اپریل 14, 2011 - ایم بلال ایم
تبصرہ کریں

ورڈپریس بلاگ پر لنک شامل، تبدیل اور ختم کرنا

ورڈپریس بلاگ پر سائیڈ بار میں یا تھیم کے مطابق کسی اور جگہ کچھ اپنی مرضی کے روابط(Links) شامل کیے جا سکتے ہیں۔ جیسے میں نے اپنے بلاگ پر ”دوست بلاگرز“ اور ”دیگر روابط“ شامل کیے ہیں۔ ایک وقت میں ایک سے زیادہ قسم کے لنکس بھی شامل کیے جا سکتے ہیں۔ اب جیسے میں نے دو قسم ”دوست بلاگرز“ اور ”دیگر روابط“ شامل کیے ہیں۔ دراصل میں نے لنکس کی دو کیٹیگری ”دوست بلاگرز“ اور ”دیگر روابط“ کے نام سے بنائی ہیں اور پھر ان کیٹیگری میں لنک شامل کر دیئے ہیں۔ سب سے پہلے لنکس کی جتنی قسم یعنی جتنے گروپ بنانا چاہتے ہیں ان کی کیٹیگری بنائیں اور پھر لنک شامل کرتے ہوئے اسے متعلقہ کیٹیگری میں ڈال دیں۔

 
لنک کیٹیگری بنانا، تبدیل اور ختم کرنا
لنک کیٹیگری بنانے کے لئے بلاگ کے ایڈمن پینل میں لاگ ان ہو کر بائیں سائیڈ بار میں Links کی ذیلی فہرست میں Link Categories کے لنک پر کلک کریں۔ اب دائیں طرف پہلے سے بنی ہوئی لنک کیٹیگری نظر آرہی ہوں گی اور بائیں طرف لنک کیٹیگری بنانے کے لئے Add New Link Category کا فارم موجود ہو گا۔

نئی لنک کیٹیگری بنانے کے لئے Add New Link Category کا فارم پُر کریں۔ سب سے پہلے Name میں کیٹیگری کا نام لکھیں۔ پھر Slug اور پھر Description لکھیں۔ لنک کیٹیگری بنانے کے لئے ضروری صرف نام ہے۔ باقی Slug ورڈپریس خود بخود پُر کر دے گا اور Description اگر چاہیں تو دے دیں یا خالی بھی چھوڑ سکتے ہیں۔ فارم پُر کر کے Add New Link Category کا بٹن دبا دیں۔ یوں ایک نئی کیٹیگری بن جائے گی اور دائیں طرف نظر آنے والی کیٹیگری کی فہرست میں نئی کیٹیگری کا اضافہ بھی ہو جائے گا۔
اگر پہلے سے بنی ہوئی کیٹیگری میں تبدیلی کرنا چاہیں تو دائیں طرف کیٹیگری کی فہرست میں سے جس کیٹیگری میں تبدیلی کرنا چاہتے ہیں اس پر ماؤس لے کر جائیں گے تو کچھ لنک ظاہر ہوں گے۔ یہاں پر Edit کے لنک پر کلک کر دیں۔ یوں نیا صفحہ کھلے گا جہاں پر فارم میں پہلے سے اس کیٹیگری کے متعلق معلومات لکھیں ہوں گی۔ جس جس معلومات کو تبدیل کرنا چاہیں کر لیں اور پھر Update کا بٹن دبا دیں۔
اگر کوئی کیٹیگری ختم کرنا چاہیں تو کیٹیگری کی فہرست میں سے اس کیٹیگری پر ماؤس لے جانے سے Delete کا لنک ظاہر ہوگا، اس پرکلک کر دیں۔ ایک پیغام ظاہر ہو گا جس میں پوچھا جائے گا کہ کیا آپ واقعی کیٹیگری ختم کرنا چاہتے ہیں تو OK پر کلک کرنے کی صورت میں کیٹیگری ختم ہو جائے گی۔ یاد رہے ورڈپریس کی انسٹالیشن کے ساتھ خود بخود ایک لنک کیٹیگری بن جاتی ہے۔ یہ ڈیفالٹ کیٹیگری ہوتی ہے۔ اس کو ختم نہیں کیا جا سکتا اگر ڈیفالٹ کیٹیگری کو ختم کرنا ہو تو Writing Settings میں سے پہلے اسے ڈیفالٹ سے ہٹایا جاتا ہے پھر ختم کیا جاتا ہے۔

 
لنک شامل کرنا
لنک شامل کرنے کے لئے ایڈمن پینل میں لاگ ان ہونے کے بعد بائیں سائیڈ بار میں Links کی ذیلی فہرست میں سے Add New کے لنک پر کلک کریں۔

اب Name میں لنک کا نام یعنی وہ الفاظ لکھیں جو بلاگ پر ظاہر ہوں اور ان پر لنک لگا ہوں۔ اس کے بعد Web Address لکھیں یعنی جس ویب سائیٹ کا لنک لگانا ہو اس کا ایڈریس لکھیں۔ ویب سائیٹ کے ایڈریس کے شروع میں http:// لکھنا نہ بھولیں۔
Description اگر لکھنا چاہیں تو لکھ دیں ورنہ رہنے دیں۔ جب کوئی بلاگ پر موجود لنک پر ماؤس لے کر جائے گا تو ماؤس کے ساتھ Description خود بخود ظاہر ہو جائے گا۔ اگر نہیں لکھیں گے تو کچھ ظاہر نہیں ہوگا ۔ اس کے بعد لنک کو جس لنک کیٹیگری میں شامل کرنا چاہتے ہیں وہ Categories والی فہرست میں سے منتخب کریں۔ اگر یہاں کوئی کیٹیگری منتخب نہیں کریں گے تو لنک خودبخود ڈیفالٹ کیٹیگری میں شامل ہو جائے گا۔ اس کے بعد Target میں سے کسی ایک آپشن کو منتخب کرنا ہوتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جب کوئی لنک پر کلک کرے گا تو ویب سائیٹ نئے صفحہ پر کھلے یا اسی صفحہ میں کھلے۔ نئے صفحہ یا ٹیب میں کھولنے کے لئے blank والا ریڈیو بٹن منتخب کریں۔
مزید نیچے کچھ معلومات درج کرنے کی سہولیات ہیں۔ اگر چاہتے ہیں تو وہ بھی درج کر لیں نہیں تو رہنے دیں۔ لنک کے متعلق سب کچھ درج کرنے کے بعد Add Link کا بٹن دبا دیں۔ یوں لنک شامل ہو جائے گا۔

 
لنک میں تبدیلی اور ختم کرنا
لنک میں تبدیلی یا ختم کرنے کے لئے ایڈمن پینل میں بائیں سائیڈ بار میں Links کی ذیلی فہرست میں سے Links کے لنک پر کلک کریں۔ یوں ایک نیا صفحہ کھلے گا جہاں پر تمام شامل کردہ لنک موجود ہوں گے۔ جس لنک میں تبدیلی یا ختم کرنا چاہتے ہیں اس پر ماؤس لے کر جائیں گے تو ساتھ Edit اور Delete ظاہر ہوں گے۔ ختم کرنے کے لئے Delete پر کلک کر دیں اور اگر تبدیلی کرنا چاہتے ہیں تو Edit پر کلک کریں۔ یوں لنک شامل کرتے ہوئے جیسا فارم تھا ویسا ہی فارم کھلے گا لیکن اس میں لنک کے متعلق معلومات پہلے سے درج ہوں گی جس جگہ تبدیلی کرنا چاہتے ہیں وہ کر لیں اور پھر Update Link کا بٹن دبا دیں۔ یوں لنک میں کی ہوئی تبدیلی محفوظ ہو جائے گی۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

تبصرہ تحریر کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *