اپریل 20, 2011 - ایم بلال ایم
3 تبصر ے

ورڈپریس بلاگ – ایڈمن پینل کا عمومی جائزہ

ورڈپریس بلاگ اور بلاگ کے ایڈمن پینل کے بارے میں تھوڑی بہت تفصیل پہلے اس لنک پر لکھی جا چکی ہے۔ مزید اب بلاگ کے ایڈمن پینل کا چھوٹا سا عمومی جائزہ یہاں لکھ رہا ہوں۔ عمومی جائزے سے پہلے ایک بات۔ وہ یہ کہ اکثر لوگ ورڈپریس پوسٹس (Posts) اور صفحات (Pages) میں فرق نہیں کر پاتے کیونکہ یہ دونوں دیکھنے، لکھنے اور شائع کرنے میں ایک جیسے ہیں۔ دراصل بلاگ بنانے کا مقصد اپنے خیالات اور نظریات وغیرہ کو لکھ کر دوسروں تک پہنچانا ہوتا ہے۔ بلاگ پر روز یا جب کبھی بھی لکھنا ہو تو اپنی تحریر پوسٹ کر دی جاتی ہے۔ یوں آئے دن نئی سے نئی تحاریر اوپر آتی جاتی ہیں اور پرانی نیچے چلی جاتی ہیں بلکہ زیادہ پرانی تحاریر بلاگ کے کہیں چھوٹے سے کونے میں پڑی رہتی ہیں۔ لیکن چند تحاریر ایسی ہوتی ہیں جن کو بلاگ پر نمایا جگہ دینی ہوتی ہے۔ ایسی تحاریر ہمیشہ بلاگ کے صفحہ اول پر رکھی جاتی ہیں جیسے صاحبِ بلاگ کا تعارف وغیرہ۔ ورڈپریس نے ایسی خاص تحاریر کے لئے پیج (Page) کی سہولت دے رکھی ہے۔ عام طور پر تھیم میں بھی اس بات کا خیال رکھا جاتا ہے کہ تمام پیج بلاگ کے صفحہ اول پر نمایا جگہ پر نظر آئیں۔ میرے بلاگ پر ”میرے بارے میں“ اور ”پڑھنے میں مشکلات“ وغیرہ تحاریر پیج کی صورت میں ہی شائع کی گئی ہیں جبکہ باقی میں جو بھی لکھتا ہوں وہ پوسٹ کی صورت میں شائع کرتا ہوں۔ پیج بنانے کے لئے ایڈمن پینل میں بائیں سائیڈ بار میں Pages کی ذیلی فہرست میں سے Add New کے لنک پر کلک کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ پہلے سے بنے پیج میں تبدیلی کے لئے Pages کی ذیلی فہرست میں سے Pages پر کلک کیا جاتا ہے۔ پیج بناتے وقت بالکل ویسا ہی صفحہ ہوتا ہے جیسا پوسٹ لکھتے وقت ہوتا ہے۔ بس چند ایک چھوٹی موٹی چیزوں کا فرق ہوتا ہے۔

 
ایڈمن پینل کا عمومی جائزہ
یوں تو ایڈمن پینل کو استعمال کرنے کا طریقہ بڑی وضاحت کے ساتھ پہلے ہی لکھ دیا ہے لیکن یہاں کچھ ایسی چیزوں کے بارے میں بات کرتے ہیں جو ایڈمن پینل میں اکثر جگہ ایک جیسی ہوتی ہیں۔
ایڈمن پینل کے ہیڈر میں دائیں طرف Screen Options کا بٹن ایڈمن پینل کے ہر صفحہ پر موجود رہتا ہے۔

بٹن تو ہر جگہ موجود رہتا ہے لیکن اس کے اندر موجود آپشن ہر جگہ تبدیل ہوتی رہتی ہیں یعنی مختلف صفحات پر ان صفحات کی ضرورت کے مطابق Screen Options میں موجود چیزیں بھی تبدیل ہوتی رہتی ہیں۔ دراصل یہ اس لئے ہوتا ہے کہ اپنی ضرورت کے مطابق ہر صفحہ پر جو جو چیزیں دیکھنی ہوں وہ Screen Options سے منتخب کرلیں اور جو نہ دیکھنی ہوں وہ ختم کر دیں۔

 
ورڈپریس بلاگ کے ایڈمن پینل میں اکثر جگہ صفحہ کے اوپر یعنی شروع میں کچھ سہولیات کے فنکشن ہوتے ہیں۔ عام طور پر اکثر صفحات پر یہ ملتے جلتے ہوتے ہیں۔ یہاں مثال کے طور پر پوسٹ کے مرکزی صفحہ کے ایسے فنکشن کو دیکھتے ہیں۔ نیچے والی تصویر میں ہر جگہ ایک نمبر دیا گیا ہے اور پھر اس کی تھوڑی وضاحت کی گئی ہے۔

1:- یہاں پر پوسٹ کا ایک چھوٹا سا خلاصہ ہے کہ کتنی ٹوٹل کتنی پوسٹ ہیں اور شائع کتنی ہوئی ہیں وغیرہ وغیرہ۔ خاص شائع شدہ پوسٹ دیکھنے اور اسی طرح باقی قسم کی پوسٹ دیکھنے کےلئے ان لنک پر کلک کریں۔ ایسے ہی دیگر جگہوں پر بھی ہو سکتا ہے جیسے کمنٹس کے صفحہ پر کمنٹ کے متعلق ایسی معلومات ہوں گی۔

 
2:- یہاں پر تلاش کرنے کے لئے ٹیکسٹ باکس ہے اگر کوئی پوسٹ تلاش کرنی ہو تو یہاں اس پوسٹ کے بارے میں الفاظ لکھ کر تلاش کر سکتے ہیں۔

 
3:- یہ ایک بہت ہی زبردست فنکشن ہے۔ خاص طور پر کمنٹ میں یہ بہت کام آتا ہے۔ اگر ایک سے زیادہ پوسٹس میں کوئی تبدیلی کرنی ہو تو جس جس پوسٹ میں تبدیلی کرنی ہے اس کے ساتھ نظر آنے والے چیک باکس کو منتخب کر لیں اور پھر ان پوسٹس میں جس قسم کی تبدیلی کرنی ہو وہ Bulk Actions والی فہرست میں سے منتخب کر لیں اور پھر Apply کا بٹن دبا دیں۔ فرض کریں ایک سے زیادہ پوسٹس ختم کرنی ہیں تو پھر جس جس پوسٹ کو ختم کرنا ہے اسے منتخب کریں اور پھر Bulk Actions والی فہرست میں سے Move to Trash منتخب کریں اور Apply کا بٹن دبا دیں۔ یوں جو جو پوسٹ منتخب کی تھی وہ ساری کی ساری ختم ہو کر Trash میں چلی جائیں گی۔ اسی طرح کمنٹس کے لئے بھی اس فنکشن کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 
4:- کسی خاص مہینے کی پوسٹس دیکھنے کے لئے فہرست میں سے اپنا مطلوبہ مہینہ منتخب کریں اور Filter کا بٹن دبا دیں یوں صرف اس مہینے کی پوسٹس نظر آئیں گی۔ اسی طرح کسی خاص زمرہ (Category) کی پوسٹس دیکھنے کے لئے اس فہرست میں سے وہ کیٹیگری منتخب کریں اور پھر Filter کا بٹن دبا دیں۔ اس کے علاوہ کسی خاص مہینے اور پھر اس مہینے میں کسی خاص کیٹیگری کی پوسٹس دیکھنی ہوں تو دونوں فہرست میں سے اپنی مطلوبہ معلومات منتخب کریں اور پھر Filter کا بٹن دبا دیں۔ یوں آپ کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق پوسٹس ظاہر ہو جائیں گی۔

 
5:- یہ اکثر جگہ پر ہوتا ہے۔ دراصل جب پوسٹس یا کمنٹس وغیرہ زیادہ ہوں جائیں تو ورڈپریس انہیں ایک سے زیادہ صفحات پر دیکھاتا ہے۔ ایک سے دوسرے صفحہ پر جانے کے لئے تیر کے نشان والا بٹن دبائیں اس کے علاوہ اگر سب سے پہلے یا سب سے آخری صفحہ پر جانا ہو تو جس بٹن پر دو تیر ایک ساتھ بنے ہیں اس کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 
مزید ورڈپریس بلاگ کے ایڈمن پینل میں جب ورڈپریس کا نیا ورژن یا کسی پلگ ان وغیرہ کا نیا ورژن آتا ہے تو ورڈ پریس اس کی اطلاع ایڈمن پینل میں دیتا ہے۔ نیا ورژن یعنی اپڈیٹس کے بارے میں دیکھنے اور اپڈیٹ کرنے کے لئے بائیں سائیڈبار میں Dashboard کی ذیلی فہرست میں سے Updates کے لنک پر کلک کریں۔ نیا صفحہ کھلے گا یہاں پر جو جو اپڈیٹ آئی ہو گی وہ درج ہو گی۔ اپڈیٹ کرنے کے دو طریقے ہوتے ہیں ایک تو خودکار طریقے سے اور دوسرا آپ مینیوئلی خود کرتے ہیں۔ جس طریقہ سے جو جو اپڈیٹ کرنا ہے وہ کر لیں۔ ورڈپریس اور دیگر پلگ ان وغیرہ اپڈیٹ کرنے کی روز روز ضرورت نہیں ہوتی لیکن جب نیا ورژن آئے زیادہ دیر ہو گئی ہو تو پھر اپڈیٹ کر لینا چاہئے۔ اس سے بلاگ ہیک ہونے کا اندیشہ کم ہو جاتا ہے۔ ویب ہوسٹنگ کی وجہ سے کئی دفعہ اپڈیٹ کرنے کا طریقہ پچیدہ بھی ہو سکتا ہے۔ اس لئے کئی دفعہ پلگ ان وغیرہ کا نیا ورژن فائل مینیجر کے ذریعے اپلوڈ کرنا پڑتا ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست 3 تبصرے برائے تحریر ”ورڈپریس بلاگ – ایڈمن پینل کا عمومی جائزہ

  1. ما شا اللہ ! بہت خوب تحریر پیش کی آپ نے۔
    آپ کی اس کاوش پر ڈھیروں دعائيں۔

    اگر اسی طرح کے ٹیوٹوریلز ہوتے رہے تو کئی ایسے افراد کا بھلا ہو گا جنہیں ورڈ پریس استعمال کرنے اور سمجھنے میں مشکل ہوتی ہے ۔
    ایک بار پھر میری طرف سے ڈھیروں دعائیں۔

  2. ماشااللہ!
    بہت ہے اچھا مضمون لکھا ہے آپ نے۔
    میں ورڈ پریس پر ایک بلاگ بنا رہا ہوں‌، جس میں‌مجھے ایک نئی پوسٹ کو ایک دوسرے صفحے پر لکھنا ہے۔ جبکہ وہ نئی پوسٹ ہمیشہ پہلے صفحے پر آتے ہے۔
    برائے مہربانی میری رہنمائی کیجیئے۔
    شکریہ۔

  3. اشتیاق علی کے تبصرہ کا جواب

    تحریر پسند کرنے اور حوصلہ افزائی کرنے کا بہت بہت شکریہ۔
    اللہ تعالیٰ آپ کو بے شمار خوشیاں دے۔۔۔آمین

    اقتباس» وسیم علی نے لکھا:
    ماشااللہ!بہت ہے اچھا مضمون لکھا ہے آپ نے۔
    میں ورڈ پریس پر ایک بلاگ بنا رہا ہوں‌، جس میں‌مجھے ایک نئی پوسٹ کو ایک دوسرے صفحے پر لکھنا ہے۔ جبکہ وہ نئی پوسٹ ہمیشہ پہلے صفحے پر آتے ہے۔
    برائے مہربانی میری رہنمائی کیجیئے۔
    شکریہ۔

    محترم اپنے سوال کی تھوڑی سی وضاحت کریں جیسے کیا آپ صرف کسی خاص پوسٹ کو کسی دوسرے صفحہ پر لکھنا چاہتے ہیں یا پھر ہر نئی پوسٹ کو پہلے صفحہ کی بجائے کسی دوسرے صفحہ پر لکھنا چاہتے ہیں؟ اس کے علاوہ آپ جس قسم کی ویب سائیٹ بنا رہے ہیں اگر اس کی تھوڑی تفصیل بتا دیں تو آپ کا سوال آسانی سے سمجھ آ جائے گا۔

تبصرہ تحریر کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *