ورڈپریس بلاگ پر پوسٹس کے زمرہ جات(Posts Categories) بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ خاص طور پر پوسٹ کے لئے مناسب زمرہ کا انتخاب اور بھی زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ ورڈپریس کی سیٹنگز، لنکس اور دیگر چیزیں سب کی سب صرف اور صرف پوسٹ کے لئے ہوتی ہیں کیونکہ اصل چیز تو پوسٹ یعنی آپ کی تحریر ہے۔ پوسٹ کے لئے مناسب زمرہ بنانا چاہئے۔ فرض کریں آپ زیادہ تر معاشرے پر لکھتے ہیں تو پھر ”معاشرہ“ کا زمرہ ہونا بہت ضروری ہے تاکہ معاشرے پر لکھی گئی پوسٹ کو معاشرہ کے زمرہ میں ڈال سکیں۔ جن موضوعات پر آپ کبھی کبھی لکھتے ہیں یا جس موضوع پر ابھی ایک دو تحاریر ہیں تو ایسے موضوع کے لئے علیحدہ سے زمرہ بنانے کی بجائے ایک ”متفرقات“ کا زمرہ بنائیں اور ایسے موضوع کی پوسٹ ”متفرقات“ کے زمرہ میں ڈال دیں اور جب اس موضوع پر زیادہ تحاریر ہوں تو اس کے لئے علیحدہ سے زمرہ بنائیں۔ اس بات کا بھی دھیان رکھیں کہ ضرورت سے زیادہ زمرہ جات بلاگ کو جنجھال پورہ بنا دیتے ہیں۔ خیر اس ٹیوٹوریل میں ہم زمرہ (Category) بنانا، پہلے سے بنی کیٹیگری میں تبدیلی اور ختم کرنا سیکھیں گے۔
پوسٹ کیٹیگری بنانا
کیٹیگری بنانے کے لئے بلاگ کے ایڈمن پینل میں لاگ ان ہو کر بائیں سائیڈ بار میں Posts کی ذیلی فہرست میں سے Categories کے لنک پر کلک کریں۔ اب کیٹیگری کا مرکزی صفحہ کھلے گا اور دائیں طرف پہلے سے بنی ہوئی کیٹیگری نظر آرہی ہوں گی اور بائیں طرف کیٹیگری بنانے کے لئے Add New Category کا فارم موجود ہو گا۔
نئی کیٹیگری بنانے کے لئے Add New Category کا فارم پُر کریں۔ سب سے پہلے Name میں کیٹیگری کا نام لکھیں اور پھر Slug۔جو کیٹیگری بنا رہے ہیں اس کو کسی دوسری کیٹیگری کی ذیلی کیٹیگری میں شامل کرنا چاہتے ہیں تو پھر Parent والی فہرست سے دوسری کیٹیگری منتخب کریں۔ عام طور پر ذیلی کیٹیگری بنانے کی ضرورت بہت کم ہوتی ہے خاص طور پر نئے لوگوں کے لئے تو بالکل بھی نہیں ہوتی۔ اس لئے Parent کی فہرست میں سے کسی کا انتخاب نہیں کیا جاتا بلکہ اسے None ہی رہنے دیا جاتا ہے۔ اس کے بعد Description لکھیں۔ کیٹیگری بنانے کے لئے ضروری صرف نام ہے۔ باقی Slug اگر نہیں لکھیں گے تو وہ ورڈپریس خود بخود پُر کر دے گا اور Description اگر چاہیں تو دے دیں یا خالی بھی چھوڑ سکتے ہیں۔ جب کوئی بلاگ پر موجود کیٹیگری کے لنک پر ماؤس لے کر جائے گا تو ماؤس کے ساتھ Description خود بخود ظاہر ہو جائے گا۔ اگر نہیں لکھیں گے تو کچھ ظاہر نہیں ہوگا ۔
فارم پُر کر کے Add New Category کا بٹن دبا دیں۔ یوں ایک نئی کیٹیگری بن جائے گی اور دائیں طرف نظر آنے والی کیٹیگری کی فہرست میں نئی کیٹیگری کا اضافہ بھی ہو جائے گا۔
پہلے سے بنی کیٹیگری میں تبدیلی اور ختم کرنا
اگر پہلے سے بنی ہوئی کیٹیگری میں تبدیلی کرنا چاہیں تو بائیں سائیڈ بار میں Posts کی ذیلی فہرست میں سے Categories کے لنک پر کلک کرنے کے بعد کیٹیگری کے مرکزی صفحہ پر دائیں طرف کیٹیگری کی فہرست میں سے جس کیٹیگری میں تبدیلی کرنا چاہتے ہیں اس پر ماؤس لے کر جائیں گے تو کچھ لنک ظاہر ہوں گے۔ یہاں پر Edit کے لنک پر کلک کر دیں۔ یوں نیا صفحہ کھلے گا جہاں پر فارم میں پہلے سے اس کیٹیگری کے متعلق معلومات لکھیں ہوں گی۔ جس جس معلومات کو تبدیل کرنا چاہیں کر لیں اور پھر Update کا بٹن دبا دیں۔
اگر کوئی کیٹیگری ختم کرنا چاہیں تو کیٹیگری کی فہرست میں سے اس کیٹیگری پر ماؤس لے جانے سے Delete کا لنک ظاہر ہوگا، اس پرکلک کر دیں۔ ایک پیغام ظاہر ہو گا جس میں پوچھا جائے گا کہ کیا آپ واقعی کیٹیگری ختم کرنا چاہتے ہیں تو OK پر کلک کرنے کی صورت میں کیٹیگری ختم ہو جائے گی اور اس کیٹیگری کی ساری پوسٹس ڈیفالٹ کیٹیگری کو منتقل کر دی جائیں گی۔ یاد رہے ورڈپریس کی انسٹالیشن کے ساتھ خود بخود ایک Uncategorized کے نام کی کیٹیگری بن جاتی ہے۔ یہ ڈیفالٹ کیٹیگری ہوتی ہے۔ اس میں تبدیلی تو کی جا سکتی ہے لیکن ختم نہیں کیا جا سکتا اگر ڈیفالٹ کیٹیگری کو ختم کرنا ہو تو Writing Settings میں سے پہلے اسے ڈیفالٹ سے ہٹایا جاتا ہے پھر ختم کیا جاتا ہے۔
السلام علیکم ورحمتہ اللہ
کیا اس بیاض میں بلاگ سپاٹ کے متعلق کوئی ٹپس ہیں۔
شکریہ والسلام
وعلیکم السلام
محترم آپ درج ذیل لنک پر دیکھیں
http://www.mbilalm.com/blog/create-urdu-blog-at-blogger-blogspot/