اپریل 8, 2011 - ایم بلال ایم
تبصرہ کریں

ورڈپریس بلاگ – بیک اپ، ریسٹور اور منتقلی (Import and Export)

جس طرح کمپیوٹر کا بیک اپ بنایا جاتا ہے تاکہ کسی خرابی کی صورت میں مواد محفوظ رہے اور پھر خرابی درست کر کے بیک اپ کو ریسٹور کر لیا جائے۔ ایسے ہی وقتاً فوقتاً ویب سائیٹ کا بیک اپ بھی بنایا جاتا ہے تاکہ کسی خرابی کی صورت میں ریسٹور کیا جا سکے اور مواد ضائع نہ ہو۔ اس کے علاوہ ویب سائیٹ کا مواد ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے لئے بیک اپ بناتے ہیں اور پھر دوسری/نئی جگہ پر ریسٹور کر لیتے ہیں۔ کمپیوٹر کی دنیا میں بیک اپ بنانے کو بہت اہمیت دی جاتی ہے کیونکہ پتہ نہیں کس وقت کیا ہو جائے اور کونسی کمپیوٹر مشین کہاں جواب دے جائے۔ اس لئے اس خطرے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بیک اپ بنانے کی عادت اپنائیں۔ کم از کم بلاگ کا بیک اپ وقتاً فوقتاً ضرور بنائیں۔ میری عادت ہے کہ میں وقتاً فوقتاً بیک اپ بناتا رہتا ہوں اس کے علاوہ جب بھی کوئی نئی پوسٹ لکھتا ہوں تو پوسٹ شائع کرنے کے بعد ایک دفعہ بیک اپ ضرور بناتا ہوں۔

 
ورڈپریس بلاگ کا بیک اپ بنانا
ورڈپریس بلاگ کے ایڈمن پینل میں بیک اپ بنانے اور ریسٹور کرنے کی سہولت ہوتی ہے۔ جس سے تمام پوسٹس، صفحات، کیٹیگری، ٹیگ اور کمنٹس کابیک اپ بنایا جا سکتا ہے اور بوقت ضرورت ریسٹور کیا جا سکتا ہے۔ بلاگ کا بیک اپ بنانے کے لئے ایڈمن پینل میں لاگ ان ہوں اور بائیں سائیڈ بار میں Tools کی ذیلی فہرست میں Export کے لنک پر کلک کریں۔ نیا صفحہ کھلے گا۔

یہاں Choose what to export کے تین ریڈیو بٹن ہوں گے۔ ان تینوں میں سے کوئی ایک منتخب کیا جاتا ہے۔ All content کا مطلب ہے کہ تمام پوسٹس، صفحات اور کمنٹس وغیرہ کا بیک اپ بنے۔ Post ریڈیو بٹن کا مطلب ہے کہ صرف پوسٹس کا بیک اب بنے اور اسی Pages کا ریڈیو بٹن منتخب کرنے سے صرف صفحات کا بیک اپ بنے گا۔ عام طور پر بیک اپ بنانے کے لئے All content کو ہی منتخب کیا جاتا ہے لیکن اگرصرف پوسٹ یا صفحات کا بیک اپ لینا چاہیں تو Posts یا Pages کا ریڈیو بٹن منتخب کر سکتے ہیں۔ Posts یا Pages کے ریڈیو بٹن کو منتخب کرنے سے ساتھ میں مزید کچھ تفصیلات آ جاتی ہیں۔ ان تفصیلات میں سب سے پہلے Categories ہوتی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اگر صرف کسی خاص کیٹیگری کی پوسٹس کا بیک اپ لینا چاہیں تو اس کیٹیگری کو فہرست میں سے منتخب کر لیں۔ ایسے ہی کسی خاص یوزر کی پوسٹس کے لئے Author والی فہرست میں سے یوزر منتخب کر لیں۔ اس علاوہ کسی خاص تاریخ سے کسی دوسری تاریخ کے درمیان والی پوسٹس کا بیک اپ لینے کے لئے Date range منتخب کریں اور اگر کسی خاص قسم کی پوسٹ کا بیک اپ لینا چاہیں جیسے شائع شدہ یا غیر شائع شدہ وغیرہ تو اس کے لئے Status کی فہرست میں سے اپنی ضرورت کی پوسٹ کی قسم منتخب کر لیں۔
All content، Posts یا Pages تینوں میں سے کوئی ایک ریڈیو بٹن منتخب کرنے کے بعد Download Export File کا بٹن دبا دیں۔ یوں بیک اپ کی ایک ایکس ایم ایل (XML) فائل کمپیوٹر میں محفوظ ہو جائے گی۔ کئی ویب براؤزر میں فائل ڈاؤن لوڈ ہونے سے پہلے اجازت مانگتی ہے یا پھر کہاں محفوظ ہو یہ پوچھتی ہے۔ اپنے براؤزر کے مطابق فائل ڈاؤن لوڈ ہونے کا عمل مکمل کریں۔ بیک اپ فائل کمپیوٹر میں محفوظ ہو چکی ہے۔ بوقت ضرورت اسے ریسٹور کر سکتے ہیں۔

 
ورڈپریس بلاگ کا بیک اپ ریسٹور کرنا اور کسی دوسری بلاگنگ سروس سے مواد ورڈپریس بلاگ پرمنتقل کرنا
ورڈپریس بلاگ کے پہلے سے بنے ہوئے بیک اپ کی ایکس ایم ایل فائل کو ریسٹور کرنے یا کسی بلاگنگ سروس سے اپنے بلاگ کو ورڈپریس پر منتقل کرنے کے لئے ورڈپریس بلاگ کے ایڈمن پینل میں لاگ ان ہوں اور بائیں سائیڈ بار میں Tools کی ذیلی فہرست میں سے Importکے لنک پر کلک کریں۔ نیا صفحہ کھلے گا۔ یہاں پر ان تمام بلاگنگ سروس کے نام ہوں گے جن سے مواد ورڈپریس پر منتقل کیا جا سکتا ہے۔ ورڈپریس بلاگ کے اپنے بیک اپ کی ایکس ایم ایل فائل ریسٹور کرنے یا کسی دوسری سروس سے مواد منتقل کرنے کے لئے متعلقہ پلگ ان کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر متعلقہ پلگ ان پہلے سے انسٹال اور چل رہا ہو تو اس سروس کے ساتھ Import لکھا ہو گا یعنی مواد منتقل کرنے کے بارے میں لکھا ہو گا اور اگر پلگ ان انسٹال نہ ہو یا چل نہ رہا ہو تو Install لکھا ہو گا۔ جیسا کہ نیچے والی تصویر میں نیلے رنگ سے ظاہر کیا گیا ہے۔

اب یہاں پر صرف Blogger سے مواد منتقل کرنے والا پلگ ان انسٹال ہے اور چل رہا ہے لیکن باقی کسی بھی سروس کا پلگ ان انسٹال نہیں اور نہ ہی WordPress کی ایکس ایم ایل فائل کو ریسٹور کرنے والا پلگ ان انسٹال ہے۔ متعلقہ پلگ ان انسٹال کرنے کے لئے اس سروس کے لنک پر کلک کریں۔ ورڈپریس خود بخود اس پلگ ان تک لے جائے گا۔ پلگ ان ایک نئی ونڈو میں کھلے گا۔ Install Now کے لنک پر کلک کرنے سے پلگ ان انسٹال ہو جائے گا اور نیا صفحہ کھلے گا جہاں پر پلگ ان کامیابی سے انسٹال ہونے کا پیغام ہو گا (اگر پلگ ان انسٹال نہ ہو رہا ہو تو اس کی تفصیل اسی تحریر کے آخر پر دیکھیں)۔ اب Activate Plugin & Run Importer کے لنک پر کلک کریں۔

اب نیا صفحہ کھلے گا۔ اگر کسی سروس سے ورڈپریس پر منتقل ہو رہے ہیں تو اس سروس کی ضروری معلومات درج کرتے جائیں۔ فرض کریں آپ بلاگر سے ورڈپریس پر منتقل ہو رہے ہیں تو ورڈپریس آپ کو بلاگر کی ویب سائیٹ پر لے جائے گا تاکہ بلاگر اپنا مواد منتقل کرنے کی اجازت ورڈپریس کو دے دے۔ اس لئے بلاگر کے متعلق جو معلومات پوچھی جائیں وہ درج کرتے جائیں۔ یوں کئی ایک آسان مراحل کے بعد آپ کا مواد ورڈپریس پر منتقل ہو جائے گا۔ اسی سے ملتا جلتا کام ہی باقی سروسز سے ورڈپریس پر منتقل ہوتے ہوئے ہو گا۔ اور اگر ورڈپریس کے ہی بیک اپ کی ایکس ایم ایل فائل کو ریسٹور کر رہے ہیں تو Activate Plugin & Run Importer پر کلک کرنے کے بعد جو نیا صفحہ کھلے گا وہاں پر Browse کر کے کمپیوٹر سے محفوظ شدہ بیک اپ کی ایکس ایم ایل فائل منتخب کریں اور پھر Upload file and import کا بٹن دبا دیں۔

نیا صفحہ کھلے گا۔ یہاں جو ایکس ایم ایل فائل امپورٹ کر رہے ہیں اس میں موجود پوسٹس کے جو لکھنے والے (Authors) ہیں ان کے بارے میں تفصیل پوچھی جائے گی یعنی جس ورڈپریس بلاگ کا بیک اپ ایکس ایم ایل فائل کی صورت میں بنایا گیا تھا اس بلاگ کے یوزر جنہوں نے پوسٹس لکھی تھیں تو ان کی پوسٹس کیا ان کے نام سے ہی یہاں موجود رہیں یا پھر کچھ اور۔ اس میں تین کاموں کے اختیار ہوں گے۔

1:- Import author کے ساتھ وہ یوزر نیم ہو گا جو امپورٹ ہونے والی فائل میں پوسٹس کا یوزر ہے ساتھ ہی بریکٹس میں وہ نام ہو گا جس نام سے ورڈ پریس نیا یوزر بنانے والا ہے۔ اگر یہاں ایسے ہی رہنے دیا جائے اور کوئی تبدیلی کیے بغیر Submit کا بٹن دبا دیا جائے تو ورڈپریس
سارا مواد امپورٹ کرنے کے ساتھ بریکٹس میں موجود نام کا ایک نیا یوزر بھی بنا دے گا۔اگر بریکٹس میں admin ہو تو پھر اس نام کا یوزر تو پہلے ہی ہوتا ہے اس لئے وہ ساری پوسٹس admin کے نام منتقل کر دے گا۔

2:- اگر چاہتے ہیں کہ ورڈپریس امپورٹ ہونے والی فائل کی پوسٹس کے لئے نیا یوزر آپ کی مرضی کے مطابق بنائے تو پھر create new user with login name میں اپنی مرضی کا یوزر نیم لکھ دیں اور Submit کا بٹن دبا دیں۔

3:- اگر امپورٹ ہونے والی فائل کی پوسٹس پہلے سے بنے ہوئے یوزر کے نام منتقل کرنا چاہتے ہیں تو assign posts to an existing user والی فہرست میں پہلے سے بنے ہوئے یوزر کو منتخب کریں اور Submit کا بٹن دبا دیں۔
یاد رہے امپورٹ ہونے والی فائل میں موجود پوسٹس کے اگر ایک سے زیادہ لکھنے والے ہوئے تو پھر یہاں پر اتنی زیادہ آپشن آ جائیں گی یعنی ہر یوزر کے متبادل ایک آپشن ہو گی۔

Submit کا بٹن دبانے کے بعد فائل امپورٹ ہونا شروع ہو جائے گی اور جب مکمل ہو گی تو صفحہ کے آخر پر All done لکھا آ جائے گا۔ بیک اپ کی ایکس ایم ایل فائل کامیابی سے ریسٹور ہو چکی ہے اس کے علاوہ نیا یوزر بننے کی آپشن یا نیا یوزر لکھا تھا تو وہ بھی بن چکا ہے۔

 
اگر امپورٹر پلگ ان انسٹال نہ ہو؟
بعض ویب ہوسٹنگ اس طرح ورڈپریس کو پلگ ان انسٹال کرنے کی اجازت نہیں دیتی تو ایسی صورت میں پلگ ان اس طرح انسٹال نہیں ہو پاتا جس طرح اور لکھا گیا ہے۔ ایسی مشکل ہونے کی صورت میں اپنی ضرورت کے مطابق متعلقہ پلگ ان درج ذیل لنکس سے ڈاؤن لوڈ کریں اور یہاں درج طریقہ کے مطابق پلگ ان انسٹال کر لیں۔
امپورٹر پلگ انز کے لنکس درج ذیل ہیں

Blogger, Blogroll, Categories and Tags Converter, LiveJournal, Movable Type and TypePad, RSS, WordPress

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

تبصرہ تحریر کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *