جنوری 2, 2009 - ایم بلال ایم
42 تبصر ے

چند اہم اور ضروری باتیں (اردو اور کمپیوٹر)

اگر آپ کمپیوٹر پر اردو کی انسٹالیشن، اردو کی بورڈ لے آؤٹ اور اردو فونٹس کے بارے میں کچھ خاص نہیں جانتے تو پھر بہتر یہی ہے کہ پاک اردو انسٹالر ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کر لیں، کیونکہ پاک اردو انسٹالر سارے کام خودبخود کر دیتا ہے۔ اگر آپ اردو کمپیوٹنگ کی بنیادی تفصیل جاننا چاہتے ہیں تو درج ذیل باتوں کو دھیان سے ذہن نشین کر لیں۔

کمپیوٹر پر اردو لکھنے اور بہتر انداز میں دیکھنے کے لئے آپ کو تین کام کرنے پڑتے ہیں۔

• اردو کی انسٹالیشن یعنی کمپیوٹر پر اردو کو ایکٹیو کرنا۔
• اردو کی بورڈ لے آؤٹ کی انسٹالیشن۔
• اردو فونٹس کی انسٹالیشن۔

پاک اردو انسٹالر یہی تینوں کام خودبخود کر دیتا ہے۔

اردو کی انسٹالیشن
اردو کی انسٹالیشن یعنی اردو کو کمپیوٹر پر ایکٹیو کریں۔ اس کی سپورٹ ونڈوز میں پہلے سے ہی شامل ہوتی ہے۔ ونڈوز ایکس پی میں یہ عمل آپ کو خود کرنا پڑتا ہے اور اس کے لئے آپ کو ونڈوز ایکس پی کی سی ڈی کی ضرورت پڑتی ہے۔ یہ ایک بہت ہی آسان اور چھوٹا سا مرحلہ ہے۔ اس کی تفصیل کے لئے ”ونڈوز ایکس پی میں اردو کی انسٹالیشن“ والا صفحہ دیکھیں۔ اس کے برعکس ونڈوز سیون اور وسٹا میں اردو پہلے سے ہی ایکٹیو ہوتی ہے اس لئے ونڈوز سیون یا وسٹا میں اس عمل کی ضرورت نہیں پڑتی۔

اردو کی بورڈ لے آؤٹ
اردو کی انسٹالیشن یعنی اردو ایکٹیو کرنے کے بعد کمپیوٹر پر اردو لکھنے کے لئے آپ کو اپنی مرضی کا کی بورڈ لے آؤٹ انسٹال کرنا ہوتا ہے تاکہ آپ اپنی مرضی کے مطابق جس کی Key سے جو لکھنا چاہتے/چاہتی ہیں وہ لکھ سکیں۔ مثال کے طور پر آپ A کی Key سے کیا لکھنا چاہتے/چاہتی ہیں اور B کی Key سے کیا لکھنا چاہتے/چاہتی ہیں۔ اردو کی بورڈ لے آؤٹ کی انسٹالیشن ایک بہت ہی آسان اور چھوٹا سا مرحلہ ہے جس کو انسٹال کرنے کی تفصیل آپ کو ” ونڈوز سیون، ونڈوز وسٹا یا ونڈوز ایکس پی میں اردو کی انسٹالیشن“ والے صفحہ پر ہی پتہ چل جائے گی۔پھر بھی مزید تفصیل درکار ہو تو ”اردو کی بورڈ لے آؤٹ (Urdu Keyboard Layout)“ والا صفحہ دیکھیں۔

اردو فونٹس
جس طرح کمپیوٹر پر باقی لکھائی کے خاص انداز(سٹائل) ہوتے ہیں جنہیں رسم الخط یعنی فونٹس کہتے ہیں جیسے Times New Roman، Arial اور Tahoma وغیرہ وغیرہ اسی طرح اردو لکھائی کو بھی ظاہر کرنے کے مختلف فونٹس ہوتے ہیں جیسے جمیل نوری نستعلیق، نفیس ویب نسخ، علوی لاہوری نستعلیق اور اردو نسخ ایشیا ٹائپ وغیرہ وغیرہ۔ اب آپ اردو لکھائی کو جس انداز میں دیکھنا چاہتے/چاہتی ہیں آپ وہ والے فونٹس اپنے کمپیوٹر پر انسٹال کر لیں۔ یہ بھی ایک بہت آسان اور چھوٹا سا مرحلہ ہے۔ اردو فونٹس کے بارے میں مزید معلومات کے لئے ”رسم الخط یعنی فونٹ(Font) کیا ہے؟“ والا صفحہ دیکھیں۔ اگر آپ کوئی بھی اردو فونٹ انسٹال نہیں کرتے پھر بھی اردو تحریر آپ کو ٹھیک نظر آئے گی لیکن یہ تحریر Times New Roman یا Tahoma وغیرہ فونٹ میں ہو گی جو کہ اردو کے فونٹ نہیں اس لئے بہتر یہی ہوتا ہے کہ آپ اردو تحریر کو بہتر انداز میں دیکھنے کے لئے چند ضروری فونٹس ضرور انسٹال کر لیں۔

عمومی سوالات

• کیا ان تینوں مراحل میں سے ایک بھی کر لیا جائے تو اردو لکھی جا سکتی ہے؟
جواب:- نہیں، یاد رہے یہ تینوں مراحل اپنی جداگانہ حیثیت رکھتے ہیں۔ آپ یوں بھی سمجھ سکتے ہیں کہ پہلے والے دو مراحل یعنی اردو کی انسٹالیشن اور اردو کی بورڈ لے آؤٹ کی انسٹالیشن کے بعد آپ کمپیوٹر پر کسی بھی سافٹ ویئر میں اور انٹرنیٹ پر بآسانی اردو لکھ سکیں گے اور پھر اردو کو بہتر انداز میں دیکھنے کے لئے آپ کو اردو فونٹس کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
عام طور پر کئی دفعہ دیکھا گیا ہے کہ لوگ ان تینوں مراحل میں سے کوئی ایک کر لیتے ہیں خاص طور پر اردو فونٹس انسٹال کر لیتے ہیں اور پھر شکایت کرتے ہیں کہ جناب اردو تو پھر بھی نہیں لکھی جا رہی۔ شاید ان کو سمجھ نہیں آتی یا پھر کوئی انہیں ٹھیک طرح سمجھا نہیں سکتا کہ اردو لکھنے کے لئے یہ تینوں مراحل یا کم از کم پہلے دو مراحل پورے کرنے بہت ضروری ہیں۔ یاد رہے ونڈوز سیون اور ونڈوز وسٹا میں یہ خصوصیت ہے کہ اس میں اردو پہلے سے ہی ایکٹیو ہوئی ہوتی ہے۔ اس لئے ونڈوز سیون اور ونڈوز وسٹا میں آپ کو اردو لکھنے کے لئے صرف دوسرا مرحلہ یعنی ”اردو کی بورڈ لے آؤٹ“ کی ہی انسٹالیشن کرنی پڑتی ہے۔

• میں نے کمپیوٹر پر نہ تو اردو ایکٹیو کی ہے اور نہ ہی کوئی اردو کی بورڈ لے آؤٹ انسٹال کیا ہے لیکن پھر بھی کئی ویب سائیٹ پر میں اردو لکھ سکتا/سکتی ہوں؟
جواب:- جن ویب سائیٹس پر بغیر اردو ایکٹیو کیے اور بغیر اردو کی بورڈ لے آؤٹ انسٹال کئے اردو لکھی جاتی ہے ان ویب سائیٹس پر جس جگہ آپ اردو لکھ سکتے/سکتی ہیں اس ٹیکسٹ ایریا کے پیچھے جاوا سکرپٹ یا کسی بھی طرح کچھ ایسے پروگرامنگ کی جاتی ہے کہ جب آپ کوئی Key دباتے/دباتی ہیں تو انگلش کے حرف کی بجائے اردو کا حرف ظاہر ہو جاتا ہے۔ یہ سب اس پروگرامنگ کا کمال ہوتا ہے جبکہ آپ کے کمپیوٹر پر نہ تو اردو ایکٹیو ہوتی ہے اور نہ ہی کوئی اردو کی بورڈ لے آؤٹ انسٹال ہوا ہوتا ہے۔

• اکثر اردو ویب سائیٹس پر جہاں اردو میں لکھنا ہوتا ہے وہاں اردو ویسے ہی لکھی جاتی ہے تو پھر اپنے کمپیوٹر پر اردو ایکٹیو کرنے کا کیا فائدہ؟
جواب:- انٹرنیٹ پر اردو ویب سائیٹس کے علاوو بھی کئی جگہ پر آپ کو اردو لکھنا پڑ سکتی ہے مثلاً گوگل میں کچھ اردو میں تلاش کرنا پڑ سکتا، فیس بک پر کچھ اردو میں لکھنا پڑ سکتا ہے اس کے علاوہ بھی کئی ایک ویب سائیٹس پر اردو میں لکھنا پڑ سکتا ہے تو پھر آپ کیا کریں گے/گی؟ اس کا سب سے بہتر اور سٹینڈرڈ حل یہی ہے کہ آپ اپنے کمپیوٹر پر اردو کو ایکٹیو کریں اور اپنی مرضی کا اردو کی بورڈ لے آؤٹ انسٹال کریں جو کہ بہت ہی آسان ہے اور پھر آپ جہاں چاہیں جس سافٹ ویئر میں چاہیں آسانی سے اردو لکھیں اور تو اور آپ ای میل اور چیٹ بھی اردو میں کر سکتے/سکتی ہیں۔

• میرے پاس ”اردو کی بورڈ“ نہیں ہے یعنی میرے ”کی بورڈ“ پر اردو کے حروف نہیں لکھے ہوئے تو پھر میں کیسے اردو لکھ سکتا/سکتی ہوں؟
جواب:- پہلی بات یہ کہ آپ کے پاس اگر انگلش یا کسی دوسری زبان کا ”کی بورڈ“ ہے تو پھر بھی آپ اردو لکھ سکتے/سکتی ہیں۔ دوسری اور اہم بات یہ کہ ”کی بورڈ“ ایک ہارڈ ویئر ہے جبکہ ”کی بورڈ لے آؤٹ“ ایک سافٹ ویئر ہوتا ہے جوکہ اردو یا کوئی بھی زبان لکھنے کے لئے استعمال ہوتا ہے۔آپ ونڈوز کا جس زبان کا ورژن انسٹال کرتے ہیں اس کا ”کی بورڈ لے آؤٹ“ ونڈوز کی انسٹالیشن کے دوران ہی خود بخود انسٹال ہو جاتا ہے اور پھر ایکٹیو بھی ہو جاتا ہے۔ لیکن ہمیں ونڈوز کا انگلش یا کسی بھی دوسری زبان کا ورژن استعمال کرتے ہوئے اردو لکھنے کے لئے اردو کا ”کی بورڈ لے آؤٹ“ انسٹال یا کم از کم ایکٹیو کرنا پڑتا ہے۔ اس بارے میں مزید تفصیل دیکھنے کے لئے ”اردو کی بورڈ لے آؤٹ(Urdu Keyboard Layout)“ والا صفحہ دیکھیں۔ یہاں ایک بار پھر بتاتے چلیں کہ ”کی بورڈ“ ایک ہارڈ ویئر ہوتا ہے جبکہ کمپیوٹر پر کوئی بھی زبان لکھنے کے لئے ”کی بورڈ لے آؤٹ“ کی ضرورت ہوتی ہے جو کہ کسی بھی ”کی بورڈ“ ہارڈویئر کے ساتھ کام کر سکتا ہے چاہے اس ”کی بورڈ“ پر انگلش لکھی ہو یا کوئی بھی دوسری زبان۔

• میں نے اپنے کمپیوٹر پر اردو کی انسٹالیشن، کی بورڈ لے آؤٹ کی انسٹالیشن اور اردو فونٹ کی انسٹالیشن یعنی ان تینوں مراحل میں سے کچھ بھی نہیں کیا لیکن پھر بھی میرے کمپیوٹر پر اردو پڑھی جاتی ہے؟
جواب:- اردو تحریر پڑھنے کے لئے آپ کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ونڈوز ایکس پی، ونڈوز وسٹا اور ونڈوز سیون میں یہ خصوصیت شامل ہے کہ اردو تحریر بغیر کچھ کیے ٹھیک پڑھی جا سکتی ہے۔ صرف لکھائی کا انداز بہتر دیکھنے کے لئے آپ کو اردو فونٹس کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ جبکہ اردو لکھنے کے لئے آپ کو پہلے دو مراحل پورے کرنے پڑتے ہیں۔

• میں نے کمپیوٹر پر کوئی اردو فونٹ انسٹال نہیں کیا پھر بھی اردو تحریر مجھے نستعلیق فونٹ میں ہی نظر آتی ہے؟
جواب:- آپ جس اردو تحریر کی بات کر رہے/رہی ہیں وہ کمپیوٹر کی اصل اردو نہیں بلکہ وہ اردو تصویری شکل میں موجود ہے جو کہ ایک بہت پرانا طریقہ ہے اور اب وہ دور نہیں رہا کہ اس پرانے طریقہ پر چلا جائے۔ اس بارے میں مزید تفصیل آپ ”کمپیوٹر کی “اردو” اور “تصویری اردو” میں فرق“ والے صفحہ پر دیکھ سکتے/سکتی ہیں۔

• چند ایک ویب سائیٹ پر کمپیوٹر کی اصل اردو میں ہی تحریر موجود ہے اور وہ نستعلیق میں ہی نظر آتی ہے جبکہ میں نے کوئی نستعلیق فونٹ انسٹال نہیں کیا؟
جواب:- اس کی وجہ یہ ہے بعض ویب سائیٹس پر نستعلیق یا کسی بھی فونٹ کو اس طرح رکھا گیا ہوتا ہے کہ جب آپ اس ویب سائیٹ کو کھولتے/کھولتی ہیں تو وہ فونٹ اس ویب سائیٹ کو کھولنے پر آپ کے کمپیوٹر پر عارضی طور پر انسٹال ہو جاتا ہے اور اردو تحریر آپ کو اسی فونٹ میں نظر آتی ہے اور جب آپ وہ ویب سائیٹ بند کرتے ہیں تو وہ فونٹ بھی آپ کے کمپیوٹر سے ختم ہو جاتا ہے۔

• اگر میرے ذہن میں ”اردو اور کمپیوٹر“ کے متعلق کوئی سوال ہو تو مجھے اس کا جواب کہاں سے ملےگا؟
جواب:- اپنے سوال کے جواب کے لئے آپ urduhelpline[at]gmail[dot]com پر رابطہ کریں۔ اردو ہیلپ لائن والے حتی المقدور آپ کی مدد کریں گے۔ اس کے علاوہ ایک بہترین جگہ اردو محفل ہے جہاں آپ کو اردو کے متعلق بے شمار ذخیرہ ملے گا۔ اردو محفل کا لنک درج ذیل ہے۔
http://www.urduweb.org/mehfil/forum.php

• اردو کی بورڈ لے آؤٹ میں کہاں سے حاصل کر سکتا/سکتی ہوں؟
جواب:- آپ یہاں سے اردو کی بورڈ لے آؤٹ حاصل کر سکتے/سکتی ہیں۔

• اردو فونٹس کہاں سے مل سکتے ہیں؟
جواب:- عام طور پر کمپیوٹر پر استعمال ہونے والے اردو فونٹس آپ کو یہاں سے مل جائیں گے۔

اس کے علاوہ جہانِ قلم ایک ایسی ویب سائیٹ جہاں اردو فونٹس کا بہت بڑا ذخیرہ موجود ہے۔ جہانِ قلم کے لئے درج ذیل لنک دیکھیں۔
http://fonts.alqlm.org

نوٹ:- یہ تحریر 7 فروری 2010 کو شائع کی گئی تھی لیکن اس تحریر کو ”اردو کمپیوٹنگ“ زمرہ میں مناسب جگہ پر رکھنے کے لئے تاریخ تبدیل کی گئی ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست 42 تبصرے برائے تحریر ”چند اہم اور ضروری باتیں (اردو اور کمپیوٹر)

  1. بہت بہت شکریہ جناب
    لیکن افسوس یہ کہ خود آپکی سائٹ کے فونٹ‌ٹھیک نظر نہیں آ رہا یعنی نقطے الفاظ‌کے نیچے دکھائی دے رہے ہیں۔
    شکریہ۔

  2. اقتباس» احمد عرفان شفقت نے لکھا: اردو بلاگنگ کی دنیامیں مجھ جیسے نو وارد لوگوں کے لیے آپکی یہ تحریر رستہ دکھانے والے ستاروں کی مانند ہے۔ آپ کا بہت شکریہ۔

    آپ کا بھی بہت بہت شکریہ۔ چلو کسی کو تو میری تحریر سے کوئی فائدہ ہوا۔ میرے لئے یہی کافی ہے۔

    اقتباس» محمد ریاض شاہد نے لکھا: عمدہ اور وضاحت کے ساتھ بات واضح کیا گیا ہے ۔ قارئین اسے یقینا مفید پائیں گے ۔

    تحریر پسند کرنے کا بہت شکریہ۔

    اقتباس» خرم ابنِ شبیر نے لکھا: ماشاءاللہ بہت شکریہ محمد بلال بھائی اللہ تعالیٰ آپ کو اس کا اجر عطا فرمائے آمین

    آپ کا بھی بہت شکریہ۔۔۔ اللہ تعالیٰ آپ کو خوش رکھے۔۔۔آمین

    اقتباس» فیصل نے لکھا: بہت بہت شکریہ جناب
    لیکن افسوس یہ کہ خود آپکی سائٹ کے فونٹ‌ٹھیک نظر نہیں آ رہا یعنی نقطے الفاظ‌کے نیچے دکھائی دے رہے ہیں۔
    شکریہ۔

    میں آپ کی بات سمجھا نہیں۔ اگر کسی سکرین شاٹ سے تھوڑا بتائیں تو مسئلہ کا کوئی حل سوچا جائے۔ ویسے میرے پاس تو فائر فوکس اور ایکسپلورر پر بالکل ٹھیک نظر آرہا ہے۔۔۔

    1. اسلام علیکم
      بہت اچھا لگا آپکی ویب سائٹ دیکھ کر
      ماشإاللہ کافی محنت کی ہے آپنے اس پر
      اور فونٹ بالکل ٹیک ہیں
      فیصل بھائ نے شاید فونٹ انسٹال نہیں‌کیے ہونگے

      میں‌آپ سے تھوڑی اور مدد بھی لینا چاہوں‌گا
      مہربانی کر کے اپنا مجھے ایک ٹیسٹ ای میل کر دیں میرے اڈریس پر
      اور کبھی مجھسے کوئ کام ہو تو بھائ حاضر ہے

      میں‌نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر ہوں‌شعبے کے لحاظ سے

      ای میل کا انتظار رہے گا
      اللہ آپکا حافط و ناصر

      والسلام
      ضیإالرحیم

  3. برادر فیصل! آپ شاید اوبنٹو پر فائر فاکس کے ذریعے موجود تھے، اوبنٹو کے نئے ورژن میں جمیل نوری نستعلیق فائر فاکس پر ایسے ہی مسئلے کرتا ہے۔ یہ تو پھر بھی اس کے بگ عارف کریم نے کم کر دیے ہیں شروع میں تو جمیل کا حلیہ ہی بگڑا ہوا تھا۔
    .-= ابوشامل کے بلاگ سے آخری تحریر … ملا برادر کی غیر متوقع گرفتاری، اسباب و محرکات =-.

  4. السلام علیکم

    بلال بھائی بلاگنگ کی دنیا میں میں کافی پرانی ہوں۔۔۔اردو ٹیک پر پہلی لڑکی بلاگر۔۔۔میں نے کافی ساری تھیمز بھی لوکلائز کی ہیں۔۔۔اردو محفل پر بھی آپ نے شاید امن ایمان نک سے میری کوئی پوسٹ پڑھی ہو۔۔۔مجھے آپ سے کچھ مدد چاہیے۔۔۔ایک تو شادی کے بعد میری آدھے سے زیادہ عقل میری بیٹی محترمہ کھا چکی ہیں۔۔ 😥

    میں ونڈوز xp پر اردو انسٹال کررہی ہوں۔۔۔سب کام ہوجاتا ہے لیکن Language bar ایکٹو نہیں ہورہی۔۔۔شاید ونڈوز کسی دوسری سی-ڈی سے انسٹال ہوئی ہو۔۔تو یہ مسئلہ بن سکتا ہے۔۔۔؟؟؟ یا کوئی اور بات ہے۔۔؟؟

    دوسری بات میں نے اپنا بلاگ اردو ٹیک سے ختم کرکے ورڈپریس پر منتقل کردیا ہے۔۔۔یہاں مجھے اردو سپورٹ کیسے ملے گی۔۔؟؟بلاگ انسٹال کرتے ہوئے میں نے اردو آپشن منتخب کی تھی جس کی وجہ سے اردو پوسٹس پڑھی تو آرام سے جاتی ہے لیکن اردو ایڈیٹر نہ ہونے کی وجہ سے اردو لکھی نہیں جاتی۔۔۔۔اس سلسلے میں میری مدد کردیں۔۔بہتتتت مہربانی ہوگی۔

  5. اقتباس» امن ایمان نے لکھا: السلام علیکم بلال بھائی بلاگنگ کی دنیا میں میں کافی پرانی ہوں۔۔۔اردو ٹیک پر پہلی لڑکی بلاگر۔۔۔میں نے کافی ساری تھیمز بھی لوکلائز کی ہیں۔۔۔اردو محفل پر بھی آپ نے شاید امن ایمان نک سے میری کوئی پوسٹ پڑھی ہو۔۔۔مجھے آپ سے کچھ مدد چاہیے۔۔۔ایک تو شادی کے بعد میری آدھے سے زیادہ عقل میری بیٹی محترمہ کھا چکی ہیں۔۔ :cry:
      

    وعلیکم السلام
    اردو محفل کے حوالے سے آپ کو جانتا ہوں خاص طور پر انٹرویو سیکشن کے حوالے سے اور اردو محفل پر آپ کی کوئی نہیں بلکہ بہت ساری پوسٹ پڑھی ہیں۔ پرانی یاد تازہ کرنے کے حوالے سے میرے ہی شروع کیے ہوئے تھریڈ کی یہ پوسٹ دیکھیں۔
    http://www.urduweb.org/mehfil/showthread.php?11805&p=261611#post261611

    اقتباس» امن ایمان نے لکھا: میں ونڈوز xp پر اردو انسٹال کررہی ہوں۔۔۔سب کام ہوجاتا ہے لیکن Language bar ایکٹو نہیں ہورہی۔۔۔شاید ونڈوز کسی دوسری سی-ڈی سے انسٹال ہوئی ہو۔۔تو یہ مسئلہ بن سکتا ہے۔۔۔؟؟؟ یا کوئی اور بات ہے۔۔؟؟  

    سب سے پہلی بات اگر کسی دوسری سی ڈی کی وجہ سے مسئلہ ہو تو اردو انسٹال کرتے ہوئے جب سی ڈی سے فائلز کاپی ہو رہی ہوتی ہیں تو اس وقت فائل مسنگ کا یا کوئی دوسرا ایرر آ جانا چاہئے اگر ایسا نہیں ہو رہا تو اس کا مطلب ہے سی ڈی ٹھیک ہے اور مطلوبہ فائلز ٹھیک کاپی ہو رہی ہیں۔
    اب آتے ہیں لینگوئج بار کی طرف۔ اگر اردو ٹھیک انسٹال ہو گئی ہے اور آپ نے اپنا مطلوبہ کی بورڈ لے آؤٹ بھی انسٹال کر لیا ہے اور بائیں طرف کے آلٹ شفٹ سے لینگوئج موڈ بھی تبدیل ہو رہا ہے اور اردو لکھی جا رہی ہے۔ بس ٹاسک بار پر لینگوئج بار نظر نہیں آ رہی تو اس کی سیٹنگ کچھ اس طرح سے ہے۔
    سب سے پہلے تو وہیں جائیں جہاں ہم Install files for complex script and right-to-left languages کے چک باکس کو منتخب کرتے ہیں یعنی
    Start —> Control Panel —> Regional and Language Options —>Languages

    اب یہاں اوپر والی تصویر کے مطابق Details پر کلک کریں۔ نئی ظاہر ہونے والی ونڈو میں نیچے بائیں جانب Language Bar کے بٹن پر کلک کریں۔ جیسا کہ نیچے نظر آنے والی تصویر میں دیکھایا گیا ہے۔

    اب نئی ظاہر ہونے والی ونڈو میں Show the Language bar on the desktop اور Show text labels on the Language bar کے چیک باکس کو منتخب کر دیں جیسا کہ نیچے والی تصویر میں ہے۔

    اب OK اور مزید OK کرکے تمام ونڈوز کو بند کر دیں۔ امید ہے نیچے والی تصویر کی طرح ٹاسک بار پر لینگوئج بار نظر آ رہی ہو گی۔

    ویسے کئی بار ایسا بھی ہوتا ہے کہ لینگوئج بار، ٹاسک بار کی بجائے ڈیسکٹاپ پر یا کسی بھی ونڈو کے کی ٹائیٹل بار پر اوپر کی طرف دائیں جانب نظر آنا شروع ہو جاتی ہے۔ جیسا کہ اس تصویر میں نظر آ رہی ہے۔

    ایس صورت میں اگر آپ ٹاسک بار پر لینگوئج بار کو لے جانا چاہیں تو لینگوئج بار پر ایک چھوٹا سا منی مائز کا بٹن نظر آ رہا ہوتا ہے اس کو کلک کرنے سے لینگوئج بار، ٹاسک بار پر چلی جاتی ہے۔ لینگوئج بار کے منی مائز بٹن کو اوپر والی تصویر میں سرخ رنگ سے ظاہر کیا گیا ہے۔
    امید ہے آپ کا یہ مسئلہ تو حل ہو گیا ہو گا۔

    اقتباس» امن ایمان نے لکھا: میں نے اپنا بلاگ اردو ٹیک سے ختم کرکے ورڈپریس پر منتقل کردیا ہے۔۔۔یہاں مجھے اردو سپورٹ کیسے ملے گی۔۔؟؟بلاگ انسٹال کرتے ہوئے میں نے اردو آپشن منتخب کی تھی جس کی وجہ سے اردو پوسٹس پڑھی تو آرام سے جاتی ہے لیکن اردو ایڈیٹر نہ ہونے کی وجہ سے اردو لکھی نہیں جاتی۔۔۔۔اس سلسلے میں میری مدد کردیں۔۔بہتتتت مہربانی ہوگی۔  

    اگر آپ نے اپنا بلاگ ورڈپریس ڈاٹ کام پر منتقل کیا ہے تو جہاں تک میری معلومات ہے اس کے مطابق تو ایسی صورت میں آپ کو اردو ایڈیٹر کی سہولت نہیں ملے گی۔ اگر آپ نے اپنی ہوسٹنگ پر ورڈپریس سی ایم ایس انسٹال کیا ہے تو اردو ایڈیٹر کے لئے بہتر چیز اردو پیڈ پلگ ان ہے جو آپ کو اردو محفل کے ڈاؤن لوڈ سیکشن سے مل جائے گا۔
    اردو محفل پر اردو ایڈیٹر کے لئے درج ذیل لنک دیکھیں۔
    http://www.urduweb.org/mehfil/showthread.php?18614
    مزید کوئی مشکل ہو تو بتائیں۔

  6. بلال اتنی تفصیل سے جواب لکھنے کا بے حد شکریہ۔۔۔ویسے آپس کی بات ہے انٹرویو سیکشن میں آپ نے میری پوسٹس پڑھی تھیں تو اپنی اس پوسٹ میں آپ میرے بارے میں لکھنا بھول کیوں گئےجس کا آپ نے یہاں ربط دیا ہے :think: چلیں چھوڑیں۔۔۔اب اس بات پر کیا لڑنا :shame: (مائنڈ نہ کیجئے گا۔۔۔اردو محفل کے پرانے رکن سے مل کر اچھا لگا تھا)

    بلال بھائی کنٹرول پینل ہی سے میری Language bar ایکٹو نہیں اس لیے toggle والا سلسلہ نہیں۔۔۔کی بورڈ لے آؤٹ انسٹال ہے۔۔۔language box میں انگلش کی بورڈ کے بعد فونیٹک کی بورڈ لکھا نظر آرہا ہے لیکن اُس کے نیچے بار ان ایکٹو ہے وہ کلک ہو تو آگے آپ کے بتائے ہوئے طریقہ پر عمل کروں گی۔۔۔فائلز ٹھیک کاپی ہورہی ہیں۔۔۔میں نے کتنی بار ڈیلیٹ کرکے پھر سے انسٹال کیا ہے۔۔۔ہر بار پی سی ری بوٹ بھی کیا ہے۔۔۔پتہ نہیں مسئلہ کیا ہے۔۔اور ہاں میرے کمپیوٹر پر ان پیج فائل میں سیو اردو پڑھی جارہی ہے۔۔۔جب اردو ڈیلیٹ کرتی ہوں تب وہاں ڈبے ڈبے بن جاتے ہیں اس کا مطلب یہ ہوا نا کہ اردو انسٹال تو ہوجاتی ہے مسئلہ آگے کہیں جا کر ہے۔۔۔۔آپ پلیزز مجھے کسی اچھے فری ہوسٹ کا بتا دیں گے جہاں میں اپنا بلاگ رکھ سکوں۔۔؟؟؟

  7. اقتباس» امن ایمان نے لکھا: بلال اتنی تفصیل سے جواب لکھنے کا بے حد شکریہ۔۔۔ویسے آپس کی بات ہے انٹرویو سیکشن میں آپ نے میری پوسٹس پڑھی تھیں تو اپنی اس پوسٹ میں آپ میرے بارے میں لکھنا بھول کیوں گئےجس کا آپ نے یہاں ربط دیا ہے :think: چلیں چھوڑیں۔۔۔اب اس بات پر کیا لڑنا :shame: (مائنڈ نہ کیجئے گا۔۔۔اردو محفل کے پرانے رکن سے مل کر اچھا لگا تھا)

    بات تو آپ کی ٹھیک ہے واقعی آپ کے بارے میں لکھنا یاد ہی نہیں رہا تھا۔ دراصل ایک دن یونہی الٹا سیدھا لکھنے کو دل کیا تو جس جس کا نام سامنے آتا جاتا ان پر لکھتا گیا۔
    میں نے مائنڈ نہیں کیا کیونکہ ایسی باتیں ہوتی رہیں تو اسی بہانے گپ شپ ہو جاتی ہے۔ چلیں تب کی اب معذرت کرتے ہیں۔ :laughloud:

    اقتباس» امن ایمان نے لکھا: کنٹرول پینل ہی سے میری Language bar ایکٹو نہیں اس لیے toggle والا سلسلہ نہیں۔۔۔کی بورڈ لے آؤٹ انسٹال ہے۔۔۔language box میں انگلش کی بورڈ کے بعد فونیٹک کی بورڈ لکھا نظر آرہا ہے لیکن اُس کے نیچے بار ان ایکٹو ہے وہ کلک ہو تو آگے آپ کے بتائے ہوئے طریقہ پر عمل کروں گی۔۔۔فائلز ٹھیک کاپی ہورہی ہیں۔۔۔میں نے کتنی بار ڈیلیٹ کرکے پھر سے انسٹال کیا ہے۔۔۔ہر بار پی سی ری بوٹ بھی کیا ہے۔۔۔پتہ نہیں مسئلہ کیا ہے۔۔


    کیا آپ اوپر والی تصویر کے مطابق اپنے کمپیوٹر کا سکرین شارٹ بھیج سکتی ہیں۔ یعنی
    Start —> Control Panel —> Regional and Language Options —>Languages —>
    Details والی ونڈو کا سکرین شارٹ تاکہ اندازہ ہو کہ جو فونیٹک کی بورڈ لکھا نظر آ رہا ہے وہ کس زبان کے زمرہ میں ہے۔
    اس کے علاوہ ایسا کریں کہ انگلش کے کی بورڈ کو چھوڑ کر باقی جتنے بھی کی بورڈ لے آؤٹ ہیں سب کو ریموو کر دیں اور پھر کنٹرول پینل میں جا کر Add Remove Programs میں سے بھی فونیٹک یا دوسرے کی بورڈ لے آؤٹ ختم کر دیں۔ اس کے بعد درج ذیل لنک سے کی بورڈ لے آؤٹ ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کریں۔
    http://dl.dropbox.com/u/2580033/urdu-paksign-keyboard.zip
    بے شک یہ کی بورڈ لے آؤٹ بعد میں ختم کر دینا لیکن اس سے کچھ اندازہ ہو گا کہ آخر مسئلہ کہاں آ رہا ہے۔ اگر پھر بھی مسئلہ حل نہ ہو تو سب کچھ ختم کر کے درج ذیل لنک کے مطابق شروع سے اردو ایکٹیو کریں۔
    http://www.mbilalm.com/blog/install-urdu-in-xp/
    اس سے کم از کم یہ ہو گا کہ ایک ترتیب سے اردو ایکٹیو کرتے ہوئے اندازہ ہو جائے گا کہ کہاں کوئی ایرر آتا ہے یا کہاں مسئلہ ہو رہا ہے۔اگر پھر مسئلہ حل نہ ہو تو بتائیے گا۔ ویسے آپ ونڈوز میں ایڈمینسٹریر کے اکاؤنٹ سے ہی لاگ ہیں نا؟

    اقتباس» امن ایمان نے لکھا: اور ہاں میرے کمپیوٹر پر ان پیج فائل میں سیو اردو پڑھی جارہی ہے۔۔۔جب اردو ڈیلیٹ کرتی ہوں تب وہاں ڈبے ڈبے بن جاتے ہیں اس کا مطلب یہ ہوا نا کہ اردو انسٹال تو ہوجاتی ہے مسئلہ آگے کہیں جا کر ہے۔۔۔۔

    ویسے اس لاجک کی مجھے سمجھ نہیں آئی کیونکہ ان پیج کا یونیکوڈ اردو سے کوئی تعلق نہیں۔ ہاں اگر انپیج کا نیا ورژن تین ہو تو پھر بھی ہے لیکن ورژن تین کا بھی اردو ایکٹیو ہونے سے کوئی تعلق نہیں۔ خیر ہو سکتا ہے آپ کے کمپیوٹر میں‌کوئی تعلق بن چکا ہو۔

    اقتباس» امن ایمان نے لکھا: آپ پلیزز مجھے کسی اچھے فری ہوسٹ کا بتا دیں گے جہاں میں اپنا بلاگ رکھ سکوں۔۔؟؟؟

    اچھے فری ہوسٹ کا تو کوئی علم نہیں لیکن آج کل کافی بلاگرز فری ڈومین نیم اور فری ہوسٹ کو آزما رہے ہیں۔ ابھی تک تو سب ٹھیک چل رہا ہے۔ آگے دیکھیں کیا ہوتا ہے۔ ویسے آپ بھی اسے آزما لیں۔ فری ڈومین نیم کے لئے http://www.co.cc/ ویب سائیٹ ہے اور فری ہوسٹنگ کے http://byethost.com/ ہے۔ ویسے فری ڈومین نیم اور فری ہوسٹ کو استعمال کرتے ہوئے بلاگ سیٹ اپ کرنے کے لئے درج ذیل لنک پر ایک بہترین پوسٹ موجود ہے۔
    http://blog.bilaunwan.co.cc/2010/computer/create-free-blog-site/
    اردو میں بلاگ بنانے کے لئے اسی پوسٹ کے تبصروں میں موجود محمد اسد کا تبصرہ ڈیٹابیس کے متعلق بھی ہے اسے دیکھنا نہ بھولئے گا۔ ویسے تبصرے کا لنک درج ذیل ہے۔
    http://blog.bilaunwan.co.cc/2010/computer/create-free-blog-site/comment-page-1/#comment-92

  8. چلیں ابھی تو میں آپ کی معذرت قبول کرلیتی ہوں لیکن یاد رکھیے گا یہ ایک مشروط قسم کی قبولیت ہےکیونکہ آپ سے ابھی کام باقی ہے۔۔۔ 😉 کام کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچ جانے کے بعد ہی فیصلہ ہوگا کہ مکمل طور پر معذرت قبول کرنی ہے یا نہیں۔۔۔ :talktohand:

    خیر خیر مذاق برطرف میں واقعی دلی طور پر آپ کی مشکور ہوں کہ آپ اتنے صبر اور تفصیل سے جواب دے رہے ہیں۔۔آپ واقعی بہت اچھے مددگار ہیں۔ 🙂

    بلال میں تصویر لگا رہی ہوں اگر ٹیگ یہاں ٹھیک سے نہ کام کرے تو آپ خود ٹھیک کر لیجئے گا۔۔۔ابھی میں نے پھر سے ہر قسم کے فانٹس ۔۔کی بورڈ لے آؤٹ سب آل ڈیلیٹ کیا۔۔۔اردو فائلز کو بھی ڈیلیٹ کیا۔۔اور پھر دوبارہ اردو انسٹال کی۔۔۔انسٹال کرتے ہوئے کسی قسم کا ایرر میسج نہیں آتا۔۔۔لیکن بار پھر بھی ایکٹو نہیں ۔۔۔ابھی کوئی بھی کی بورڈ لے آؤٹ ابھی انسٹال نہیں کیا۔

    یہ تصویر کی-بورڈ ڈیلیٹ کرنے سے پہلے کی ہے۔۔اس وقت وہاں صرف انگلش کی بورڈ ہی نظر آرہا ہے۔

  9. اقتباس» امن ایمان نے لکھا: تصویر لگا رہی ہوں اگر ٹیگ یہاں ٹھیک سے نہ کام کرے تو آپ خود ٹھیک کر لیجئے گا۔۔۔
    یہ تصویر کی-بورڈ ڈیلیٹ کرنے سے پہلے کی ہے۔۔اس وقت وہاں صرف انگلش کی بورڈ ہی نظر آرہا ہے۔

    پہلی بات کہ ٹیگ ٹھیک نہیں لگا ہوا۔ دوسری اور اہم بات کہ آپ نے جہاں تصویر اپلوڈ کی ہے وہ آپ کا پاسورڈ پروٹکٹڈ اکاؤنٹ ہے اس لئے تصویر دیکھنا ممکن نہیں ہو سکا۔

    اقتباس» امن ایمان نے لکھا: ابھی میں نے پھر سے ہر قسم کے فانٹس ۔۔کی بورڈ لے آؤٹ سب آل ڈیلیٹ کیا۔۔۔اردو فائلز کو بھی ڈیلیٹ کیا۔۔اور پھر دوبارہ اردو انسٹال کی۔۔۔انسٹال کرتے ہوئے کسی قسم کا ایرر میسج نہیں آتا۔۔۔لیکن بار پھر بھی ایکٹو نہیں ۔۔۔ابھی کوئی بھی کی بورڈ لے آؤٹ ابھی انسٹال نہیں کیا۔

    اقتباس» امن ایمان نے لکھا: باقی کا کام آپ کی ہدایت کے بعد کروں گی۔۔۔ابھی بس اردو فائلز کاپی کی ہیں۔  

    فونٹ ختم کرنے کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ جہاں تک مجھے پتہ ہے یہ فونٹس کی وجہ سے مسئلہ نہیں‌آرہا۔ باقی آپ نے لکھا کہ اردو فائلز کو بھی ڈیلیٹ کیا ہے تو کیا آپ بتائیں گی کہ یہ کونسی اردو فائلز ہیں؟ کیونکہ سمجھ نہیں آرہی کہ اردو انسٹالیشن میں ایسی کونسی اردو فائلز ہیں جن کا مجھے علم نہیں۔
    خیر میری ہدایات کا لنک تو پہلے بتا چکا ہوں اور پھر بتا دیتا ہوں۔ جو کہ درج ذیل ہے۔
    http://www.mbilalm.com/blog/install-urdu-in-xp/
    اس لنک کے مطابق انسٹالیشن کرتی جائیں تو میرے خیال میں سب ٹھیک ہو جائے گا۔ ویسے اگر آپ نے فائلز کاپی کر لی ہیں یعنی Install files for complex script and right-to-left languages والے چیک باکس کو منتخب کرنے کے بعد کمپیوٹر کو ری سٹارٹ کر چکی ہیں تو پھر آپ نے کافی حد تک کام مکمل کر لیا ہے۔ اب درج ذیل لنک سے کی بورڈ لے آؤٹ ڈاؤن لوڈ کریں اور انسٹال کر لیں۔
    http://dl.dropbox.com/u/2580033/urdu-paksign-keyboard.zip
    کی بورڈ لے آؤٹ کی انسٹالیشن کے ساتھ ہی سب کچھ خود بخود ہو جائے گا۔
    اگر پھر بھی نہ ہو تو بتائیے گا۔

  10. :pray: :pray: :pray:

    شکر ہے میری کھوئی ہوئی بار واپس مل گئی۔۔۔آپ کا کی-بورڈ لے آؤٹ بھی انسٹال کیاتھا لیکن بار نہیں ایکٹو ہوئی تو اچانک میری نظر کی-بورڈ addکرتے ہوئے اوپر ایڈوانسڈ ٹیب پر پڑی۔۔۔تو وہاں System Configuration میں ایڈوانسڈ ٹیکسٹ آپشن ٹرن آف تھی۔۔۔اسے اُن چیک کیا تو language bar خود ہی ٹاسک بار میں دیکھائی دینے لگی۔۔۔اب میں پرفیکٹ اردو لکھ سکتی ہوں۔۔اس سے پہلے جو کی-بورڈ نصب تھا اس سے” ء یں” اس طرح کے لفظ نہیں لکھے جاتے تھے۔۔لامحالہ مجھے کسی کا بلاگ کھول کر اردو ایڈیٹر میں ان لفظوں کو لکھنا پڑتا تھا لیکن شکر ہے اب یہ مسئلہ بھی حل ہوگیا۔۔۔۔بلال آپ کا بہتتتتتتتت شکریہ :rainbow:
    آپ نے اپنے قیمتی وقت میں سےاتنا تفصیلا جواب لکھنے کے لیے وقت نکالا۔۔۔اور انتظار بھی نہیں کروایا۔۔اور فرحت کی طرح میں بھی کہوں گی کہ ایم بلال ایم۔کام ایک بہترین سائٹ ہے جہاں اردو سے متعلق ہر قسم کی انفارمیشن موجود ہے اور خاص کر آپ کا دوستانہ اور مخلصانہ رویہ۔۔۔اللہ تعالیٰ آپ کو خوش رکھے۔
    اور ہاں آپ کی مکمل معذرت قبول کی گئی ہے :youkiddingme: میں اردو محفل پر اب نہیں جاتی ورنہ اُس پوسٹ پر ضرور کچھ نہ کچھ لکھتی۔ خیر ایک بار پھر بہتت سارا شکریہ۔

  11. بلال صاحب اپنے بلاگ پر سوشل بک مارکنگ کے بٹن بھی لگائیں تاکہ ہم اس بلاگ کو اپنے دوستوں سے شیعر کر سکیں۔ شکریہ

  12. بلال بھائی آپ کی بلاگ پر مجھے بہت سی ایسی معلومات ملی جسے میں بہت زمانے سے تلاش کر رہا تھا ۔ آپ کے بلاگ کی معلومات سے مجھے بڑی خوشی ہوئی۔

  13. بلال بھائی میں اپنا بلاگ شروع کرنا چاہتا ہوـں اس کے لئے مجھے سب سے پہلے کیا کرنا چاہئے . آپ اس سلسلے میں مجھیے تفصیل سے معلومات دیجئے. بڑی مہربانی ہوگی. شکریہ. والسلام , آپ کا بھائی علی محمد المحمدی

    1. آپ نےاردو میں بلاگ بنانا ہے یا انگریزی میں.ا
      اس کے لئے آپ ورڈ پریس انسٹال کرسکتے ہیں.اس کے لئے آپ کو ہوسٹنگ اور ڈومین کی ضرورت ہو گی.جو آپ فری میں حاصل کر سکتے ہیں.
      ہوسٹنگ کےلئے http://www.000webhost.com
      ڈومین کے لئے http://www.co.cc
      تجربات کے لئے یہ استعمال کرتے ہیں.پھر کوئی ڈومین خریدنا
      میں ابھی تک http://www.co.cc والی ڈومین استعمال کر رہا ہو ں

  14. مجھے جمیل نستعلیق 512کے بی کے سائز تک چاہیئے کیا یہ ممکن ہے؟ اگرچہ بجائے ایک ٹی ٹی ایف فائل کے دس ہوں

    1. آفیشلی تو ایسا کوئی ورژن ریلیز نہیں کیا گیا لیکن اس بارے میں کچھ کرتے ہیں۔ ویسے آپ کو ایسا چاہئے کیوں؟ دوسرا کیا آپ کو صرف جمیل نستعلیق چاہئے یا پھر پورا پاک اردو انسٹالر ایسی حالت میں بھی چاہئے؟

    1. جی جواب دے دیا ہے۔ اب آپ کچھ بتائیں پھر مزید میں کچھ بتاتا ہوں۔ ویسے میں اس معاملے میں تحقیق کرتا ہوں اگر کوئی مناسب ٹول مل گیا جس سے ایسا کیا جا سکے تو ضرور کر دوں گا۔

  15. بلال بھائی میں بہت دنوں سے آپ کے اس کاوش سے فائدہ اٹھا رہا ہوں، یعنی میں اپنے کمپوٹر پر اردو استعمال کررہا ہوں۔
    اب مجھے اپنے موبائل “nokia C7” میں اردو لکھنے کی ضرورت ہے اس بارے میں آپ میرے مدد کرسکتے ہیں یا نہیں؟

    1. بھائی کیونکہ Nokia C7 سیمبین ہے اور سیمبین کے بارے میں میری معلومات محدود ہے۔ اس معاملے پر میں آپ کی کوئی مدد نہیں کر سکتا۔

    1. محمد وصی اختر بن محمد قمرالحسن بھائی آپ جب “pak udru installer” اپنے کمپوٹر پر انسٹال کرے گے تو فونیٹک کی بورڈ خود بخود انسٹال ہوتا ہے۔
      پھر آپ “Language bar” کے ذریعے آپ اسے تبدیل کریں گے۔

  16. ایم۔ایس ورڈ میں لیکھے ہوے ٹیکسٹ کو اےڈوب فوٹو شاپ میں کیسے پیسٹ کرسکتے ہیں۔ کیسی فوٹو کے اوپر۔

  17. اسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
    محمدبلال بھائی پاک اردو انسٹالر کابہت شکریہ
    اللہ تعالیٰ آپ کومزید ترقی عطا فرمائیں
    آمین

  18. بلال بھائی سب کچھ ٹھیک ہے لیکن جمیل نوری نستعلیق صرف سکرین پر نظر آتا ہے، پرنٹ نہیں ہوتا۔ اس بارے میں راہنمائی فرمائیں۔ نوازش

    1. عام طور پر یہ مسئلہ کئی پرنٹرز میں یونیکوڈ ٹیکسٹ کے ساتھ آتا ہے۔ اس کے لئے پرنٹرز کی پراپرٹی میں کچھ تبدیلی کرنی پڑتی ہے۔ جیسے کنٹرول پینل اور پھر اپنے پرنٹرز کی پراپرٹیز میں جا کر فانٹ والے ٹیب یا آپشن میں Alwyas use Turetype fonts یا Send True type as bitmap یا اس سے ملتی جلتی آپشن کو منتخب کرنا ہوتا ہے۔ یہ آپشن پرنٹرز کی پراپرٹیز میں Font یا Advance یا Printer Features وغیرہ میں ہوتی ہیں۔ دراصل مختلف پرنٹرز میں یہ مختلف جگہوں پر ہوتی ہیں۔ ویسے آپ کے پاس پرنٹر کونسا ہے جس پر یہ مسئلہ آ رہا ہے؟

  19. اسلام و علیکم!
    جناب مجھے فانٹ چینج کرنے میں مسئلہ آ رہا ہے میں‌نے جمیل نوری نستعلیق انسٹال کیا ہے لیکن میں‌جو بھی لکھتا ہوں وہ بی بی سی والے فانٹ مین ہی دیکھائی دیتا ہے۔ پلیز مدد کریں۔

تبصرہ تحریر کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *