اپریل 17, 2011 - ایم بلال ایم
6 تبصر ے

ورڈپریس بلاگ پوسٹ – ٹیکسٹ ایڈیٹر کا استعمال

ورڈپریس کے ذریعے بلاگ بنانے کے بعد جب پہلی دفعہ پوسٹ لکھنے والے صفحہ پر جاتے ہیں تو جہاں پوسٹ لکھی جاتی ہے وہاں پر ویژول ایڈیٹر (Visual Editor) چل رہا ہوتا ہے۔ جیسا کہ تصویر میں نظر آ رہا ہے۔

ورڈپریس ویژول ایڈیٹر کے ساتھ ساتھ ایچ ٹی ایم ایل ایڈیٹر (HTML Editor) کی سہولت بھی دیتا ہے۔ یہ لکھنے والی کی مرضی، ضرورت اور قابلیت ہے کہ وہ ان دونوں ایڈیٹرز میں سے کس میں پوسٹ لکھنا پسند کرتا ہے۔ پوسٹ لکھنے کے دوران دونوں ایڈیٹرز کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ ضروری نہیں کہ ایک پوسٹ مکمل طور پر ایک ہی ایڈیٹر میں لکھی جائے۔ پوسٹ لکھنے کے دوران ضرورت پڑھنے پر ایک سے دوسرے ایڈیٹر میں جایا جا سکتا ہے اور مواد ضائع ہونے کا کوئی اندیشہ بھی نہیں۔ اوپر والی تصویر میں دونوں ایڈیٹرز کے لنک کو سرخ رنگ سے واضح کیا گیا ہے۔ یوں تو دونوں ایڈیٹرز کے اپنے اپنے کام اور اپنے اپنے بٹن ہوتے ہیں۔ لیکن اوپر والی تصویر میں سبز رنگ سے واضح کیے گئے Upload/Insert کے بٹن دونوں ایڈیٹرز میں موجود رہتے ہیں اور دونوں جگہ پر ایک ہی کام کرتے ہیں۔ اس لئے پہلے ان کی تھوڑی سی تفصیل ہو جائے۔ یہاں ایک بات ذہن میں رکھیں کہ جس طرح عام ٹیکسٹ ایڈیٹر میں فارمیٹ بٹن وغیرہ کا اثر منتخب الفاظ پر یا جس جگہ کرسر ہو، وہاں ہوتا ہے ویسے ہی یہاں ہو گا۔

 
Upload/Insert کے بٹنوں کا استعمال
دراصل یہ میڈیا کے بٹن ہیں یعنی تصویر، ویڈیو، آڈیو یا دیگر میڈیا فائل یہاں سے اپلوڈ یا میڈیا لائبریری سے منتخب کر کے پوسٹ میں لگائی جاتی ہے۔
جس جگہ کوئی تصویر لگانی ہے وہاں کرسر لے جا کر کے بٹن پر کلک کریں۔ اسی طرح ویڈیو کے لئے پر، آڈیو کے لئے پر اور کسی دوسرے میڈیا کے لئے پر کلک کریں۔
یہاں ہم پوسٹ میں تصویر لگانے کے بارے میں دیکھتے ہیں۔ پوسٹ میں جس جگہ تصویر لگانی ہو وہاں کرسر لے جا کر کے بٹن پر کلک کریں۔ ایک نئی ونڈو کھلے گی۔ جیسا کہ نیچے والی تصویر میں نظر آ رہی ہے۔

یہاں عام طور پر تین طریقے سامنے آتے ہیں۔ پہلا From Computer یعنی کیا کمپیوٹر سے تصویر بلاگ کی میڈیا لائبریری میں اپلوڈ کر کے لگانا چاہتے ہیں، دوسرا From URL یعنی کسی دوسری ویب سائیٹ سے یا اپنے بلاگ کے ہی کسی دوسرے ایڈریس پر تصویر موجود ہے اور آپ کو اس تصویر کا یو آر ایل معلوم ہے اور وہ درج کر کے تصویر لگانا چاہتے ہیں۔ تیسرا Media Library یعنی تصویر پہلے سے میڈیا لائبریری میں اپلوڈ ہے وہاں سے پوسٹ میں لگانا چاہتے ہیں۔ اب ہم ان تینوں طریقوں سے تصویر لگانا سیکھتے ہیں۔ بالکل ایسے ہی باقی فائلز بھی پوسٹ میں شامل کی جا سکتی ہیں۔

From Computer
اگر یہاں فلیش اپلوڈر چل رہا ہو تو Select Files کا بٹن دبائیں اور کمپیوٹر سے تصویر منتخب کریں۔ تصویر منتخب کرنے سے تصویر اپلوڈ ہونا شروع ہو جائے گی اور اگر یہاں فلیش اپلوڈر کی بجائے براؤزر اپلوڈر چل رہا ہو تو Browse کا بٹن دبائیں اور کمپیوٹر سے تصویر منتخب کریں اور پھر Upload کا بٹن دبا دیں۔ یوں تصویر اپلوڈ ہونا شروع ہو جائے گی جیسے ہی اپلوڈنگ مکمل ہو گی تو اسی ونڈو میں تصویر کے متعلق کچھ تفصیل آ جائے گی۔ اگر کسی تفصیل میں تبدیلی کرنی ہو تو کر لیں اور نیچے نظر آنے والا Inset into Post کا بٹن دبا دیں۔ یوں یہ ونڈو بند ہو جائے گی اور تصویر پوسٹ میں شامل ہو جائے گی۔

From URL
کسی دوسری ویب سائیٹ مثلاً فلکر یا ڈراپ باکس وغیرہ سے تصویر پوسٹ میں لگانے کے لئے From URL پر کلک کرنے کے بعد Image URL میں تصویر کا یو آر ایل درج کریں اور تصویر کا جو ٹائیٹل رکھنا چاہتے ہیں وہ لکھیں۔ اس کے علاوہ مزید اگر کوئی تفصیل لکھنی ہو تو وہ لکھیں جیسے اگر تصویر پر لنک بھی لگانا ہو تو تصویر کا یو آر ایل یا پھر کسی دوسری ویب سائیٹ کا لنک Link Image To میں درج کریں اور Insert into Post کا بٹن دبا دیں۔ یوں یہ ونڈو بند ہو جائے گی اور تصویر پوسٹ میں شامل ہو جائے گی۔

Media Library
اگر تصویر پہلے سے میڈیا لائبریری میں اپلوڈ ہو تو اس آپشن کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ یہاں پر میڈیا لائبریری میں اپلوڈ تمام فائلز نظر آ رہی ہوں گی۔ جس تصویر کو پوسٹ میں لگانا چاہتے ہیں اس کے سامنے Show کے لنک پر کلک کریں۔ اب تصویر کی کچھ تفصیل سامنے آ جائے گی اگر کچھ تبدیل کرنا ہو تو کر لیں اور پھر Insert into Post کا بٹن دبا دیں۔ یوں یہ ونڈو بند ہو جائے گی اور تصویر پوسٹ میں شامل ہو جائے گی۔

 
ویژول ایڈیٹر (Visual Editor) کا استعمال
عام طور پر یا جب پہلی دفعہ بلاگ پوسٹ لکھنے والے صفحہ پر آتے ہیں تو یہاں ویژول ایڈیٹر ہی چل رہا ہوتا ہے۔ یہ بالکل ویسا نظر آتا ہے جیسا اس تحریر کی سب سے پہلی تصویر میں نظر آ رہا ہے لیکن ویژول ایڈیٹر کے کچھ بٹن چھپے ہوتے ہیں۔ چھپے بٹنوں کو Show/Hide Kitchen Sink کا بٹن دبا کر ظاہر کیا جا سکتا ہے اور ایسے ہی پھر چھپانے کے لئے اسی بٹن کا استعمال کیا جاتا ہے۔ جب چھپے بٹن ظاہر ہوں گے تو ویژول ایڈیٹر نیچے والی تصویر جیسا نظر آئے گا۔

Upload/Insert کے بٹنوں کی تفصیل پہلے لکھ چکا ہوں۔ اب ویژول ایڈیٹر کے بٹنوں کی تھوڑی تھوڑی وضاحت کر دیتا ہوں جو کہ تصویر میں نیلے رنگ سے واضح کیے گئے ہیں۔ یہاں ایک بات ذہن میں رکھیں کہ جس طرح عام ٹیکسٹ ایڈیٹر میں فارمیٹ بٹن وغیرہ کا اثر منتخب الفاظ پر یا جس جگہ کرسر ہو، وہاں ہوتا ہے ویسے ہی یہاں ورڈپریس کے ویژول ایڈیٹر میں ہو گا یعنی جن الفاظ پر کچھ لاگو کرنا ہو انہیں منتخب کریں اور پھر متعلقہ بٹن کو دبا دیں۔ اس طرح متعلقہ بٹن کے اثرات ان الفاظ پر لاگو ہو جائیں گے۔اس کے علاوہ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ متعلقہ بٹن کو پہلے دبائیں اور الفاظ لکھتے جائیں اور جہاں تک بٹن کو اثر انداز کرنا ہو وہاں تک لکھ لیں اور لکھنے کے بعد اس بٹن کو دوبارہ دبا دیں۔
یہ بٹن کسی تحریر کو بولڈ (Bold) یعنی باقی تحریرسے تھوڑا سا موٹا کرنے کے لئے استعمال ہوتا ہے۔
تحریر کو تھوڑا سا ترچھا (Italic) کرنے کے لئے اس بٹن کا استعمال کیا جاتا ہے۔
تحریر کے درمیان میں لائن کھینچنے (Strikethrough) کے لئے۔ جیسا کہ اس بٹن میں موجود ABC کے درمیان میں لائن لگی ہے۔
کسی تحریر کی ہر لائن کے شروع میں نقطہ لگانے کے لئے یعنی ایک فہرست تیار کرنے کے لئے۔ پہلے اس بٹن کو منتخب کرلیں اور تحریر لکھتے جائیں۔ جہاں بھی نئی لائن شروع کریں گے اس کے شروع میں نقطہ لگ جائے گا اور جہاں اس عمل کو ختم کرنا ہو وہاں نئی لائن پر جا کر اس بٹن کو دوبارہ دبا دیں۔اس کے علاوہ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ پہلے تحریر لکھ لیں اور پھر تحریر کو منتخب کر کے اس بٹن کو دبائیں۔ تحریر میں جہاں جہاں نئی لائن شروع ہوئی ہو گی وہاں نقطہ لگ جائے گا۔
ہر لائن کے شروع میں نقطہ کی بجائے ترتیب سے گنتی لکھنے کے لئے یہ بھی ویسے ہی کام کرے گا جیسے اوپر والا تحریر کی ہر لائن پر نقطہ لگانے والا بٹن ہے۔ فرق صرف یہ ہے کہ یہ نقطہ کی بجائے ترتیب سے گنتی لگاتا جائے گا۔
تحریر میں اگر کسی جگہ اقتباس دینا ہو تو اس بٹن کا استعمال کیا جاتا ہے۔
تحریر کو دائیں، درمیان اور بائیں کرنے کے لئے ان تینوں بٹنوں کا استعمال کیا جاتا ہے یعنی تحریر کو جس طرف کرنا ہو اس کے مطابق بٹن دبا دیں۔
لفظ یا تحریر پر لنک لگانے کے لئے یہ بٹن استعمال کیا جاتا ہے۔
اگر کسی لفظ یا تحریر پر پہلے لنک لگا ہو تو لنک ختم کرنے لئے اس بٹن کا استعمال کیا جاتا ہے۔
اگر چاہتے ہیں کہ جہاں پوسٹ باقی کئی پوسٹس کے ساتھ نظر آ رہی ہو وہاں پوری نظر نہ آئے بلکہ اس کے شروع کا کچھ حصہ نظر آئے تو جتنی شروع کی پوسٹ دیکھانی ہو اس کے بعد کلک کر کے اس بٹن کو دبا دیں۔ اس سے More کا ٹیگ لگ جائے گا اور پھر تحریر پوری صرف تب نظر آئے گی جب خاص اس تحریر کو دیکھا جائے گا۔ باقی ہر جگہ اتنی نظر آئے گی جتنی کے بعد آپ نے More کا ٹیگ لگایا ہو گا۔
تحریر کی املا کی درستگی کے لئے اس بٹن کا استعمال کیا جاتا ہے اور اگر کسی دوسری زبان میں تحریر ہو تو پھر اس بٹن کے ساتھ جو تیر نیچے کی طرف ہے اس پر کلک کر کے مطلوبہ زبان منتخب کی جا سکتی ہے۔
ویژول ایڈیٹر کو بڑا یعنی پوری سکرین پر لانے(Full Screen) کے لئےاس بٹن کا استعمال کیا جاتا ہے۔
لفظ یا تحریر کی مختلف قسم کی فارمیٹنگ کے لئے اس بٹن کو استعمال کیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر سرخیاں(Heading) وغیرہ دینے کے لئے۔
تحریر کے نیچے لائن لگانے کے لئے یعنی انڈرلائن(Underline) کرنے لئے۔
تحریر کو جسٹیفائی کرنے کے لئے یعنی جتنی جگہ پر تحریر ظاہر ہو رہی ہے اس میں ہر لائن مکمل آخر تک جائے اور ہر لفظ کے درمیان میں خودبخود وقفہ زیادہ یا کم کرے۔
تحریر کا رنگ تبدیل کرنے لئے۔ تیر کے نشان پر کلک کرنے سے مزید رنگ نظر آنا شروع ہو جائیں گے۔
کوئی ایسی تحریر کاپی کی ہو جس کے ساتھ فارمیٹنگ وغیرہ ہو مثلاً تحریر کو مختلف رنگ وغیرہ دیئے گئے ہوں تو اس تحریر کی فارمیٹنگ وغیرہ ختم کر کے ایڈیٹر میں پیسٹ کرنے کے لئے اس بٹن کو استعمال کریں۔
مائیکروسافٹ ورڈ سے اگر کوئی تحریر کاپی کی ہو اور اسے پوری فارمیٹنگ کے ساتھ ایڈیٹر میں پیسٹ کرنے کے لئے یہ بٹن استعمال کیا جاتا ہے۔
تحریر پر اگر کوئی فارمیٹنگ لگائی ہو اور فارمیٹنگ کو ختم کرنا ہو تو اس بٹن کو استعمال کریں۔
کچھ ایسے نشان ہوتے ہیں جو کی بورڈ سے نہیں لکھے جا سکتے مثلاً کاپی رائیٹ وغیرہ کے نشانات۔ ایسے کسی خاص نشان کو تحریر میں لکھنے کے لئے اس بٹن کا استعمال کیا جاتا ہے۔
تحریر کو تھوڑا بہت بائیں جانب کرنے کے لئے۔
تحریر کو تھوڑا بہت دائیں جانب کرنے کے لئے۔
تحریر میں کوئی تبدیلی کی ہو لیکن اس تبدیلی کو ختم کر کے واپس جانا یعنی Undo کرنا ہو تو اس بٹن کو استعمال کریں۔
یہ Undo کا الٹ ہے۔ اگر Undo کیا ہو لیکن پھر واپس اس حالت میں جانا ہو جہاں سے Undo کیا تھا یعنی Redo کے لئے اس بٹن کو استعمال کیا جاتا ہے۔
ویژول ایڈیٹر کے متعلق کسی مدد کی ضرورت ہو تو اس بٹن پر کلک کریں۔

 
ایچ ٹی ایم ایل ایڈیٹر (HTML Editor) کا استعمال
ایچ ٹی ایم ایل ایڈیٹر میں پوسٹ لکھنے کے لئے ایڈیٹر کے اوپر موجود HTML کے لنک پر کلک کریں۔ اس طرح ایچ ٹی ایم ایل ایڈیٹر چل جائے گا۔ جس طرح ویژول ایڈیٹر کے کچھ ضروری بٹن ہوتے ہیں ایسے ہی ایچ ٹی ایم ایل ایڈیٹر کے بھی کچھ بٹن ہوتے ہیں۔ جیسا کہ نیچے والی تحریر میں نیلے رنگ سے واضح کیے گئے ہیں۔

ایچ ٹی ایم ایل ایڈیٹر یا تو ان لوگوں کے لئے ہے جنہوں نے پوسٹ لکھتے ہوئے تحریر کی کوئی فارمیٹنگ نہ کرنی ہو یا پھر ان لوگوں کے لئے جنہیں ایچ ٹی ایم ایل کی زبان کی سمجھ بوجھ ہو اور وہ خود سے ایچ ٹی ایم ایل کے ٹیگ وغیرہ کا استعمال کر کے فارمیٹنگ کر لیں۔ یوں تو ایچ ٹی ایم ایل ایڈیٹر میں بھی چند ایک بٹن الفاظ بولڈ ، اٹیلک کرنے اورلنک وغیرہ لگانے کے ہوتے ہیں۔ اگر آپ کو ایچ ٹی ایم ایل زبان کی سمجھ ہے تو پھر آپ بہت ہی آسانی سے ان بٹنوں کو بھی سمجھ جائیں گے۔ اگر ایچ ٹی ایم ایل زبان کی سمجھ نہیں اور آپ تحریر میں فارمیٹنگ وغیرہ بھی کرنا چاہتے ہیں تو پھر ویژول ایڈیٹر کا استعمال ہی بہتر ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست 6 تبصرے برائے تحریر ”ورڈپریس بلاگ پوسٹ – ٹیکسٹ ایڈیٹر کا استعمال

  1. السلام علیکم بلال بھائی میں جب ویژول ایڈیٹر میں چھپے ہو ئے بٹن شو کرنے کے لئے شو/ہائیڈ بٹن پر کلک کرتا ہوں تو باقی چھپے ہوئے بٹن جواوپر تصویر میں نظر آرہے ہیں وہ شو نہیں ہوتے اس کی کیا وجہ ہو سکتی ہے ؟

    1. وعلیکم السلام
      ایسا ہونا تو نہیں چاہئے اس کی ایک وجہ براؤزر کا جاوا سکرپٹ ٹھیک طرح سے لوڈ نہ کر پانا بھی ہو سکتی ہے۔ کیونکہ یہ ایڈیٹر جاوا سکرپٹ میں ہی بنا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ ورڈ پریس کی اس ایڈیٹر والی جاوا سکرپٹ فائل میں بھی مسئلہ ہو سکتا ہے۔
      اس کا سب سے آسان حل یہ ہی ہے کہ بائیں سائیڈ بار میں موجود Updates کے لنک پر جا کر وہاں سے Re-install now کے ذریعے ورڈپریس انسٹال کر لیں۔ جس سے صرف یہ ہو گا کہ ورڈپریس دوبارہ سے خود بخود ساری فائلز ریفریش کر دے گا ویسے یہ سب کرنے سے پہلے درج ذیل لنک کے مطابق بیک اپ ضرور بنائیں تاکہ اگر کہیں کوئی مسئلہ ہو جائے تو بیک اپ موجود ہو۔
      http://www.mbilalm.com/blog/wordpress-export-import/

  2. سلام سر! کیا میں آپ کے سائٹ کا مواد مثلآ مضامین، کہانیاں وغیرہ اپنے سائٹ پر پوسٹ کر سکتا ہوں؟ آپکو کو اعتراض ہوگا کہ نہیں۔

تبصرہ تحریر کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *