مارچ 1, 2012 - ایم بلال ایم
60 تبصر ے

اردو فارمیٹر – شامل پلگ ان – اردو انگریزی بلاگنگ ایک ساتھ

کچھ دن پہلے فیس بک پر کوئی انگریزی بلاگر ابو شامل سے پوچھ رہا تھا کہ میں انگریزی بلاگنگ کے ساتھ ساتھ اردو بلاگنگ بھی کرنا چاہتا ہوں تو بتاؤ میں کیا کروں۔ ان حضرت نے اسے کہا کہ انتظار کرو میں اس متعلق مواد تلاش کر کے دیتا ہوں۔ پتہ نہیں اس کو مواد دیا یا نہیں لیکن میں نے وہ پڑھا اور اپنے طور پر اس کی کھوج لگانی شروع کی کہ پرانے طریقوں کے علاوہ ایسا کام مزید کس کس طرح ہو سکتا ہے۔ کئی طریقوں کا پتہ چلا لیکن میں کوئی خودکار نظام چاہتا تھا تاکہ انگریزی بلاگر آسانی سے اور ایک ہی بلاگ پر انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو بلاگنگ بھی کر سکیں۔ یوں اس بندے ابو شامل کی وجہ سے مجھے کام کرنا پڑا اور ورڈپریس کا ”شامل پلگ ان“ آپ کی خدمت میں حاضر ہے۔ یاد رہے پلگ ان کے نام کے بارے میں یہ نہ سوچئے گا کہ یہ ”بوڑھے“ ابو شامل(فہد) کے نام پر ہے بلکہ یہ ہمارے نوجوان دوست شامل (ابن فہد) کے نام پر ہے۔ بوڑھے دوستوں کا ہم خروج لگا رہے ہیں اور نئے نوجوان دوستوں کی فوج بنا رہے ہیں۔ آخر یہ کیا ماجرہ ہے وہ پھر سہی۔

اردو فارمیٹر – شامل پلگ ان بنانے کا بنیادی مقصد ایسے پیارے لوگوں کو آسانی فراہم کرنا ہے جو انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو بلاگنگ بھی کرنا چاہتے ہیں۔ مزید ان کے ساتھ ساتھ ایسے لوگ بھی شامل ہیں جن کے بلاگ پر اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں تبصرے (Comments) ہوتے ہیں تاکہ اردو تبصروں پر بغیر کسی محنت کےاردو کی مناسبت سے فانٹ اور سائز وغیرہ خودبخود لاگو ہو جائے۔ یوں ایک ہی جگہ پر اردو اور انگریزی تحریر اپنے اپنے انداز میں بہتر پڑھی جائے گی اور پڑھنے والوں کو آسانی ہو گی۔ مزید اگر یہ پلگ ان انگلش تھیم کے ساتھ استعمال ہو تو اردو تحریر پر اردو کی مناسب فارمیٹنگ لاگو کرے گا اور اگر اردو تھیم کے ساتھ استعمال ہو تو انگریزی تحریر پر انگریزی کی مناسب فارمیٹنگ لاگو کرے گا کیونکہ شامل پلگ ان ایک وقت میں دونوں زبانوں میں بلاگنگ کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

شامل پلگ ان کن کے لئے ہے؟

    سب سے پہلے ایسے انگریزی بلاگر جو انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو میں بھی پوسٹ کرنا چاہتے یا کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ چاہے کوئی بلاگر اردو میں پوسٹ کرتا ہے یا نہیں لیکن یہ پلگ ان ہر اس بلاگر کو فائدہ دے گا جس کے بلاگ پر دیگر کمنٹس کے ساتھ اردو میں بھی کمنٹ ہوتے ہیں۔ یہ پلگ ان اردو میں کئے گئے کمنٹ کو خودبخود اردو کے مطابق فانٹ، سائز اور سمت دے دے گا۔
    ایسے اردو بلاگر جن کے بلاگ پر اردو کے ساتھ ساتھ انگریزی میں بھی کمنٹ ہوتے ہیں۔
 
    خاص طور پر ایسے نئے اردو بلاگر جو اردو تھیم کے لئے بہت زیادہ وقت ضائع کر دیتے ہیں۔ وہ کوئی بھی انگریزی تھیم لگائیں اور پھر اس پلگ ان سے تحریر اور تبصرے وغیرہ کی فارمیٹنگ خودکار طریقے سے اردو کے مطابق ہو جائے گی۔
 
    ایسے پرانے اردو بلاگر جن کے بلاگ پر ابھی تک اردو کی مناسبت سے فانٹ، سائز اور سمت وغیرہ نہیں کی گئی۔

شامل پلگ ان کرتا کیا ہے؟

    اگر اس پلگ ان کو ”انگریزی تھیم“ کے ساتھ استعمال کیا جائے تو یہ پلگ ان اردو میں لکھی گئی پوسٹ اور کمنٹ وغیرہ میں اردو کو خودبخود دیکھ کر اردو تحریر پر اردو کی مناسبت سے فانٹ، سائز اور سمت لاگو کر دے گا اور انگریزی میں لکھے ہوئے مواد پر اثر انداز نہیں ہو گا یعنی انگریزی مواد تھیم کے مطابق جیسے پہلے تھا ویسا ہی رہے گا۔
    اگر اس پلگ ان کو ”اردو تھیم“ کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے تو تب یہ انگریزی میں لکھی ہوئی پوسٹ اور کمنٹ وغیرہ پر انگریزی کی مناسبت سے فانٹ، سائز اور سمت لاگو کر دے گا اور اردو مواد تھیم کے مطابق ہی رہے گا۔
    اس پلگ ان کی مدد سے کسی بھی تحریر میں اردو اور انگریزی ٹیگ استعمال کئے جا سکتے ہیں جن سے ایک وقت میں دونوں زبانیں لکھتے ہوئے تحریر کی خوبصورتی برقرار رہے گی۔
    یاد رہے یہ پلگ ان کسی تحریر کی زبان کی پہچان کے لئے اس تحریر کے پہلے حرف کو دیکھے گا۔ جیسے اگر پہلا حرف اردو میں ہوا تو اردو کی مناسبت سے فارمیٹنگ لاگو ہو گی۔

اردو فارمیٹر – شامل پلگ ان یہاں سے ڈاؤن لوڈ کریں

پلگ ان استعمال کرنے کا طریقہ

جیسے دیگر ورڈپریس پلگ ان انسٹال کیے جاتے ہیں بالکل ویسے ہی یہ پلگ ان بھی انسٹال کیا جاتا ہے۔ انسٹال کرنے اور چلانے (Activate) کے بعد یہ پلگ ان خودکار طریقے سے اپنا کام شروع کر دیتا ہے۔ کیونکہ بنیادی طور پر اردو کی ترویج کو مدِ نظر رکھتے ہوئے یہ پلگ ان انگریزی تھیم کے لئے بنایا گیا ہے اس لئے اس کی ڈیفالٹ سیٹنگز انگریزی تھیم کے مطابق ہیں۔ اگر اسے اردو تھیم کے ساتھ استعمال کرنا ہو تو پھر انسٹال کرنے اور چلانے کے بعد ایڈمن پینل میں Settings کی ذیلی فہرست میں Urdu Formatter والے صفحہ سے تھیم والی آپشن کو تبدیل کر لیں۔ مزید یہ پوسٹ، کمنٹ اور پوسٹ کے خلاصے (Excerpt) کے ساتھ خودکار طریقے سے کام کرنا شروع کر دیتا ہے۔ اگر کوئی خود کار نظام بند کرنا ہو تو وہ بھی Urdu Formatter والے صفحہ سے بند کیا جا سکتا ہے۔
یہ تو تھیں تھیم کے مطابق خودکار طریقے سے زبان کی پہچان کر کے اسے زبان کے مطابق فارمیٹنگ دینا۔ اس کے علاوہ کسی بھی تھیم کے ساتھ استعمال کرتے ہوئے آپ خود سے فارمیٹنگ کے لئے ٹیگ بھی کسی تحریر میں دے سکتے ہیں۔ جیسے انگریزی پوسٹ کے درمیان اگر کوئی اردو لفظ آئے تو اس کے ساتھ [urdu] کا ٹیگ استعمال کر سکتے ہیں۔ جس لفظ پر یہ ٹیگ لگایا جائے گا، یہ پلگ ان اس لفظ پر خود بخود اردو کے مطابق فارمیٹنگ لاگو کر دے گا۔ اگر تحریر کے درمیان میں ایک دو اردو الفاظ کی بجائے کوئی پہرہ آئے تو پھر [urdu_text] کے ٹیگ کا استعمال کر سکتے ہیں۔ جس طرح انگریزی پوسٹ میں [urdu] ٹیگ کا استعمال کر سکتے ہیں بالکل ویسے ہی اردو پوسٹ میں [english] اور [english_text] کا استعمال کر سکتے ہیں۔ جس طرح دیگر ٹیگ لگاتے ہوئے ٹیگ شروع اور پھر بند کیا جاتا ہے بالکل ویسے ہی ان ٹیگ کو ”/“ لگا کر بند کیا جاتا ہے۔ مزید یہ ٹیگ خودبخود مناسب سائز وغیرہ استعمال کرتے ہیں لیکن اگر چاہیں تو ان ٹیگ کے ساتھ اپنی مرضی کا سائز اور سمت بھی دے سکتے ہیں۔ جس کی وضاحت مثالوں سے کی گئی ہے۔

اردو ٹیگ کا استعمال۔

Urdu is the national language [urdu]قومی زبان[/urdu] of Pakistan.

اردو ٹیگ کے ساتھ سائز کا استعمال

Urdu is the national language [urdu size="16"]قومی زبان[/urdu] of Pakistan.

اگر [urdu_text] ٹیگ کا استعمال کرنا ہو تو یہ بھی ویسے ہی کام کرے گا لیکن اگر چاہیں تو اس ٹیگ میں سائز کے ساتھ ساتھ سمت بھی دے سکتے ہیں یا کوئی ایک بھی دے سکتے ہیں۔ جیسے

Urdu is the national language [urdu_text size="19" align="right"]قومی زبان[/urdu] of Pakistan.

سائز پکسل میں شمار ہو گا اور align میں left, right یا justify دے سکتے ہیں۔ اگر سائز یا سمت خود سے نہیں دیتے تو پھر اردو یا انگریزی کی مناسبت سے خود ہی بہتر سائز اور سمت لاگو ہو جائے گا۔ جس طرح [urdu]اور [urdu_text] کا استعمال کیا ہے بالکل اسی طرح [english] اور [English_text] کا استعمال کر سکتے ہیں۔

یہ پلگ ان ورڈپریس کے سٹینڈرڈ فنکشن کے ساتھ کام کرے گا۔ اگر کسی تھیم میں کسی کام کے لئے خود سے فنکشن بنائے گئے ہوں جیسے عام طور پر Excerpt کے لئے بنائے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں یہ اس فنکشن کے ساتھ کام نہیں کرے گا۔ اس کا حل یہ ہے کہ آپ تھیم میں جہاں پر ایسا کوئی فنکشن استعمال ہوا ہو وہاں اس فنکشن کے شروع اور آخر پر درج ذیل کوڈ شامل کر دیں مثلاً اگر Excerpt کے لئے ایسا کوئی فنکشن بنایا گیا ہے تو Excerpt کو خودکار طریقہ سے زبان کے مطابق فارمیٹنگ دینے کے لئے تھیم میں جہاں پر Excerpt ظاہر کرنے کا کوڈ ہو اس کے شروع اور آخر پر پی ایچ پی کے درج ذیل کوڈ کا اضافہ کر دیں۔ اگر آپ ایچ ٹی ایم ایل اور پی ایچ پی کے بارے میں تھوڑا بہت جانتے ہیں تو تب ہی یہ کوڈ شامل کیجئے گا نہیں تو آپ تھیم میں خرابی بھی کر سکتے ہیں۔

شروع کا کوڈ

do_action('urdu_start');

آخر کا کوڈ

do_action('urdu_end');

مثال

<?php do_action('urdu_start'); my_function(); do_action('urdu_end'); ?>

مزید اس کوڈ کے ساتھ سائز، سمت، رنگ اور لائن کا وقفہ یہ تمام کے تمام یا ان میں سے چند ایک کا کوڈ اور ان کی اپنی مرضی کی ویلیوز شامل کر سکتے ہیں۔ جس کی مثال درج ذیل ہے۔

<?php
do_action('urdu_start',array('font_size'=>'19', 'line_height'=>'31', 'text_color'=>'blue', 'text_align'=>'right'));
my_function();
do_action('urdu_end');
?>

یاد رہے یہ کوڈ لکھنے سے بھی فارمیٹنگ لاگو کرنے سے پہلے تحریر کی زبان دیکھی جائے گی اور اگر زبان اردو ہوئی تو تب ہی اردو فارمیٹنگ لاگو ہو گی ورنہ تحریر پر کچھ بھی اثر انداز نہیں ہو گا اور تحریر تھیم کے مطابق ہی ظاہر ہو گی۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست 60 تبصرے برائے تحریر ”اردو فارمیٹر – شامل پلگ ان – اردو انگریزی بلاگنگ ایک ساتھ

  1. ماشاءاللہ بلال بھائی ایک بار پھر بہت عمدہ کام کیا ہے آپ نے ، اللہ پاک آپ کو لمبی صحت و تندرستی والی عمر دے اور آپ یونہی ہمیشہ اردو کی ترویج کی خاطر کام کرتے رہو۔

    بلال بھائی مجھے ایک ایسا پلگ ان درکار ہے جو کہ خود بخود کسی تحریر میں سے ٹیگز منتخب کرلے۔ کیا کوئی ایسا پلگ ان مل سکتا ہے ؟ اگر ہے تو برائے مہربانی ڈائون لوڈ لنک لیں مہیا کردیں۔ جزاک اللہ

    1. میں نے اردو فارمیٹر شامل پلگ ان اپنی ورلڈ پریس ویب سائیٹ میں انسٹال کیا ہے۔ جب میں پوسٹ میں اردو لکھتا ہوں تو پوسٹ میں ؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟ اس طرح کے نشان ظاہر ہوتے ہیں۔ اس مسئلے کا کیا حل ہے۔

  2. میں ایک ایسے پلگ ان بلکہ “پلگ آف” کے بارے میں جانتا ہوں کہ بلاگر لکھے کچھ نہ لیکن تبصرے فیر وی شائع ہوتے رہیں گے۔
    کسی غریب بلاگر کو ضرورت ہو تو عرض کر دے۔ 😉

  3. بھائی ایسا ممکن ہے کہ ورڈ پریس ایڈیٹر میں جو فارمیٹنگ بٹنز ہوتے ہیں اس پلگ ان کے کچھ بٹنز وہاں نمودار ہوجائیں۔؟ جس ٹیکسٹ پر اپلائی کرنا ہو اسے سیلیکٹ کرکے بٹن پریس کردیا جائے اور کام ہوجائے۔

    1. جی ایسا ہو سکتا ہے۔ ورڈ پریس کے پرانے ورژن میں آسانی سے ممکن تھا لیکن نئے ورژن میں کچھ مشکلات آ رہیں تھیں تو اس کو آئندہ کی اپڈیٹ کے لئے رکھ لیا تھا۔ دعا کیجئے گا کہ اس میں کامیاب ہو سکوں۔

  4. آپ نے تو یوں سمجھیں گویا میدان مار لیا۔میں اس طرح کا پلگ ان بنانے کی کوشش میں تھا آپ نے تو میرے سے پہلے ہی بنا ڈالا ، چلیں اب مجھے محنت نہیں کرنی پڑے گی۔اللہ اور کامیاب کرے آپ کو۔آمین۔

    1. ارے بھائی محنت تو آپ کو کرنی ہی پڑے گی کیونکہ یہ پلگ ان بن گیا تو کیا ہوا ابھی اردو کے لئے اور بہت کام کرنے ہیں اور اردو کو آپ جیسے محنتی نوجوانوں کی سخت ضرورت ہے۔

  5. بلال بھائی بہت اچھا کام کیا ہے۔ بلاگ سپاٹ استعمال کرنے والے غریبوں کے بارے میں سوچ لو یار۔

    1. اس بارے میں یاسر علی بھائی کافی سوچ رہے ہیں اس لئے ہم نے ایسی سوچ پر سوچا ہی نہیں۔ خیر اب امید ہے کہ یاسر علی بھائی کے تعاون سے کچھ سوچتے ہیں۔

  6. مجھے آپ کا کام بہت پسند آیا ہے میں کئ دنوں سے ایک تھیم بنانے کی کوشش کر رہا ہوں مگر ناکام ہو رہا ہوں کیونکہ مجھے زیادہ علم نہیں ہے۔ میں نے بہت سے لوگوں سے رابطہ کیا مگر کوئی میری مدد نہیں کر سکا۔ مجھے آپ سے مدد چاہئے اگر آپ میری مدد کر سکتے ہیں تو پلیز میرے ای میل ایڈریس پر مجھ سے رابطہ کریں۔ میں اپنی پرسنل انفارمیشن نہیں بتانا چاہتا۔

  7. ماشااللہ
    لاجواب پلگ ان ہے۔ اس سے انگریزی میں‌لکھنے والے یقینآ اردو کی طرف آنے میں‌آسانی محسوس کریں‌گے۔

    تکنیکی طور پر بھی ہر لحاظ سے جامع معلوم ہوتا ہے۔ ابھی استعمال نہیں‌کیا اس لیے’’معلوم ہوتاہے‘‘ لکھا ہے۔

    ایک مشورہ: پلگ ان استعمال کرنے والوں‌پر زور دیں کہ وہ محض اردو لکھ کر چھوڑنے کے بجائے جہاں تک ممکن ہو اردو ٹیگ استعمال کریں تاکہ پلگ ان جہاں‌ check_urdu کا فنکشن کم استعمال ہو اور ریسورسز پر دباؤ نہ پڑے۔

    1. پلگ ان پسند کرنے کا بہت شکریہ۔
      مشورہ تو آپ کا درست ہے لیکن check_urdu والا فنکشن بھی ریسورسز پر زیادہ دباؤ نہیں ڈالتا۔

  8. میں آپ کا مشکور ہوں کہ اپنی یہ کاوش میرے صاحبزادے کے نام کی۔ آپ کا پاک انسٹالر کی صورت میں ایک احسان اردو برادری پر ہے تو دوسرا احسانِ عظیم انہوں نے ناچیز پر بھی کر ڈالا ہے 🙂

    1. ارے محترم اتنا مشکور ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ کوئی احسان نہیں ہیں بلکہ اپنی طرف سے اردو کی خدمت میں تھوڑا سا حصہ ڈالا ہے۔
      ہو سکے تو دعاؤں میں یاد رکھئے گا۔

    1. دیکھ لیں پھر آپ کے پوچھنے کی وجہ سے ایک نئی چیز کا اضافہ ہو گیا۔
      خیر استعمال کریں تو اپنے تجربات سے ضرور آگاہ کیجئے گا۔

  9. nice plugin, used in my site, working fine,plzz just wanted to know how to add urdu comment box like that in our site under posts? your help will be highly appreciated.

    1. پسند کرنے کا شکریہ۔
      رہی بات کمنٹ کے لئے اردو ایڈیٹر لگانا تو اس کے دو طریقے ہیں یا تو خود ٹیکسٹ باکس پر اردو ویب پیڈٹیکسٹ باکس پر اردو ویب پیڈ شامل کر لیں یا پھر نبیل بھائی کے بنائے ہوئے اردو ایڈیٹر پلگ ان کا استعمال کریں۔ جس کے لنک یہ رہے۔
      اردو ایڈیٹر کا پرانا ورژن
      اردو ایڈیٹر کا نیا ورژن

  10. میں سپورٹس پریس کا تھیم استعمال کر رہا ہوں، کسی بھی کیٹیگری میں مختصر پوسٹ پر تو یہ اردو فونٹ ہو جاتا ہے لیکن جب مزید پڑھنے کیلئے پوسٹ پر کلک کریں تو پھر وہاں یہ فونٹ نظر نہیں آتا۔ اگر پوسٹ لکھتے وقت اردو کا ٹیگ لگا دیا جائے تو پوس کی تفصیل میں فونٹ تبدیل ہو جاتا ہے لیکن پھر مختصر سمری میں فونٹ ہی نہیں ہوتا۔ اس کے علاوہ اوپر والے می کے سوال کا جواب بھی دے دیجئے۔ کہ کمنٹس میں اردو بلاگ کیسے استعمال کریں۔ آپکا کام انتہائی تعریف کے قابل ہے لیکن یقینا یہ سائٹ صرف تعریف سننے کیلئے نہیں بلکہ جن لوگوں کو اپ لوڈ کرنے میں مسائل کا سامنا ہے انکو جواب بھی دینا آپکا مقصد ہے کیونکہ آپ نے اسی مقصد کیلئے سائٹ لانچ کی ہے۔ اللہ آپکو اجردے۔ آمین

    1. جیسا کہ میں نے تحریر میں بھی واضع کیا ہے کہ یہ پلگ ان ورڈپریس کے سٹینڈرڈ فنکشن کے ساتھ کام کرتا ہے۔ اب آپ کی تھیم میں پوسٹ والے صفحہ کے لئے ورڈپریس کے سٹینڈرڈ فنکشن کی بجائے کوئی اور فنکشن استعمال ہو رہا ہے اس لئے ایسا ہو رہا ہے۔ اگر آپ مجھے اپنے تھیم کا ڈاؤن لوڈ لنک دیں یا پھر کم از کم تھیم کی single.php فائل دکھائیں تو میرے لئے یہ کافی بہتر رہے گا کیونکہ اس طرح میں پلگ ان کو مزید بہتر کر سکوں گا۔ رہی بات ٹیگ لگانے سے سمری میں فانٹ نہیں ہوتا تو اس کی وجہ یہ ہے کہ آپ خود سے Excerpt نہیں دے رہے اور ورڈپریس خود ہی شروع کے کچھ الفاظ سمری کے طور پر استعمال کر رہا ہے اور جب آپ شروع میں ٹیگ لگا دیتے ہیں تو پلگ ان کو لگتا ہے کہ تحریر انگریزی سے شروع ہو رہی ہے تو وہ اس پر اردو فانٹ نہیں لگاتا۔
      رہی بات ”می“ کے سوال کا جواب تو وہ ان کو ای میل پر بھی دے چکا ہوں اور آج یہاں بھی دے دیا ہے۔ مزید آپ کو بتاتا چلوں کہ ویب سائیٹ لوگوں کے مسائل کے جواب دینے کے لئے لانچ نہیں کی گئی تھی بلکہ جہاں تک ہو سکے اپنی سوچ اور معلومات آسان طریقے سے لوگوں تک پہنچانے کے لئے لانچ کی گئی تھی اور میں جہاں تک یہ سب ہو رہا ہے وہ کر رہا ہوں۔
      باقی تعریف صرف اللہ تعالیٰ کے لئے ہے۔

      1. مین چینل پرو ChannelPro تھیم کا استعمال کر رہا ہوں۔ میں اسکا فری ورژن استعمال کر رہا ہوں جسکا ڈائون لوڈ لنک یہ ہے: http://www.wikmag.com/channelpro-magazine-theme-by-themejunkie.html
        پلیز مجھے بتائیں کہ اسکا حل کےہے۔ کہ پوسٹ میں ٹیگ لگائے بغیر ہی نوری نستلعق فونٹ ظاہر کرے۔

  11. السلام علیکم

    جناب کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ آپ نے جو تبصروں میں تاریخ اور وقت اردو میں دیا ہے اس کے بارے میں بتائے۔ کی میں اس کو کے سے کرونگا۔
    شکریہ

      1. شکریہ

        اچھا آپ یہ بتائے کہ جو font-face@ والا سسٹم ہے اس کے بارے میں مجھے ذرا تفصیل کے ساتھ ای میل کریں۔

        خالد خان

        1. محترم سب سے پہلے تو عرض ہے کہ ای میل کی بجائے یہیں پر سوال جواب ہو تو بہتر ہوتا ہے۔ اس سے دوسرے کئی لوگوں کو بھی معلومات مل جاتی ہے۔ دوسرا اگر گستاخی معاف ہو تو عرض ہے کہ یہ شامل پلگ ان والا صفحہ ہے۔ بہتر ہے کہ آپ ”فانٹ کیا ہے؟“ یا اس سے ملتے جلتے فانٹس والے صفحات پر ایسے سوال کریں۔

  12. اسلام و علیکم بھائی، میں نے آپکا پلگ ان اپنی ویب پر انسٹال کیا ہے، ڈبلیو پی ایم ایل کے ساتھ اپنی ویب کی پوسٹ اور پیج اردو میں کییے ہیں، ایک بات جو مسئلہ کررہی ہے کہ پیج کا ٹائیٹل اردو میں نہیں ہے ؟؟؟ سوالیہ نشان دکھائی دیتے ہیں اور پیج یا پوسٹ کی ہیڈنگ بھی صحیح اردو فونٹ جمیل نوری میں نہیں آتی، مہربانی کر کے حل بتا دیں۔

  13. اگرچہ آپ نے یہ پلگ ان مارچ میں پیش کیا تھا لیکن مارچ میں چوں کہ مابدولت بہ سلسلہ شادی خانہ آبادی قربانی کا بکرا بننے کی تیاری کررہے تھے اس لیے یہ تحریر نظر سے نہیں گزری۔ اب دیکھی ہے اور ستائش کے مقابلے میں ہم قطعا کنجوس واقع نہیں ہوئے ہیں۔ 😛
    بہت ہی خوب کام کیا ہے۔ اللہ آپ کو جزائے خیر دے۔ ایک زمانے میں ہم اردو بلاگرز کو سانچے اردوانا سکھاتے تھے اور اردو سانچے پیش کیا کرتے تھے لیکن آپ کیا آئے ہیں، اردو بلاگنگ کا تکنیکی میلہ ہی لوٹ لیا ہے آپ نے 🙂 ماشاء اللہ۔

  14. بلا سک بھت بھترین کار اپنی انجام دیا ھی، لیکن پھر بھی ھم چھاھی کی ھم کچھ ایسا تےار کرے جیسمے ھم کچھ بھی اردہ ےا اربی مے لکھ سکی اہر دہسری ھرہف کا سھارا نہ لینا پرے۔

  15. اسلام علیکم!
    آپ کی اُردو ترویج میں کوشش قابلِ ستائش ہے۔ محترم اُردو مارمیٹر شامل کو استعمال کرتے ہوئے کچھ مسائل کا سامنا ہے۔جن میں سے ایک تو یہ ہے کہ اُردو تحریر والی پوسٹ میں اگر انگریزی کی پوسٹ کا لنک دینے کی کوشش کی جائے تو اُردو والی پوسٹ کا فانٹ بدل کر عجیب ہو جاتا ہے یعنی جمیل نوری نستعلیق نہیں رہتا۔براہِ کرم ،رہنمائی فرمائیں۔میں Commons in a box کا پلگ ان استعمال کر رہا ہوں جس کا اپنا تھیم ہے جس کا نام CBOX 1.0 ہے۔ آپ کا پیشگی شکریہ ، جواب کا منتظر محمد عمران۔

  16. اسلام علیکم بلال بھائی! آپ کے جواب کا منتظر تھا پھر سوچا ایک بار پھر کوشش کرکے دیکھتے ہیں۔جیسا کہ مندرجہ بالا تحریر میں عرض کیا تھا کہ جب بھی اُردو کی پوسٹ میں انگریزی پوسٹ کا لنک دینے کی کوشش کی جائے یعنی میں یہ چاہتا ہوں کہ یوزر کو اُردو کے ساتھ ساتھ اس کا ترجمہ (انگریزی)بھی پڑھنے کو ملے اور جب میں ترجمہ شدہ پیج کا لنک پوسٹ کے اوپر دیتا ہوں تو تمام تر احتیاط و تدبیر کے باوجود اُردو فانٹ برقرار نہیں رہتا۔
    ایک اور بات عرض گزار کرنی تھی کہ اُردو فارمیٹر شامل نہایت شاندار پلگ ان ہے اگر اس میں کچھ اضافہ فرمادیں تو مزید چارچاند لگ جائیں گے۔مثال کے طور پر ابھی تو یہ صرف “پوسٹ،کمنٹس،اور خلاصہ”پر مشتمل ہے اگر اس میں فورم، سائیڈ بارز اور دیگر مقامات پر بھی لاگو کیا جائے یا ایسی صلاحیت کا اضافہ کیا جائے تو واہ کیا بات ہو۔بہرحال ابھی بھی نہایت شاندار ہے۔
    ایک آخری بات پوچھتا چلوں۔اس پلگ ان کے اگر کچھ شارٹ کوڈز مل جاتے تو عین نوازش ہوگی۔آپ کے جواب کا منتظر۔
    محمد عمران

  17. اسلام علیکم جناب آپ کا ورڈ پریس پلگ ان میں نے انسٹال کر لیا ہے یہ آپ کی اردو زبان کے فروغ کےلئے بہت اچھی کاوش ہے۔ آپ کا پلگ ان باقی تو صحیح کام کر رہا ہے بس اس میں ایک مسئلہ یہ آرہا ہے میری پوسٹ کو ٹائٹل جو میں اردو میں لکھتا ہوں وہ تبدیل نہیں ہوتا بلکہ وہ انگلش والی فارمیٹنگ میں ہی رہتا ہے یعنی بائیں سے دائیں طرف رہتا ہے اور نہ ہی فونٹ سٹائل تبدیل ہوتا ہے۔ آپ اس سلسے میں میری کیا مدد کر سکتے ہیں؟
    شکریہ

تبصرہ تحریر کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *