ورڈپریس بلاگ کے دو پہلو ہوتے ہیں۔ ایک وہ جو ساری دنیا دیکھ سکتی ہے، آپ کا بلاگ پڑھ سکتی ہے اور تبصرہ یا رائے (Comment) دے سکتی ہے۔ یہ پہلو وہی ہوتا ہے جو بلاگ کا ایڈریس ہوتا ہے مثال کے طور پرمیرے بلاگ کا یہ پہلو www.mbilalm.com/blog ہے۔لیکن ایک دوسرا پہلو بھی ہوتا ہے جو بلاگ کے مالک کے لئے ہوتا ہے اور اسے ایڈمن پینل بولتے ہیں۔ ایڈمن پینل سے بلاگ کو مکمل کنٹرول کیا جاتا ہے۔ ایڈمن پینل کے ذریعے ہی بلاگ پر تحریر/پوسٹ لکھی یا دیگر تبدیلیاں کی جاتی ہیں۔ ایڈمن پینل میں داخل ہونے کے لئے وہی یوزر نیم اور پاسورڈ دیا جاتا ہے جو ورڈپریس انسٹال کرتے ہوئے بلاگ کے ایڈمن کے لئے دیا ہوتا ہے۔ یاد رہے ڈیٹابیس کا یوزر نیم اور پاسورڈ بلاگ انسٹال کرنے کے لئے ہوتا ہے جبکہ اس کے بعد ایک اور یوزر نیم اور پاسورڈ بلاگ کے ایڈمن کے لئے دیا جاتا ہے اور یہ وہی یوزر نیم اور پاسورڈ ہوتا ہے جس کے ذریعے ایڈمن پینل میں داخل ہوا جاتا ہے۔ایڈمن پینل میں داخل ہونے کے لئے ویب براؤزر میں بلاگ کے ایڈریس کے بعد wp-admin لکھا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر بلاگ کا ایڈریس mydomain.com/blog ہے تو ایڈمن پینل کا ایڈریس mydomain.com/blog/wp-admin ہو گا۔
ایڈمن پینل میں کامیابی سے داخل ہونے کے بعد آپ کے سامنے ایڈمن پینل کا ڈیش بورڈ آ جاتا ہے۔ ڈیش بورڈ پر بلاگ کی پوسٹ اور کمنٹس کا خلاصہ ہوتا ہے اور ساتھ باقی ضروری لنک ہوتے ہیں۔ جیسا کہ تصویر میں نظر آ رہا ہے۔
بائیں جانب ایک پٹی(Bar) ہے۔ اسے سائیڈ بار(Sidebar) بولتے ہیں۔ سائیڈ بار میں کافی سارے لنک ہیں۔ ان میں سے کچھ لنک ایسے ہیں جن پر ماؤس لے کر جائیں تو ساتھ میں نیچے رخ کیا ہوا تیر کا نشان آ جاتا ہے اس کا مطلب ہے کہ اس لنک کی ذیلی فہرست بھی ہے یعنی اس لنک کے اندر مزید کچھ لنک ہیں۔ تصویر میں اسے سرخ نشان سے واضح کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ اوپر ایک اور پٹی نظر آ رہی ہے۔ اسے ہیڈر (Header) بولتے ہیں۔ ہیڈر میں ایک لنک Screen Options کا ہے اسے بھی تصویر میں سرخ نشان سے واضح کیا گیا ہے۔ اس کے اندر موجود لنک ایڈمن پینل کے ہر صفحہ کے مطابق تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔ اس کا کام کسی بھی صفحہ پر نظر آنے والی چیزوں میں تبدیلی ہوتا ہے یعنی جو چیز صفحہ پر دیکھنی ہوتی ہے اسے منتخب کر لیتے ہیں اور جو نہیں دیکھنی ہوتی اسے ختم کر دیتے ہیں۔ ہیڈر میں ایک اور ضروری لنک Log Out کا ہوتا ہے۔ جب ایڈمن پینل کو بند کرنا ہوتا ہے تو Log Out پر کلک کر کے ایڈمن پینل کو لاگ آؤٹ کیا جاتا ہے اور پھر ویب براؤز کو بند کیا جاتا ہے۔اگر ایڈمن پینل کو لاگ آؤٹ نہ کیا جائے تو اس بات کا اندیشہ رہتا ہے کہ اگر کوئی دوسرا بندہ آپ کا کمپیوٹر استعمال کرے تو وہ یوزر نیم اور پاسورڈ کے بغیر بھی آپ کے بلاگ کے ایڈمن پینل میں داخل ہو سکتا ہے اور تبدیلیاں کر سکتا ہے۔ اس لئے جب بھی ایڈمن پینل بند کرنا ہو تو پہلے لاگ آؤٹ ضرور کریں۔
السلام علیکم
ماشاءاللہ بہت اچھے انداز میں سمجھایا ہے آپ نے نئے بلاگرز کے لئے آپ کی یہ تحریریں بہت فائدہ مند رہینگی
:clap: زبردست بلال بھائی ماشاء اللہ بہت اچھا کام کررہے ہو آپ :love:
بھائی آپ کا کام عمدہ ہوتا ہے اور بہت مفید بھی۔ فرصت ملے تو ورڈ پریس کے مہیا کردہ فری بلاگز میں اردو تھیم اپلوڈ کرنے کے بارے میں بھی روشنی ڈالیے گا۔ شکریہ
ایم اے راجپوت کے تبصرہ کا جواب
وعلیکم السلام
تحریر پسند کرنے اور حوصلہ افزائی کا بہت شکریہ۔
عدنان شاہد کے تبصرہ کا جواب
عدنان شاہد بھائی میری چھوٹی سی کاوش پسند کرنے اور حوصلہ افزائی کا بہت شکریہ۔
عطاء رفیع کے تبصرہ کا جواب
میری چھوٹی سی کاوش پسند کرنے کا بہت شکریہ۔
اردو تھیم اپلوڈ کرنے کے بارے میں آپ یہاں دیکھ سکتے ہیں۔