام GO Keyboard ہے اور اس کے اردو پلگ ان کا نام Urdu for GO Keyboard ہے۔ دونوں کو انسٹال کر لیں اور بالکل ملٹی لنگ کی طرح یا اس سے ملتے جلتے طریقہ سے ہی اس کی سیٹنگ بھی ہوتی ہے۔
اگر آپ کے اینڈرائڈ موبائل میں اردو سپورٹ موجود نہیں یعنی اردو الفاظ ٹوٹ جاتے ہیں یا اردو کی جگہ ڈبے بن جاتے ہیں تو اس کے لئے اینڈرائیڈ میں اردو سپورٹ شامل کرنے والا صفحہ دیکھیں۔
مجھے گو کیبورڈ اسلئے اچھا لگتا ہے کہ اس میں پورے پورے الفاظ موجود ہیں اور ٹائپنگ خاصی تیز رفتار ہوتی ہے۔ کسی زمانے میں میں نے ملٹی لنگ بھی استعمال کیا تھا لیکن غالباَ اسمیں الفاظ کا ذخیرہ اتنا نہیں تھا۔ اب کیا حالات ہیں آپ ہی بتا سکتے ہیں۔
ویسے پرانے موبائل پر، کمزور پراسسر اور ریم کے ساتھ ان میں سے کونسا بہتر ہے؟ شکریہ۔
فیصل بھائی دراصل میں ڈکشنری استعمال نہیں کرتا اس لئے فی الحال بغیر تحقیق کے الفاظ کے ذخیرہ کے متعلق کچھ نہیں بتا سکتا۔ باقی کمزور پراسسر اور ریم کے لحاظ سے میں نے ملٹی لنک کو بہتر پایا ہے۔ ویسے میرے سونی اریکسن آرک پر گو کیبورڈ ملٹی لنک کی نسبت بالکل تھوڑا سا سست ہوتا ہے جس کا عام طور پر پتہ بھی نہیں چلتا۔
بلال بھائی ۔ سلام مسنون !
اللہ پاک سے دُعا ہے کہ آپ کو طویل عمر عطا فرمائے ۔
بلال بھائی مجھے ویب سائٹ بنانا ہے اس کے لئے آپ سے میری التجا ہے کہ ویب سائٹ بنانے والے متعلق تمام باریکیوں اور اُس سے متعلق مواد فراہم کریں ۔نیزویب سائٹ بنانے سے متعلق سافٹ ویئر ، ویب سائٹ بنانے کے بعد اسے انٹرنیٹ پرکس طرح سے پیش کریں گے ان تمام اُمور پر میری رہنمائی فرمائیں ۔ اللہ پاک آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے ۔ آمین ثم آمین ۔
خیر خواہ : محمد سالک ۔مہاراشٹر، انڈیا
وعلیکم السلام
محترم جتنی باتیں آپ نے پوچھی ہیں، میرے خیال میں اس کے بعد ویب ڈیزائنگ میں کچھ باقی نہیں رہ جاتا۔ محترم یہ کوئی ایک دو تحاریر کی باتیں نہیں بلکہ اس پر کئی کتابیں لکھی جا سکتی ہیں۔ خیر آپ ان تین روابط پر دیکھیں تو آپ کو اس متعلق بہت ساری معلومات مل جائے گی۔
http://www.mbilalm.com/blog/basic-html/
http://www.mbilalm.com/blog/urdu-website-and-encoding-system/
http://www.mbilalm.com/blog/urdu-and-blog/
یوں تو اس کتاب میں بلاگ کے متعلق ذکر ہے لیکن یاد رہے بلاگ ویب سائیٹ کی قسم ہی ہے۔ اگر آپ اس کتاب کو پڑھ لیں تو یوں آپ کو ویب سائیٹ بنانا آ جائے گی۔
بہت شکریہ بلال! یہ درد سری بھی دور لردی آپ نے۔ فی الحال تو ملٹی لنگ انسٹال کرلیا ہے اب دیکھتے ہیں کیا نتیجہ آتا ہے۔ وقت ملا تو گو کیبورڈ کو بھی ٹیسٹ کریں گے۔
آپ کا بھی بہت شکریہ۔
جی ضرور دونوں کیبورڈز کی جانچ کریں اور اپنے تجربات بھی آگاہ کریں تاکہ ہم بھی مزید بہتری کی طرف جا سکیں۔
کیا ان لے آوٹس میں “آ” شامل ہے؟
ملٹی لنگ میں تو “آ” اور “ں” دونوں شامل ہیں۔ 🙂
بالکل ان کیبورڈز میں ”آ“ شامل ہے۔ جیسے کمپیوٹر کے فونیٹک اردو کیبورڈ میں شفٹ ”A“ پر ”آ“ ہے بالکل ویسے ہی ان میں بھی شفٹ ”A“ پر ہی ہے۔ اس کے علاوہ باقی حروف بھی تقریبا کمپیوٹر کے کیبورڈ کی طرح ہی ہیں۔
آپ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ملٹی لنگ کی بورڈ انسٹال کر لیا ہے اور کافی پسند آیا ہے۔ شکریہ
پیارے دوست اسلام علیکم
میں نے نیٹ ورکنگ میں پہلی بار اُردو آٹی دنیا ڈوٹ کوم پر لکھی میرے ٹاءپ کرنے میں یہ پریشانی ہو رہی ہے کے میں
جو کی بورڈ استعمال کرتا ہوں وہ ہے ( مونوٹاءپ) اب آپ مجھے بتا سکتے ہیں چند الفاظ درست ٹاءپ نہیں ہو رہے ہیں تو کچھ
مدد فرماءیں جیسا کہ آپ نے میری ٹاءپنگ سے ہی اندازہ لگا لیا ہو گا جواب کا انتظار رہے گا شکریہ
یوں تو میں نئے لوگوں کو پاک اردو انسٹالر کا مشورہ دیتا ہوں، مگر آپ پہلے سے مونو ٹائیپ پر اردو لکھنا جانتے ہیں تو آپ کی آسانی کے لئے اردو مونوٹائیپ کیبورڈ حاضر ہے۔ الفاظ پر لنک موجود ہے، یہاں سے ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کر لیں اور پھر جہاں چاہیں اردو لکھیں۔
پیارے م بلال م بھاءی ( اسلام علیکم)
میں نے اپنی میں نے اپنی پوسٹ میں یہ کہانا چاہا تھا کے کچھ الفاظ مونوٹاءپ میں غلط ٹاءپ ہو رہے ہیں یعنی کی بورڈ میں الفاظ
آپس میں نہیں مل ِ رہے ہیں ٹاءپ تو میں کرتا ہوں لیکن یہ کیا وجہ ہے کیونکہ ان پیج وغیرہ میں تو اس طرح کی کوءی بھی چیز
نہیں ہوتی ہے پھر کی بورڈ میں اتنا فرق کیو آرہا ہے کے الفاظ ہی غلط ٹاءپ ہوں یہ جاننا چاہتا ہوں کیا آپ بتا سکتے ہیں پوسٹ کا جواب دینے اور پوسٹ کرنےکا بہت بہت شکریہ اگلے جواب کا منتظر رہوں گا
وعلیکم السلام!
دراصل انپیج کی تحریر اور کمپیوٹر کی ”اردو“ میں تھوڑا سا فرق ہے۔ زیادہ تر یہ فرق تین حروف ہمزہ، نون غنہ اور ”ی“ کا ہے۔ خیر اس فرق کے متعلق اور کمپیوٹر پر اردو لکھنے کے متعلق مزید وضاحت کمپیوٹر پر اردو لکھنے کے اصول میں دیکھیں۔
السلام علیکم بلال
بہت شکریہ آپ نے بہت وضاحت سے سارا طریقہ سمجھایا۔ اب ایک بات بتائیں۔ آپ نے لکھا ہے کہ ” ملٹی لنک کیبورڈ ایک ایسی ایپلیکیشن ”مائی سکرپٹ“ دیتا ہے جس کی مدد سے آپ بہتر فانٹ کے ساتھ اردو لکھ کر ایس ایم ایس یا کسی دوسری جگہ پیسٹ کر سکتے ہیں اور موصول ہونے والے پیغامات بھی اس ایپلیکیشن میں پیسٹ کر کے پڑھ سکتے ہیں۔”۔۔۔ یعنی اردو میں جو ٹیکسٹ موصول ہوئے پہلے ان کو اس اپلیکیشن میں پیسٹ کرنا ہو گا :(؟ معذرت سوال بہت بے وقوفانہ ہے لیکن پھر بھی پوچھ رہی ہوں۔
جی بالکل مائی سکرپٹ اپلیکیشن میں پیسٹ کر کے پڑھ سکتے ہیں۔ یہ میں نے چند موبائل فون پر آزما کر دیکھا ہے باقی میں ہر کسی موبائل کی اس معاملے میں گارنٹی نہیں دے سکتا۔ ویسے جب آپ کے موبائل فون کی وارنٹی ختم ہو تو بتائیے گا، پھر اس کا کوئی مستقل حل نکال دیں گے۔
محترم جناب بلال صاحب اسلام علیکم
آپ سے پہلے بھی میں نے مونو ٹاءپ کی بورڈ کے بارے میں آپ سے عرض کیا تھا جس کا جواب آپ نے دیا اب عرض یہ کرنی ہے کہ میں نے اپنے کمپیوٹر میں ونڈو لوڈ کی ہے لیکن مونوٹاءپ جو کے کے لنک سے ڈاون لوڈ کیا تھا اب وہ انسٹال نہیں ہو رہا ہے
اور ایرر ے رہا میں پھر ڈاون لوڈ کیا لیکن مونوٹاءپ ایڈ نہیں ہو رہی ہے میں تمام چیزیں آپ کے پیج سے دیکر بھی کر رہا ہوں تو بھی معملات ویسے ہی ہیں آپ کا مشووہ درکارہے دوبارہ بتا دیں ابک بار پھر آپ کا بہت بہت شکریہ جواب کا منتظر رہو ں گا ۔
محترم کوئی ایرر، کوئی ایرر نمبر، کوئی ایرر کی نوعیت؟ کچھ پتہ ہو تو پھر ہی میں کچھ بتا پاؤں گا۔
محترم جناب بلال صاحب اسلام علیکم،
مَیںکافی عرصے سے اپنے ایچ ٹی سی، وائلڈ فائر ایس کے لئے اردو سپورٹ کے سلسلے میں پریشان تھا ۔ اللہ کریم آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آپ کا تجویز کردہ ملٹی لنگ کی بورڈ انسٹال کرنے اور کنیکٹ عریبک کو فعال کرنے کے بعد اب مَیں بہت مزے سے اردو لکھ سکتا ہوں، تقریبآ کمپیوٹر پہ اردو لکھے جانے کی طرح
سلامتی کی دعاؤں کے ساتھ
آ ئ فون پر اردو لکھنے کے لیے کو ئ حل ہے؟
السلام علیکم !
جناب میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ انڈرائڈ فون کے لیے اردو کی بورڈ کے علاوہ مختلف قسم کے فونٹس
دستیاب ہیں؟ اور اگر ہیں تو کہاں سے اور کیسے ڈاون لوڈ کر سکتے ہیں ۔آپکی بڑی مہربانی ہوگی۔
شکریہ۔
اب جب کہ میں نے اینڈرائڈ فون لے ہی لیا تو پھر یہ سب کچھ تو کرنا ہی پڑے گا ناں ورنہ انگلش تو مجھے آتی ہی نہیں 🙂
محترم بلال صاحب ۔کیا اینڈرائیڈ میں نستعلیق فاؤنٹ میںلکھنا ممکن ھے ۔اگر نہیں تو کچھ تدبیر کریں نہ ۔آپ کے اس عمل پر لاکھوں پاکستای آپ کے شکرگزار ھونگے۔
Thanks Dear M. Bilal Sahib……. I often visit your site from last few years . keep improving dear…..